اونچی اڑان

تحریر : دانیال حسن چغتائی


پیر جیون میں ایک غبارے والا رہتا تھا۔ اس کے پاس لال، پیلے، نیلے، ہرے اور ہر رنگ کے خوبصورت غبارے ہوتے تھے۔ وہ ہر روز صبح صبح اپنا سائیکل نکالتا، رنگ برنگے غبارے ہوا میں لہراتا اور چوک میں آ کر بیٹھ جاتا۔

اس غبارے والے کی ایک خاص عادت تھی۔ جب بھی اس کا کام ٹھنڈا ہو جاتا، تو وہ بہت ہی انوکھا کام کرتا۔ وہ ہیلیم گیس سے بھرا ہوا چمکدار غبارہ پکڑتا اور اسے آسمان کی طرف چھوڑ دیتا۔

وہ غبارہ آہستہ آہستہ اوپر آسمان کی بلندیوں کی طرف اڑتا چلا جاتا۔ بچے جب اس اڑتے ہوئے رنگ برنگے غبارے کو دیکھتے تو ان کی آنکھیں حیرت اور خوشی سے چمک اٹھتیں۔ وہ دوڑے دوڑے غبارے والے کے پاس آتے اور شور مچاتے ہوئے کہتے: ہمیں بھی غبارہ چاہیے! ہمیں بھی غبارہ چاہیے!

یوں غبارے والے کا کام ایک بار پھر چمک اٹھتا اور اس کے سارے غبارے جلدی سے فروخت ہو جاتے۔ 

ایک دن، دوپہر کے وقت ایک بچہ محسن اس کے پاس آیا۔ غبارے والے نے مسکرا کر اسے دیکھا۔ محسن کے چہرے پر الجھن تھی۔ اس نے آسمان کی طرف دیکھا جہاں کچھ دیر پہلے غبارہ اڑا تھا، پھر غبارے والے سے پوچھا:انکل! آپ روز ایک غبارہ اڑا دیتے ہیں اور سب بچے دوڑے چلے آتے ہیں۔میرا ایک سوا ل ہے، اگر آپ کسی دن کالے رنگ کے غبارے کو ہوا میں اڑائیں گے، تو کیا وہ بھی اتنی ہی اونچائی پر اڑے گا جتنا یہ لال یا پیلا غبارہ اڑتا ہے؟ کیا کالے رنگ کا غبارہ آسمان تک نہیں پہنچ پائے گا؟

غبارے والے نے پیار سے محسن کے سر پر ہاتھ رکھا اور مسکرا کر کہا: میرے بیٹے! غبارے کی اونچی پرواز اس کے رنگ پر بالکل بھی بھروسا نہیں کرتی۔ غبارہ اس لیے نہیں اڑتا کہ وہ لال ہے، پیلا ہے یا ہرا ہے۔ غبارہ اس لیے اڑتا ہے کہ اس کے اندر کونسی گیس بھری ہوئی ہے۔ اندر موجود گیس ہی اسے زمین سے اٹھا کر آسمان کی بلندیوں تک لے جاتی ہے۔

محسن نے حیرت سے پوچھا: انکل! اس کا کیا مطلب ہوا؟ 

غبارے والے نے پیار سے سمجھاتے ہوئے کہا:بیٹا! یہی خوبصورت اصول ہماری اپنی زندگیوں پر بھی بالکل صادق آتا ہے۔ انسان باہر سے کیسا دکھتا ہے، اس کا رنگ کیسا ہے، اس کے پاس کتنے کھلونے یا کپڑے ہیں، یہ چیزیں اصل میں اتنی اہم نہیں ہوتیں۔ اہم وہ چیز ہے جو ہمارے اندر موجود ہوتی ہے یعنی ہمارا ذہنی رجحان اور ہماری سوچ۔

غبارے والے نے مزید کہا: اگر ہمارے اندر اچھی سوچ، حوصلہ، محنت اور مثبت رجحان موجود ہے، تو ہم زندگی کی ہر مشکل کو پیچھے چھوڑ کر اتنی ہی بلندی پر پہنچ سکتے ہیں جتنا اونچا یہ ہیلیم والا غبارہ اڑتا ہے۔ ہماری طاقت بھی ہمارے اندر چھپی ہوئی امید اور مثبت سوچ ہے۔

محسن نے غبارے والے کی بات غور سے سنی۔ اسے سمجھ آ گئی کہ زندگی میں آگے بڑھنے کیلئے باہر کے رنگ روپ سے زیادہ اندر کا حوصلہ اور نیت اہم ہوتی ہے۔

 

اس کے بعد جب بھی اسے کوئی مشکل پیش آتی، اسے غبارے والے کی وہ بات یاد آ جاتی کہ جو کچھ اندر ہے، وہی اہم ہے! اور وہ مسکرا کر دوبارہ سے دل چسپی اور جوش کے ساتھ اپنے کام میں لگ جاتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...

شہد کی مکھی: ننھی معمار کا کمال

قدرت کی دنیا عجائبات سے بھری پڑی ہے۔ کہیں بلند پہاڑ ہیں تو کہیں وسیع سمندر، لیکن بعض اوقات ایک ننھی سی مخلوق بھی اپنی حیرت انگیز صلاحیتوں سے انسان کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیتی ہے۔

دوستی

ارے علی! دیکھو پانی کیسے اُچھل رہا ہے!حسن نے خوشی سے چلاتے ہوئے کہا۔ علی نے ہنستے ہوئے جواب دیا، ہاں یار! جیسے کوئی فوارہ ہو۔ میں تو کہتا ہوں آج اسکول جانے سے پہلے تھوڑی مستی ہوجائے!

کیا آپ جانتے ہیں؟

انسانی جسم کا سب سے مضبوط حصہ؟

علم اک لازوال دولت ہے

علم اک لازوال دولت ہے،علم اک بے مثال نعمت ہے

فضاء کی بلندی کتنی ہے؟

ہماری زمین ہوا میں گھری ہوئی ہے۔ ہم اس ہوا میں سانس لیتے ہیں۔ ہوا اور آبی بخارات کے آمیزے کو ہم فضا کہتے ہیں۔ سطح زمین کے قریب فضاء بھاری اور کثیف ہوتی ہے۔

ذرا مسکرائیے

باپ(حیرانی سے): عرفان تم مرغا کیوں بنے ہوئے ہو۔بیٹا:ابا جان! آپ ہی نے تو کہا تھا جو کام سکول میں کرایا جاتا ہے، اسے گھر پر دہرایا کرو۔٭٭٭