انٹرویو کا سامنا اعتماد کے ساتھ کریں

تحریر : صدف زہرا


موجودہ دور میں تعلیم، روزگار اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع زیادہ ہیں اورخواتین زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔

 وہ تدریس، طب، انجینئرنگ، بینکاری، صحافت، کاروبار، سرکاری ملازمتوں اور دیگر شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ تاہم کسی بھی ملازمت کے حصول کے لیے صرف تعلیم اور قابلیت کافی نہیں بلکہ انٹرویو میں اپنی صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں پیش کرنا بھی ضروری ہوتا ہے۔بہت سی باصلاحیت خواتین انٹرویو کے نام سے گھبرا جاتی ہیں۔ بعض کو انگریزی میں بات کرنے میں جھجک محسوس ہوتی ہے، کچھ کو اپنی قابلیت پر اعتماد نہیں ہوتا جبکہ کئی خواتین یہ سوچ کر پریشان رہتی ہیں کہ انٹرویو لینے والے کیا سوالات پوچھیں گے۔ حقیقت یہ ہے کہ انٹرویو کوئی امتحان نہیں بلکہ اپنی شخصیت، علم، تجربے اور صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا ایک موقع ہے۔مناسب تیاری کی جائے تو ہر خاتون اعتماد کے ساتھ انٹرویو کا سامنا کر سکتی ہے۔

 انٹرویو سے پہلے مکمل تیاری کریں

کامیاب انٹرویو کا پہلا اصول اچھی تیاری ہے۔ جس ادارے یا کمپنی میں ملازمت کے لیے درخواست دی گئی ہو اس کے بارے میں بنیادی معلومات ضرور حاصل کریں اوراپنے تعلیمی ریکارڈ، تجربے، مہارتوں اور سی وی کا اچھی طرح جائزہ لیں۔ عموماً انٹرویو میں امیدوار سے اس کی تعلیم، سابقہ ملازمت، تجربے اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں سوالات کیے جاتے ہیں۔مثلاً اگر آپ سے پوچھا جائے کہ آپ اس ملازمت کے لیے موزوں کیوں ہیں تو اپنے علم، مہارت اور متعلقہ تجربے کی روشنی میں مختصر اور مدلل جواب دیں اور اپنی خوبیوں اور کمزوریوں کے بارے میں حقیقت پسندانہ انداز اپنائیں۔

 لباس، انداز اور باڈی لینگویج پر توجہ دیں

انٹرویو کے دوران آپ کی شخصیت کا پہلا تاثر بہت اہم ہوتا ہے۔ اس لیے لباس صاف ستھرا، سادہ، باوقار اور پیشہ ورانہ ماحول کے مطابق ہونا چاہیے۔ خواتین کے لیے مناسب اور آرام دہ لباس کا انتخاب بہتر رہتا ہے جس میں وہ خود کو پراعتماد محسوس کریں۔انٹرویو کے لیے وقت کی پابندی بھی ضروری ہے۔ کوشش کریں کہ مقررہ وقت سے دس سے پندرہ منٹ پہلے پہنچ جائیں تاکہ آپ کو ماحول سے مانوس ہونے اور ذہنی طور پر تیار ہونے کا موقع مل سکے۔انٹرویو کے دوران سیدھے بیٹھیں، چہرے پر ہلکی مسکراہٹ رکھیں اور سوال کرنے والے کی طرف توجہ دیں۔ مناسب انداز میں آئی کنٹیکٹ قائم رکھیں۔ بار بار ہاتھ ہلانا، نظریں جھکائے رکھنا، غیر ضروری حرکت کرنا یا گھبراہٹ ظاہر کرنا منفی تاثر پیدا کر سکتا ہے۔

جوابات اعتماد اور سچائی سے دیں

انٹرویو کے دوران سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہر سوال کا جواب سوچ سمجھ کر اور واضح انداز میں دیا جائے۔ اگر کسی سوال کا جواب معلوم نہ ہو تو غلط معلومات دینے کے بجائے شائستگی سے اپنی لاعلمی کا اظہار کریں۔ یہ رویہ آپ کی دیانت داری اور پیشہ ورانہ سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔ اگر ملازمت کے لیے انگریزی ضروری ہے تو اس کی مشق کریں لیکن اگر آپ اُردو میں بہتر انداز سے اپنی بات سمجھا سکتی ہیں تو مناسب موقع پر اُردو میں بات کرنے سے نہ گھبرائیں۔ اصل اہمیت خیالات کی وضاحت، اعتماد اور متعلقہ معلومات کی ہے۔اگر انٹرویو لینے والا آپ سے آپ کے خاندانی حالات، شادی یا ملازمت کے ساتھ گھریلو ذمہ داریاں نبھانے کے بارے میں سوال کرے تو تحمل اور وقار کے ساتھ جواب دیں۔ اپنی پیشہ ورانہ ترجیحات اور ذمہ داریوں کو متوازن انداز میں بیان کریں۔ایک اور اہم بات یہ ہے کہ اپنی کامیابیوں کو بیان کرتے وقت ضرورت سے زیادہ عاجزی یا مبالغہ آرائی سے گریز کریں۔ اپنی صلاحیتوں پر فخر کرنا غرور نہیں بلکہ خود اعتمادی کی علامت ہے۔

 مثبت سوچ اپنائیں اور خود پر یقین رکھیں

کئی خواتین انٹرویو سے پہلے ہی یہ سوچ کر مایوس ہو جاتی ہیں کہ پتہ نہیں ملازمت ملنی بھی ہے یا نہیں ۔ ایسی منفی سوچ اعتماد کو کمزور کرتی ہے۔اپنے آپ کو یاد دلائیں کہ آپ کو انٹرویو کے لیے بلایا گیا ہے کیونکہ ادارے نے آپ کی درخواست اور قابلیت میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اس لیے خود کو کمتر سمجھنے کے بجائے اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں۔انٹرویو کے اختتام پر اگر موقع ملے تو ادارے اور ملازمت سے متعلق ایک دو مناسب سوالات ضرور کریں۔ مثلاً ملازمت کی ذمہ داریوں، تربیت کے مواقع بارے پوچھا جا سکتا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ اس ملازمت میں حقیقی دلچسپی رکھتی ہیں۔اگر کسی انٹرویو میں کامیابی نہ ملے تو اسے اپنی ناکامی یا قابلیت کی کمی نہ سمجھیں۔ ہر انٹرویو ایک نیا تجربہ اور سیکھنے کا موقع ہوتا ہے۔ اپنی غلطیوں کا جائزہ لیں، کمزور پہلوؤں پر کام کریں اور اگلی مرتبہ مزید بہتر تیاری کے ساتھ شرکت کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...

سموگ کے جلد اور آنکھوں پر اثرات

خواتین کیلئے ضروری احتیاط

آج کا پکوان:چکن جنجر

اجزا: چکن (بغیر ہڈی یا ہڈی والا): آدھا کلو، دہی: آدھا کپ، پیاز: 2 عدد درمیانی (باریک کٹی یا پسی ہوئی)، ٹماٹر: 2 ، 3 عدد (پیس لیں یا باریک کاٹ لیں)، ادرک: ایک سے ڈیڑھ انچ کا ٹکڑا (باریک لمبائی میں کٹی ہوئی، ادرک لہسن پیسٹ: 1 چمچ، ہری مرچیں: 4 عدد (باریک کٹی ہوئی)،

مولانا ظفر علی خاں۔۔۔شاعر ِملت

ان کی حمدیں اور نعتیں ایسے جذبے میں ڈوب کر کہی گئی ہیں کہ وہ اب بھی خواص و عوام کی زبانوں پر ہیں:مولاناظفر علی خاں کے کلام پر جستہ جستہ نظر ڈال کر دیکھیے کہ ان کی شاعری نے انہیں صحیح معنوں میں شاعر ِملت ہونے کا حق دار بنایا ہے:حمد و نعت میں ان کے اپنے دل کے نقوش کے ساتھ ملت کے ماضی، حال اور کبھی کبھی اس کے مستقبل کے نقش ابھرتے اور جگمگاتے ہوئے نظر آتے ہیں

علی گڑھ تحریک کی ادبی معنویت

اردو ادب میں بہت سی تحریکیں وجود میں آئیں لیکن علی گڑھ تحریک ان تمام تحریکوں میں اپنی انفرادی شان رکھتی ہے۔

شاباش پاکستان:تیسرافارمیٹ، تیسری ٹرافی

انٹرنیشنل کرکٹ کا ہوم سیزن:پاکستان نے ٹی 20سیریز اور ون ڈے ٹرائی نیشن سیریزکے بعدٹیسٹ سیریز بھی اپنے نام کی

پی سی بی کے نئے سینٹرل کنٹریکٹس

بڑے نام باہر، نوجوانوں کو ترجیح: قومی کرکٹ میں فارمیٹ کی بنیاد پر نئی پالیسی کا اعلان: کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی تعداد 30 سے بڑھا کر 38 کر دی گئی،21 نئے کھلاڑی فہرست میں شامل