آنکھیں بھید کھول دیتی ہیں!
اسپیشل فیچر
جھوٹ چھپانا اب آسان نہیں،پلکوں کی جنبش سے جھوٹ کا سراغ لگانا ممکن
انسان کی گفتگو، چہرے کے تاثرات اور آنکھوں کی حرکات اکثر اس کے باطن کی کیفیت کا پتا دیتی ہیں۔ بعض اوقات الفاظ کچھ اور کہہ رہے ہوتے ہیں، لیکن جسمانی زبان حقیقت کا دوسرا رخ پیش کر رہی ہوتی ہے۔ جھوٹ بولنا اگرچہ انسانی رویوں کا ایک پیچیدہ پہلو ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ بعض غیر ارادی جسمانی علامات کسی شخص کے سچ چھپانے یا حقیقت سے گریز کرنے کی طرف اشارہ کر سکتی ہیں۔ ایک نئی تحقیق میں آنکھوں کی پتلیوں کا پھیلاؤ، پلکیں کم جھپکنا اور غیر معمولی طور پر مسلسل نگاہیں جمائے رکھنا ایسی ممکنہ علامات کے طور پر سامنے آیا ہے جو جھوٹ بولنے کے دوران ظاہر ہو سکتی ہیں۔ اگرچہ ان اشاروں کو جھوٹ پکڑنے کا حتمی پیمانہ قرار نہیں دیا جا سکتا، تاہم انسانی نفسیات اور جسمانی زبان کا مطالعہ یہ سمجھنے میں مدد دے سکتا ہے کہ بعض اوقات خاموش آنکھیں بھی وہ کچھ بیان کر دیتی ہیں جو زبان چھپانے کی کوشش کر رہی ہوتی ہے۔
بہانے بازی اور گھبراہٹ میں ہاتھ پاؤں ہلانے جیسی روایتی علامات کو بھول جائیے، سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ جھوٹ بولنے والے شخص کی اصل پہچان اس کی آنکھوں میں چھپی ہو سکتی ہے۔محققین نے ایک تحقیق کے دوران شرکاء کو جھوٹ بولنے کی کوشش کرنے کو کہا اور اس دوران انہیں موبائل آئی ٹریکنگ (آنکھوں کی حرکات پر نظر رکھنے والے) چشمے پہنائے گئے۔تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ معلومات چھپانے کی کوشش کرنے والے افراد کی آنکھوں کی پتلیاں معمول سے زیادہ پھیل گئیں، وہ پلکیں کم جھپکاتے رہے اور سچ بولنے کے مقابلے میں زیادہ دیر تک سامنے والے شخص کو گھور کر دیکھتے رہے۔
محققین کے مطابق، جھوٹ بولنے کے عمل میں دماغ کو معمول سے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے، جس کے نتیجے میں آنکھوں کی حرکات اور رویوں میں ایسی نمایاں تبدیلیاں پیدا ہوتی ہیں جو جھوٹ کی نشان دہی کر سکتی ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ بظاہر انتہائی پراعتماد اور مہارت سے جھوٹ بولنے والا شخص بھی اپنی آنکھوں کو ان اشاروں سے روکنے میں مشکل محسوس کر سکتا ہے جو اس کے اصل علم اور چھپائی گئی حقیقت کو ظاہر کر دیتے ہیں۔
تحقیق کاروں نے اپنے مطالعے میں وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ ان نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ آنکھوں کی حرکات کا جائزہ لے کر چھپائی گئی معلومات کا مؤثر انداز میں پتا لگایا جا سکتا ہے، حتیٰ کہ ایسے سماجی ماحول میں بھی جہاں افراد ایک دوسرے کے ساتھ براہِ راست گفتگو کر رہے ہوں۔یہ تحقیق سائنسی جریدے PLOS ONE میں شائع ہوئی ہے۔
یہ نتائج جرمنی کی یونیورسٹی آف اُلم (Ulm University) کے محققین کی تحقیق سے سامنے آئے ہیں، جنہوں نے دھوکا دہی کے ایک تجربے کے دوران رضاکاروں کی آنکھوں کی حرکات کا مشاہدہ کیا۔محققین کا کہنا ہے کہ اس تحقیق کے نتائج حقیقی زندگی کے مختلف حالات میں چھپائی گئی معلومات کا سراغ لگانے کے طریقوں کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ مستقبل میں اس ٹیکنالوجی کو پولیس کی تفتیش، سکیورٹی جانچ پڑتال اور ایسے دیگر معاملات میں استعمال کیا جا سکتا ہے جہاں تفتیش کاروں کیلئے یہ جاننا ضروری ہو کہ کوئی شخص اہم معلومات چھپا تو نہیں رہا۔ تاہم، محققین نے خبردار کیا ہے کہ یہ مطالعہ محدود اور کم دباؤ والے تجربہ گاہی ماحول میں کیا گیا تھا۔ اس لیے آنکھوں کی حرکات کا جائزہ لینے کی تکنیک کو عملی طور پر جھوٹ پکڑنے کے قابلِ اعتماد آلے کے طور پر استعمال کرنے سے پہلے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔