مولانا ظفر علی خاں…شاعر ِملت

تحریر : پروفیسر سید وقار عظیم


ان کی حمدیں اور نعتیں ایسے جذبے میں ڈوب کر کہی گئی ہیں کہ وہ اب بھی خواص و عوام کی زبانوں پر ہیں:مولاناظفر علی خاں کے کلام پر جستہ جستہ نظر ڈال کر دیکھیے کہ ان کی شاعری نے انہیں صحیح معنوں میں شاعر ِملت ہونے کا حق دار بنایا ہے:حمد و نعت میں ان کے اپنے دل کے نقوش کے ساتھ ملت کے ماضی، حال اور کبھی کبھی اس کے مستقبل کے نقش ابھرتے اور جگمگاتے ہوئے نظر آتے ہیں

مولانا ظفر علی خان ۔۔۔ مختصر سوانح

18 جنوری1873 ء: کوٹ مہر تھ ضلع سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔1885ء: مشن سکول وزیر آباد سے مڈل کا امتحان پاس کیا۔ 1892 ء: مہندرا کالج پٹیالہ سے انٹرنس کا امتحان پاس کیا۔انٹر میڈیٹ کے بعد والد گرامی مولوی سراج الدین احمد کے پاس محکمہ ڈاک سری نگر میں ملازمت کی۔1893ء: ترک ملازمت اور علی گڑھ میں داخلہ لیا۔1895ء: علی گڑھ سے بی اے کا امتحان پاس کیا۔ریاست حیدرآباد سے منسلک ہوئے جہاںکچھ عرصہ فوجی ملازمت کی، مترجم ہوم آفس، رجسٹرار لیجسلیٹو کونسل، اسسٹنٹ ہوم سیکرٹری، اتالیق ولی عہد سلطنت میر عثمان علی خان رہے۔ 9اکتوبر 1909ء: حیدر آباد سے ریاست بدرکیا گیا۔

6 دسمبر1909ء :والد گرامی مولوی سراج الدین احمد کا انتقال ہوا۔یکم جنوری 1910ء: والد کے جاری کردہ زمیندار کی ادارت سنبھالی۔یکم مئی کو زمیندار کی لاہور منتقلی۔نومبر 1911ء سے زمیندار کو روزنامہ کر دیا گیا۔اکتوبر1914 ء: ڈیفنس آف انڈیا رولز کے تحت غیر معینہ مدت کے لیے کرم آباد میں نظر بند کر دیا گیا۔15نومبر1923 ء: چار سالہ قید با مشقت کے بعد رہائی ہوئی۔1925ء میں منٹگمری جیل میں لکھے گئے علمی وادبی مضامین کا مجموعہ لطائف الادب شائع ہوا۔ منٹگمری جیل کی زندانی شاعری کا مجموعہ ’’حبسیات‘‘ کے نام سے شائع ہوا۔ منٹگمری جیل میں لکھی ہوئی سورہ روم کی تفسیر’’ غلبہ روم‘‘ کے نام سے شائع ہوئی۔ 1927ء: حجاز سے متعلق ظفر علی خان کمیشن کی رپورٹ شائع ہوئی۔ سائمن کمیشن کا بائیکاٹ کیا۔23مارچ1940 ء: مسلم لیگ کے اجلاس لاہور میں شرکت کی، قراردادِ پاکستان کارواں اردو ترجمہ پیش کیا۔27نومبر 1956ء : لاہور میں وفات پائی۔ آبائی قصبے کرم آباد میں سپرد خاک کیا گیا۔

حالی کا مسدس مدوجزرِ اسلام اردو شاعری کے اس رُخ کا جسے ہم وطنی شاعری کے مقابلے میں ملی شاعری کہتے ہیں، پہلا آئینہ ہے اور اس آئینے میں مسلمانوں کی گزشتہ اور موجودہ زندگی کا ایسا صحیح اور ایک لحاظ سے ایسار وح پرور اور ولولہ انگیز اور دوسری حیثیت سے ایسا درد انگیز اور عبرتناک عکس نظر آتا ہے کہ ہندی مسلمان نے اسے اپنے ملی ادب کا صحیفہ بنا کر سینے سے لگایا اور سر آنکھوں پر جگہ دی ہے۔ حالی کے مسدس کی ایک حیثیت تو اس کا وہ تقدس ہے جو اس کے بے لوث خلوص کی بنا پر اسے ملا ہے لیکن اس کی دوسری حیثیت اس کی وہ مقناطیسی کشش ہے جس نے حالی کے ہم عصروں اور ان کے بعد آنے والے شاعروں کو اپنی طرف کھینچا اور انہوں نے بھی مسلمانوں کے خوابوں اور اس کی آرزوؤں کو اپنی شاعری کا محور و مرکز بنایا اور یوں ملی شاعری کے پُرخار و پر خطر سفر میں حالی کی مثال نے ایک سنگِ میل اور اس کے سیلِ حوادث میں ایک روشنی کے مینار کا کام دیا۔ اس واضح سنگِ میل اور اس روشن مینار نے شبلی، حسرت، ظفر علی خاں اور اقبال جیسے شاعروں کو شعر و سخن کی ایک نئی راہ دکھائی اور اس راہ پر چل کر ان شاعرانِ ملت نے جو کچھ کہا وہ مسلمان کی زندگی کے ہر دور کا آئینہ ہے۔ یہاں اس کا ماضی، حال اور مستقبل سب اپنے اصلی روپ میں دکھائی دیتا ہے۔ یہاں اس کے ماضی کا شکوہ، حال کی مایوسی اور اس کے مستقبل کی آرزو ایک ہی زنجیر کی کڑیاں بن جاتی ہیں۔لیکن ان چاروں شاعروں کی ملی شاعری کا انداز اور اسلوب ایک دوسرے سے الگ اور دائرہ فکر و خیال ایک دوسرے سے مختلف ہے۔ حسرت کی ملی شاعری کی لیَ میں وہی جذبے کی لیَ شامل ہے۔ شبلی کی ملی شاعری انگریز کی ظالم سیاست اور مسلمان کی مظلوم محکومی کا بڑا تیز ردِعمل ہونے کے علاوہ ترکوں کی مظلومی کی مختصر داستان ہے۔ اقبال کی ملی شاعری ایک بحرِ ناپیدا کنار ہے جو پوری حیاتِ انسانی پر محیط ہے۔اس شاعری کی بنیاد قرآنِ حکیم کی تعلیم اور رسولِ کریمﷺ کے ارشادات و معمولات پر ہے جن سے ہر زمانے کا انسان اپنے لیے زندگی کا صحیح اور متوازن ضابطہ مرتب کر سکتا ہے۔

اقبال نے اسلام کے ماضی کی روشنی میں عہدِ حاضر کے مسلمان کو عمل کی وہ راہ دکھائی ہے جو اسے شرف و بزرگی کی اعلیٰ ترین منزل تک پہنچاتی ہے۔ اقبال نے مسلمان کو ایک بار پھر مسلمان اور نیابتِ الٰہی کا حق دار بننے کا فلسفہ سکھایا ہے اور یوں اُن کی ملی شاعری ملت کی آرزوؤں اور امنگوں کا آئینہ ہونے کے ساتھ ساتھ زندگی کا مربوط فلسفہ ہے جس کا راز داں بننے کے لیے انسان کو حکمت کے سمندروں کی غواصی کرنی پڑتی ہے۔ مولانا ظفر علی خاں کی ملی شاعری ان تینوں ملی شاعروں کی شاعری سے اس طرح بھی مختلف ہے کہ موضوعات کے معاملے میں اس کا دائرہ بہت وسیع ہے اور اس لحاظ سے بھی کہ اس کے مخاطب بیک وقت خواص بھی ہیں اور عوام بھی۔جہاں تک موضوعات کی وسعت، پھیلاؤ اور تنوع کا تعلق ہے، مولانا کی شاعری میں حمد و نعت کے ان مضامین سے لے کر جن سے اُردو کے کسی شاعر کا دیوان خالی نہیں اور جن کی بنیاد عموماً روایت کی پابندی اور کبھی کبھی سچے عقیدت مندانہ احساس پر ہوتی ہے، مسلمان کی تاریخ، اس کی سیاست، اس کے کردار، اس کی موجودہ زبوں حالی اور آئندہ کی ترقی و عظمت تک نہ جانے کتنے مضامین شامل ہیں اور ان میں سے ہر مضمون نے جب شاعری میں جگہ پائی ہے تو وہ خلوص کا رنگ اور ولولے کا جوش بن کر سامنے آیا ہے۔ احساس کی شدت نے ہر جگہ اس شاعری میں ایسی آواز اور ایسی لے پیدا کی ہے کہ وہ دلوں پر دستک بھی دیتی ہے اور وہاں اپنا مسکن بھی بناتی ہے۔جیسا کہ میں نے ابھی ذکر کیا حمد و نعت مولانا کی شاعری کے خاص موضوعات ہیں اور ان کی بعض حمدیں اور نعتیں ایسے جذبے میں ڈوب کر کہی گئی ہیں کہ وہ اب بھی خواص و عوام سب کی زبانوں پر ہیں مثلاً ان کی یہ دو نظمیں جن کے مطلعے ہیں:

خدایا تیرے گھر کی خاک اڑائی جا رہی کیوںہے

قیامت وقت سے پہلے ہی آئی جا رہی کیوں ہے

یا

وہ شمع اجالا جس نے کیا چالیس برس تک غاروں میں

اک روز چمکنے والی تھی سب دنیا کے درباروں میں

لیکن ظفر علی خاں کی حمد و نعت کی امتیازی خصوصیت یہ ہے اور یہی خصوصیت اسے حقیقی معنوں میں ملی بناتی ہے کہ ان کے یہاں یہ حمد و نعت جہاں ایک طرف شخصی جذبے کے اظہار کا وسیلہ ہے دوسری طرف اس سے بھی زیادہ اس کا رشتہ ملت کی ناکامیوں اور کامرانیوں اور بعض اوقات اس کے عزائم اور آرزوؤں سے جوڑا گیا ہے۔ ان کی حمد و نعت، دونوں میں ان کے اپنے دل کے نقوش کے ساتھ ملت کے ماضی، حال اور کبھی کبھی اس کے مستقبل کے نقش ابھرتے اور جگمگاتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ ملت کے حال کی کیفیت دیکھ کر اپنی اس نظم میں جس کا مطلع ابھی سنا چکا ہوں، ملت کا یہ پیغام بارگاہِ خداوندی میں شکوہ سنج ہے اور اس کا شکوہ طرح طرح کے سوالوں کی صورت میں اس کی زبان پر آتا ہے۔کہیں اس شکوے میں ذرا تیزی آ جاتی ہے کہ یہ بھی نیاز مندی کے نالے کی ایک نشانی ہے۔لیکن بندے کا یہ شکوہ کبھی گلشنِ ملت کی شادابی کے لیے یوں دامن پھیلاتا ہے

برس جائے پھر تیری رحمت کا بادل

پھر اسلام کا باغ یا رب ہرا ہو

ہے اس وقت کا منتظر گوشِ ملت

کہ نقارہ اسلام کا بج رہا ہو

ظفر علی خاں کی ملی شاعری کا ایک پہلو یہ ہے کہ وہ ملت کے قاصد و سفیر بن کر خدا اور اس کے محبوب ؐکی بارگاہ میں جائے اور مسلمانوں کا دردِ دل سنا کر کبھی شکوے شکایت کی حکایتِ ناز بیان کرتے ہیں اور کبھی دست بہ دعا ہو کر اس کے مستقبل کے لیے لطف و کرم کے طلب گار ہوتے ہیں اور مستقبل کا سہانا خواب دیکھ کر ان بارگاہوں سے مسرور و شادماں لوٹتے ہیں۔ لیکن ملت کے نقطہ نظر سے یا شاید یہ کہنا زیادہ درست ہو کہ عملی زندگی کے نقطہ نظر سے وہ خود مسلمان سے مخاطب ہو کر یہ بتانے کی کوشش کرتے ہیں کہ اس کی زندگی کی کامیابیوں کا راز کن چیزوں میں پنہاں ہے۔ اس میں کہیں بڑے سیدھے سادے واعظانہ انداز میں نماز اور اطاعت کی تلقین ہے۔ کہیں محبت آمیز لہجے میں خدا سے محبت اور عبودیت کا رشتہ قائم رکھنے کی نصیحت، کہیں دل میں اسلام کی تڑپ پیدا کرنے کا درس ہے کہ شاعرِ ملت کے نزدیک مسلمان کا یہی شعار ہے جو اسے مسلمان اور اس لیے خدا کی نظر میں پسندیدہ بنا کر اسے محبوبی کے مرتبے کو پہنچاتا ہے۔ کچھ شعرا س طرح کے بھی سن لیجئے۔ ان کے مجموعے ’’نگارستان‘‘ میں ان کی نظم ہے ’’پیغام بیداری‘‘ اس میں ظفر علی خاں نے مسلمانوں سے بھی یہ باتیں کہی ہیں:

خد کو نور کے تڑکے پکار لے مسلم

نکل کے گھر سے رہِ کوئے یار لے مسلم

صلہ نماز کا تجھ کو خدا سے لینا ہے

تو بے حساب لے اور بے شمار لے مسلم

درود بھیج رسولؐ خدا پہ رہ رہ کر

خدا کا نام لے اور بار بار لے مسلم

 یہ باتیں کہنے کے پیچھے ایک واضح منطق ہے۔ ظفر علی خاں کا عقیدہ اور ایمان یہ ہے کہ اگرمسلمان خدا کو یاد رکھیں اور اس کی اطاعت و عبادت کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں تو اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کا نزول ان پر ہے اور ان رحمتوں کے فیض و کرم کا رخ  مسلمانوں کے کاشانوں پر ہو کہ خدا اپنے اطاعت گزار بندوں کو ہرگز فراموش نہیں کرتا:

خدا ہرگز نہیں کرتا فراموش اپنے بندوں کو

اگر بندے ادا کرتے رہیں فرض اس کی طاعت کا

اس حقیقت کو تاریخ اسلام کے اہم واقع کے پس منظر میں یوں بیان کیا ہے:

 اگر پہلو میں دل ہو اور تڑپ اسلام کی دل میں

برس سکتا ہے ابرِ رحمتِ پروردگار اب بھی

اپنی نظم ’’ سفیر فطرت‘‘ میں جہاں انہوں نے اپنے اس عقیدے کا اظہار کیا ہے کہ بندے خدا کی اطاعت کا فرض ادا کرتے رہیں تو وہ بھی اپنے بندوں کو فراموش نہیں کرتا۔ اس کے ساتھ ساتھ بعض ایسے تصورات بھی پیش کیے ہیں جنہیں ان کی ملی شاعری کے اساسی نکتے کہا جا سکتا ہے۔ نظم کے آخری چار شعر سنیے:

 خدائی کرنے والے مٹ گئے اور مٹتے جاتے ہیں

 وہی رہ جائیں گے کچھ پاس ہے جن کو امانت کا

 بڑھا ہے چاند گھٹ گھٹ کر بڑھی ہے موج ہٹ ہٹ کر

 اس انداز سے ہوگا عروج اک دن خلافت کا

 انہیں آتش بجانوں کا حیاتِ دھر پر حق ہے

 کہ رکھتے ہوں سر شوریدہ میں سودا شہادت کا

…

 مسلماں جی نہیں سکتا مر لیتا نہیں جب تک

 یہ دریا چڑھ نہیں سکتا، اتر لیتا نہیں جب تک

 ان اشعار میں دو تین باتیں ہیں۔ ایک، مسلمان کی موجودہ زندگی کے ادبار وزوال کی طرف اشارہ ، دوسرے مستقبل میں اس کے عروج و اقبال کا یقین اور اس کی پیشین گوئی، اور تیسرے مسلمان کی سیرت، فطرت اور کردار کے ایسے رخ کا ذکر جو ہر حال میں اس کے ساتھ ہے۔ منجملہ ان باتوں کے جن کا میں ذکر ظفر علی خان کی ملی شاعری کے سلسلے میں اب تک کرتا رہا ہوں یہ تین پہلو بھی ایسے ہیں جو ان کے اشعار میں بار بار ظاہر ہونے اوران کی شاعری پر ملی شاعری ہونے کی مہر ثبت کرتے ہیں۔ ظفر علی کے کلام پر جستہ جستہ نظر ڈال کر دیکھیے کہ ان کی شاعری کے ان تین پہلوؤں نے کس طرح انہیں صحیح معنوں میں شاعر ِملت ہونے کا حق دار بنایا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...

علی گڑھ تحریک کی ادبی معنویت

اردو ادب میں بہت سی تحریکیں وجود میں آئیں لیکن علی گڑھ تحریک ان تمام تحریکوں میں اپنی انفرادی شان رکھتی ہے۔

شاباش پاکستان:تیسرافارمیٹ، تیسری ٹرافی

انٹرنیشنل کرکٹ کا ہوم سیزن:پاکستان نے ٹی 20سیریز اور ون ڈے ٹرائی نیشن سیریزکے بعدٹیسٹ سیریز بھی اپنے نام کی

پی سی بی کے نئے سینٹرل کنٹریکٹس

بڑے نام باہر، نوجوانوں کو ترجیح: قومی کرکٹ میں فارمیٹ کی بنیاد پر نئی پالیسی کا اعلان: کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی تعداد 30 سے بڑھا کر 38 کر دی گئی،21 نئے کھلاڑی فہرست میں شامل

اونچی اڑان

پیر جیون میں ایک غبارے والا رہتا تھا۔ اس کے پاس لال، پیلے، نیلے، ہرے اور ہر رنگ کے خوبصورت غبارے ہوتے تھے۔ وہ ہر روز صبح صبح اپنا سائیکل نکالتا، رنگ برنگے غبارے ہوا میں لہراتا اور چوک میں آ کر بیٹھ جاتا۔

شہد کی مکھی: ننھی معمار کا کمال

قدرت کی دنیا عجائبات سے بھری پڑی ہے۔ کہیں بلند پہاڑ ہیں تو کہیں وسیع سمندر، لیکن بعض اوقات ایک ننھی سی مخلوق بھی اپنی حیرت انگیز صلاحیتوں سے انسان کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیتی ہے۔

دوستی

ارے علی! دیکھو پانی کیسے اُچھل رہا ہے!حسن نے خوشی سے چلاتے ہوئے کہا۔ علی نے ہنستے ہوئے جواب دیا، ہاں یار! جیسے کوئی فوارہ ہو۔ میں تو کہتا ہوں آج اسکول جانے سے پہلے تھوڑی مستی ہوجائے!