انتظار حسین ( آخری موم بتی،خاکہ)
اسپیشل فیچر
21 دسمبر 1925ء ڈبائی، ضلع بلند شہر (یوپی) میں جنم لینے والا انتظار حسین 1947ء کے اواخر میں سر زمین ہند کو چھوڑ کر پاکستان کے لاہور میں داخل ہوا تھا۔ تقسیم آدمیت کے چھینٹے اس کے لباس پر تھے اور اس نے اپنے ہی جیسے کچھ اور پناہ گیروں سے ایک سوال کیا تھا:’’اے لوگو! سچ بتائو تم وہی نہیں ہو، جو اس بستی کو دارالامان جان کر دُور سے چل کر آئے اور یہاں سپر ہو گئے۔ انہوں نے کہا: اے شخص تو نے خوب پہچانا، ہم انہیں خانہ بربادوں کے قبیلہ سے ہیں، میں نے پوچھا کہ خانہ برباد و تم نے دارالامان کو کیسا پایا، بولے کہ خدا کی قسم، ہم نے اپنوں کے ظلم میں صبح کی‘‘۔ ’’شہر افسوس‘‘اس زوال کی گھڑی میں فردِ واحد کی معنویت کے کیا معنی ہیں؟ انتظار حسین تمام عمر اسی سوال کا جواب تلاش کرتا رہا ہے۔ اس نے پناہ گزینی کے اختیاری، لیکن بے اعتباری دور میں اسی داستانوی عمل کے ہاتھ پر بیعت کی، جس سے اس کے بزرگوں کی روٹی روزی بندھی تھی۔ داستان سرائے، چوپال، دربار اور عوام سے مشترکہ وابستگی کے لیے صحافت کا شعبہ اختیار کیا ۔ ہفت روزہ نظام، روزنامہ امروز، روزنامہ اتفاق، روزنامہ مشرق، روزنامہ فرنٹیئر پوسٹ اور روزنامہ ڈان میں کالم نگاری کی ۔ وہ جو ہمارا ایک جدید شاعر کہتا ہے:کریں گے کیا جو محبت میں ہو گئے ناکامہمیں تو اور کوئی کام بھی نہیں آتاانتظار نے لفظوں کے جس نگار خانے میں آنکھ کھولی، انہی کے طوطا مینا بنانے کو اپنا کاروبار بنایا، ’’گلی کوچے‘‘،’ ’کنکری‘‘، ’’آخری آدمی‘‘، ’’شہر افسوس‘‘، ’’کچھوے‘‘،’’ خیمے سے دور‘‘، ’’خالی پنجرہ‘‘، ’’شہرزاد کے نام‘‘ اس کی جذباتی، سماجی، معاشی اور تاریخی زندگی کی قسط وار کہانیاں ہیں، بقول اس کے ’’پرانی کہانی اور داستانوں میں کیا ہمارے یہاں اور کیا دوسروں کے یہاں سارا قصہ سفر ہی سے چلتا ہے۔ پرانے زمانے میں سفر انسانی زندگی کا بہت بڑا معرکہ تھا۔ اگلے وقتوں کے لوگوں کو نئے زمانے سے شکایت ہی یہ رہی کہ وسائل سفر بدل گئے ہیں، جس سے سفر کی وُقت بھی کم ہوئی اور انسانی تجربے کی رنگا رنگی اور زرخیزی بھی زائل ہوئی۔‘‘آئیے تھوڑی دیر فرض کر لیں کہ انتظار کے افسانوں میں بھی اگلے وقت کا ایک آدمی تجربے کی رنگا رنگی اور زرخیزی کے زائل ہونے کا شاکی ہے۔ اس کے ناول ’’چاند گہن‘‘، ’’بستی‘‘،’’ تذکرہ‘‘، ’’آگے سمندر ہے‘‘، ’’دن اور داستان‘‘ اپنے گم شدہ ہم سفر تلاش کرتے پھرتے ہیں ،وہ سوال کرتا ہے ’’تو میرا کوئی ہم سفر نہیں؟‘‘ جواب نہیں ملتا۔ بس سٹاپ سنسان پڑے ہیں ،دنیا جہان گھوم کر آنے والا انتظار سفر کی خطرناکی کے بنیادی نقطۂ تحیر سے گزر رہا ہے۔ یہی باہر کا آدمی اندر کی تمثیل میں ڈھلتا ہے اور کامیو کے میروسالٹ کی طرح اسے دنیا بے گانگی کا ڈھیر لگنے لگتی ہے۔ اس کے سفرناموں میں ’’زمین اور فلک اور‘‘، نئے ’’ شہر پرانی بستیاں‘‘ شامل ہیں۔ اس کی کتھا کہانی سے ’’چراغوں کا دھواں‘‘ اٹھ رہا ہے اور علامتیں نئے زمانے میں اپنی معنی آفرین سے گریزپاہیں۔ وہ ایک زبردست سیلاب کا منتظر ہے، جو پرانی اور نئی بستیوں کو تہہ آب یک جان کر دے اور یوں اسے پیچھے مڑ مڑ کر دیکھنے سے رہائی ملے، اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا ’’اب میں جس منزل میں ہوں، اب سوچتا ہوں کہ تجربے قو میں ضائع کر دیتی ہیں، یہ کوئی ضروری نہیں کہ ہر دم ہر عہد میں ایک قوم کو اپنی تاریخ یاد رہے۔ اس طرح کے دور بھی آتے ہیں کہ پوری تاریخ گم ہو جاتی ہے، تو یہ ہجرت کا جو تجربہ ہے، ایک مایوسی اسے آپ سمجھ لیں، ایک قنوطیت کہہ لیں، یہ عرض کروں گا کہ یہ تجربہ ضائع ہو چکا اور جو ہم یہ سوچ رہے تھے کہ اس کا تخلیقی سطح پر کچھ بنائیں گے اور اس کی وجہ سے کوئی ایک نیا شعور جنم لے گا اور کوئی نیا طرز احساس بنے گا، وہ توقع جو ہے، اس پر پانی پھر چکا ‘‘( بات چیت / عمر میمن)بھاگے ہوئے آدمی، پناہ گیر اور مہاجر میں بنیادی فرق کیا ہے؟ تاریخ اس کی کئی مثالیں پیش کر سکتی ہے، لیکن یہاں انگریزی کا ایک لفظ آئوٹ سائیڈر شاید تینوں کیفیات کو سمیٹ پائے مملکت پاکستان میں کالعدم تنظیموں کے بھاگے ہوئے مطلوب لوگ ہیں۔ بہاری اور افغان پناہ گیر یا پناہ گزین ہیں، لیکن ہندوستان سے آنے والے لوگوں کے لیے تاریخی، سیاسی اور امدادی سطح پر مہاجرین کا لفظ استعمال کیا گیا، پھر انہیں مہاجرین کی آبادکاری پر لاتعداد رقم استعمال ہوئی۔انتظار کی مصیبت یہ تھی کہ وہ چھوڑے ہوئے ہندوستان کو اسی مقام پر دیکھنا چاہتا تھا، جو 1947ء میں تھا۔ وہ اس بات کو تسلیم نہیں کرتے تھے کہ منقسم املاک کے ساتھ ہی تاریخ بھی تقسیم ہوا کرتی ہے۔ تاریخ ہے بھی کیا؟ واقعات کا ایک سلسلہ جو ہر بار کسی ایک گروہ کے مفادات کی حفاظت پر مامور ہوتا ہے۔(ڈاکٹر شاہین مفتی کی تازہ تصنیف ’’بُک شیلف‘‘ سے مقتبس و ماخوذ)٭…٭…٭