شہد کی مکھی: ننھی معمار کا کمال
قدرت کی دنیا عجائبات سے بھری پڑی ہے۔ کہیں بلند پہاڑ ہیں تو کہیں وسیع سمندر، لیکن بعض اوقات ایک ننھی سی مخلوق بھی اپنی حیرت انگیز صلاحیتوں سے انسان کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیتی ہے۔
شہد کی مکھی بھی ایسی ہی ایک محنتی اور باکمال مخلوق ہے، جو نہ صرف لذیذ شہد تیار کرتی ہے بلکہ اپنی تعمیراتی مہارت سے بھی قدرت کا شاہکار پیش کرتی ہے۔
شہد کی مکھیوں کا گھر ’’چھتہ‘‘ کہلاتا ہے۔ اس چھتے میں ہزاروں چھوٹے چھوٹے خانے ہوتے ہیں، جنہیں موم سے بنایا جاتا ہے۔ ان خانوں کی خاص بات یہ ہے کہ یہ چھ کونوں والی شکل رکھتے ہیں۔ سائنس دانوں کے مطابق یہ ساخت انتہائی ذہین اور مؤثر ہے، کیونکہ اس میں کم سے کم موم استعمال کرکے زیادہ سے زیادہ جگہ حاصل کی جاسکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شہد کی مکھی کو قدرت کی ننھی معمار بھی کہا جاتا ہے۔
شہد کی مکھیاں پھولوں سے رس جمع کرتی ہیں اور اسے اپنے چھتے میں لاکر شہد تیار کرتی ہیں۔ اس کام کیلئے انہیں مسلسل سفر کرنا پڑتا ہے۔ چھتے میں ہر مکھی کی اپنی ذمہ داری ہوتی ہے۔ کوئی پھولوں سے رس لاتی ہے، کوئی چھتے کی صفائی کرتی ہے اور کوئی ملکہ مکھی اور ننھے بچوں کی دیکھ بھال میں مصروف رہتی ہے۔
شہد کی مکھیوں کی زندگی ہمیں محنت، نظم و ضبط، تعاون اور ذمہ داری کا سبق دیتی ہے۔ وہ مل جل کر کام کرتی ہیں اور اپنی چھوٹی سی دنیا کو خوبصورت انداز میں چلاتی ہیں۔
بچو! اگلی مرتبہ کسی پھول پر بیٹھی شہد کی مکھی دیکھیں تو اسے محض ایک ننھا کیڑا نہ سمجھیں، بلکہ اس کی محنت اور قدرت کی عطا کردہ صلاحیتوں پر غور کریں۔ یاد رکھیں، کامیابی کا راز محنت، اتحاد اور ذمہ داری میں پوشیدہ ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments