پی سی بی کے نئے سینٹرل کنٹریکٹس

تحریر : محمد ارشد لئیق


بڑے نام باہر، نوجوانوں کو ترجیح: قومی کرکٹ میں فارمیٹ کی بنیاد پر نئی پالیسی کا اعلان: کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی تعداد 30 سے بڑھا کر 38 کر دی گئی،21 نئے کھلاڑی فہرست میں شامل

پاکستان کرکٹ ایک نئے مقام پر کھڑی ہے، جہاں تجربے اور شہرت کے بجائے کارکردگی، مستقبل کی ضروریات اور فارمیٹ سے مطابقت کو اہمیت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کے کئی نامور اور تجربہ کار کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹس سے باہر رکھنا بظاہر ایک سخت فیصلہ دکھائی دیتا ہے، لیکن اس کے ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کیلئے قومی کرکٹ کے دروازے کھولنے کی کوشش بھی نمایاں ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹس کے روایتی نظام میں تبدیلی کرتے ہوئے فارمیٹ کی بنیاد پر نئی پالیسی متعارف کرا ئی ہے، جس کے تحت ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ کیلئے کھلاڑیوں کی الگ الگ درجہ بندی کی گئی ہے، جبکہ ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی سرپرستی کیلئے ڈیولپمنٹ کیٹیگری بھی متعارف کرائی گئی ہے۔ اس فیصلے سے نہ صرف کئی بڑے نام فہرست سے باہر ہوئے ہیں بلکہ نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور قومی ٹیم میں جگہ بنانے کا نیا موقع بھی ملا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2026-27ء کیلئے قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے انتخاب، معاوضوں، ڈومیسٹک کرکٹ اور غیر ملکی لیگز میں کھیلنے کے حوالے سے نئے نظام کی بنیاد رکھ دی ہے۔ نئے کنٹریکٹ سسٹم کے تحت کھلاڑیوں کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اس بار کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی تعداد 30 سے بڑھا کر 38 کر دی گئی ہے، تاہم کئی سینئر اور تجربہ کار کھلاڑی اس فہرست میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔ 

پی سی بی کی جانب سے متعارف کرائے گئے نئے نظام میں پانچ کیٹیگریز رکھی گئی ہیں جن میں ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کھیلنے والوں کیلئے اے بی، ٹیسٹ اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کیلئے اے، ون ڈے اور ٹی 20 فارمیٹ کے کھلاڑیوں کیلئے بی سی، ٹی 20 اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کیلئے سی اور نوجوان کرکٹرز کیلئے ڈی یعنی ڈیویلپمنٹ کیٹیگری شامل ہے۔ اس تبدیلی کا بنیادی مقصد کھلاڑیوں کو ان کے مخصوص فارمیٹ کے مطابق تیار کرنا اور مستقبل کی قومی ٹیم کیلئے نئے ٹیلنٹ کو آگے لانا ہے۔

نئے کنٹریکٹس میں بابر اعظم اور سلمان علی آغا کو ٹیسٹ اور ون ڈے کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ٹیسٹ سپیشلسٹ کھلاڑیوں میں اذان اویس، محمد عباس، ساجد خان اور سعود شکیل شامل ہیں۔ ون ڈے اور ٹی 20 کی مشترکہ کیٹیگری میں ابرار احمد، حارث رؤف، عرفات منہاس، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی اور فخر زمان کو جگہ دی گئی ہے۔ ٹی 20 سپیشلسٹ کیٹیگری میں حسن نواز، صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، شاداب خان، محمد سلمان مرزا، عثمان طارق اور نسیم شاہ شامل ہیں۔ڈیویلپمنٹ کیٹیگری میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔ اس کیٹیگری میں علی رضا، عبدالصمد، عمران رندھاوا، محمد طحہٰ، سعد مسعود، شاہزیب خان، عبید شاہ، عبداللہ فضل اور طیب عارف شامل ہیں۔

مجموعی طور پر 21 نئے کھلاڑیوں کو کنٹریکٹس دیے گئے ہیں جو پی سی بی کی جانب سے نئے ٹیلنٹ پر سرمایہ کاری اور قومی ٹیم میں تبدیلی کے عمل کا واضح اشارہ ہے۔نئے کنٹریکٹس کی سب سے نمایاں بات یہ ہے کہ محمد رضوان، شان مسعود اور صائم ایوب جیسے اہم کھلاڑی فہرست سے باہر ہیں۔ ان کے علاوہ حسن علی، عبداللہ شفیق، محمد حارث، محمد نواز، نعمان علی، حسین طلعت، خرم شہزاد، عباس آفریدی،عامر جمال اور محمد وسیم جونیئر بھی کنٹریکٹ حاصل نہیں کر سکے۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاویدکے مطابق تمام کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی پی ایس ایل میں شرکت کر سکتے ہیں تاہم دیگر غیر ملکی لیگز میں کھیلنے کی اجازت ان کی کیٹیگری سے مشروط ہو گی۔ ٹیسٹ فارمیٹ کے کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کے علاوہ دیگر ٹی 20 لیگز میں شرکت کی اجازت نہیں ، ٹیسٹ سپیشلسٹ کھلاڑی کاؤنٹی چیمپئن شپ کھیل سکیں گے۔ ون ڈے کیٹیگری کے کھلاڑی پی ایس ایل کے ساتھ ایک غیر ملکی لیگ میں شرکت کر سکیں گے۔ون ڈے اور ٹی 20 فارمیٹس کے کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کے علاوہ دو لیگز کھیلنے کی اجازت ہوگی۔ ٹی 20 سپیشلسٹ کھلاڑی پی ایس ایل کے علاوہ تین غیر ملکی لیگز میں شرکت کر سکیں گے۔ ڈیویلپمنٹ کیٹیگری کے کھلاڑیوں کیلئے لیگز میں شرکت کا فیصلہ پی سی بی کرے گا۔ 

معاوضوں کے حوالے سے بھی نئے نظام میں نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ٹیسٹ کیٹیگری اے کے پہلے درجے کے کھلاڑیوں کو ماہانہ 40 لاکھ روپے اور دوسرے درجے کے کھلاڑیوں کو 36 لاکھ روپے ملیں گے۔ اے بی کیٹیگری میں یہ رقم بالترتیب 48 لاکھ اور 38 لاکھ روپے ہوگی۔ بی سی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کیلئے ماہانہ معاوضہ 34 لاکھ اور 26 لاکھ روپے جبکہ ٹی 20سپیشلسٹ کیٹیگری میں 26 لاکھ اور 20 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ڈیویلپمنٹ کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو ماہانہ 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...

شاباش پاکستان:تیسرافارمیٹ، تیسری ٹرافی

انٹرنیشنل کرکٹ کا ہوم سیزن:پاکستان نے ٹی 20سیریز اور ون ڈے ٹرائی نیشن سیریزکے بعدٹیسٹ سیریز بھی اپنے نام کی

اونچی اڑان

پیر جیون میں ایک غبارے والا رہتا تھا۔ اس کے پاس لال، پیلے، نیلے، ہرے اور ہر رنگ کے خوبصورت غبارے ہوتے تھے۔ وہ ہر روز صبح صبح اپنا سائیکل نکالتا، رنگ برنگے غبارے ہوا میں لہراتا اور چوک میں آ کر بیٹھ جاتا۔

شہد کی مکھی: ننھی معمار کا کمال

قدرت کی دنیا عجائبات سے بھری پڑی ہے۔ کہیں بلند پہاڑ ہیں تو کہیں وسیع سمندر، لیکن بعض اوقات ایک ننھی سی مخلوق بھی اپنی حیرت انگیز صلاحیتوں سے انسان کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیتی ہے۔

دوستی

ارے علی! دیکھو پانی کیسے اُچھل رہا ہے!حسن نے خوشی سے چلاتے ہوئے کہا۔ علی نے ہنستے ہوئے جواب دیا، ہاں یار! جیسے کوئی فوارہ ہو۔ میں تو کہتا ہوں آج اسکول جانے سے پہلے تھوڑی مستی ہوجائے!

کیا آپ جانتے ہیں؟

انسانی جسم کا سب سے مضبوط حصہ؟

علم اک لازوال دولت ہے

علم اک لازوال دولت ہے،علم اک بے مثال نعمت ہے