سموگ کے جلد اور آنکھوں پر اثرات
خواتین کیلئے ضروری احتیاط
سموگ آج کے دور میں ایک سنگین ماحولیاتی مسئلہ بن چکی ہے۔ ہر سال سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی شہروں کی فضا آلودہ دھند کی لپیٹ میں آ جاتی ہے۔ سموگ نہ صرف سانس اور پھیپھڑوں کو متاثر کرتی ہے بلکہ جلد اور آنکھوں کے لیے بھی کئی مسائل پیدا کر سکتی ہے۔ خواتین جنہیں گھریلو ذمہ داریوں، ملازمت، بچوں کے سکول اور دیگر سرگرمیوں کیلئے گھر سے باہر نکلنا پڑتا ہے، انہیں سموگ کے مضر اثرات سے بچنے کے لیے خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔سموگ دراصل دھوئیں، گردوغبار، زہریلی گیسوں اور فضا میں موجود انتہائی باریک ذرات کا مجموعہ ہے۔ ان میں موجود باریک ذرات جلد کے مساموں میں داخل ہو کر جلد کی قدرتی حفاظت کو متاثر کر سکتے ہیں جبکہ آنکھوں کی سطح پر جلن اور سوزش کا باعث بن سکتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ خواتین اپنی جلد اور آنکھوں کی حفاظت کو روزمرہ معمولات کا حصہ بنائیں۔
سموگ کے جلد پر مضر اثرات
انسانی جلد جسم کا سب سے بڑا حفاظتی عضو ہے جو بیرونی ماحول کے اثرات سے جسم کو محفوظ رکھتی ہے۔ تاہم سموگ میں موجود آلودہ ذرات جلد کی قدرتی حفاظتی تہہ کو متاثر کر تے ہیں۔ اس کے نتیجے میں جلد پر خشکی، خارش، سرخی، جلن اور دانوں جیسے مسائل پیدا ہو تے ہیں۔ بعض اوقات جلد پر الرجی، ایکزیما اور پہلے سے موجود جلدی بیماریوں کی شدت میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ فضائی آلودگی سے پیدا ہونے والا آکسیڈیٹو سٹریس جلد کی قبل از وقت عمر رسیدگی، جھریوں اور جلد کی رنگت متاثر ہونے میں کردار ادا کر سکتا ہے۔خواتین کو چاہیے کہ سموگ کے موسم میں جلد کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ گھر واپس آنے کے بعد چہرے اور ہاتھوں کو نرم فیس واش یا کلینزر سے صاف کریں تاکہ جلد پر جمع ہونے والے آلودہ ذرات دور ہو جائیں۔
آنکھوں پر سموگ کے اثرات اور ان سے بچاؤ
آنکھیں انسانی جسم کے انتہائی حساس اعضا میں شمار ہوتی ہیں۔ سموگ میں موجود باریک ذرات اور کیمیائی آلودگی آنکھوں کی بیرونی سطح کو متاثر کر سکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں آنکھوں میں جلن، سرخی، خارش، پانی آنا اور سوزش جیسی علامات ظاہر ہوتی ہیں۔بعض خواتین کو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے آنکھوں میں کوئی باریک ذرہ چلا گیا ہو۔ مسلسل آلودہ ماحول میں رہنے سے آنکھوں کی خشکی اور پہلے سے موجود الرجی کی شکایات بھی بڑھ سکتی ہیں۔آنکھوں کو بار بار ہاتھوں سے رگڑنے سے گریز کریں کیونکہ اس سے جلن اور سوزش بڑھ سکتی ہے۔ اگر آنکھوں میں زیادہ جلن ہو تو صاف پانی سے احتیاط کے ساتھ دھوئیں۔
جلد اور آنکھوں کی حفاظت ، احتیاطی تدابیر
سموگ کے موسم میں خواتین کو اپنی روزمرہ زندگی میں چند اہم تبدیلیاں لانی چاہئیں تاکہ جلد اور آنکھوں کو آلودگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔سب سے پہلے غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نکلنے سے گریز کریں خصوصاً صبح اور شام کے اوقات میں جب بعض دنوں میں فضائی آلودگی کی سطح زیادہ ہو سکتی ہے۔ باہر نکلنا ضروری ہو تو اچھی کوالٹی کا فٹ ہونے والا N95 ماسک استعمال کریں۔جلد کی حفاظت کے لیے موئسچرائزر کا استعمال بھی ضروری ہے تاکہ جلد کی قدرتی نمی برقرار رہے۔ دن کے وقت سن سکرین لگانا بھی مفید ہے کیونکہ یہ الٹرا وائلٹ شعاعوں سے تحفظ فراہم کرتی ہے، اگرچہ یہ سموگ کے ذرات کو نہیں روکتی۔ میک اپ کرنے والی خواتین کو چاہیے کہ گھر واپس آ کر میک اپ اچھی طرح صاف کریں اور جلد کو صاف ستھرا رکھیں۔ بہت زیادہ خوشبو والے کاسمیٹکس اور جلد کو متاثر کرنے والی مصنوعات سے گریز کریں۔اگر آنکھوں میں خشکی یا جلن ہو تو ڈاکٹر کے مشورے سے لبریکینٹنگ آئی ڈراپس استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
گھریلو ماحول، غذا اور طرزِ زندگی میں احتیاط
سموگ سے بچاؤ صرف گھر سے باہر احتیاط کرنے تک محدود نہیں بلکہ گھریلو ماحول کو بھی صاف اور محفوظ رکھنا ضروری ہے۔ خواتین کو چاہیے کہ گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے اس وقت بند رکھیں جب باہر آلودگی کی سطح زیادہ ہو۔ اگر ممکن ہو تو گھر میں ایئر پیوریفائر استعمال کریں اور صفائی کے لیے خشک جھاڑو کے بجائے گیلا کپڑا یا موپ استعمال کریں تاکہ گردوغبار فضا میں نہ پھیلے۔ سموگ کے دنوں میں بچوں اور بزرگوں کی صحت کا بھی خاص خیال رکھیں کیونکہ یہ افراد فضائی آلودگی سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments