خلائی جہاز کی واپسی، سائنس کا جادوئی مظاہرہ
اسپیشل فیچر
راکٹ کو بازوئوں میں تھام کر اسپیس ایکس نے خلائی تاریخ کا نیا باب رقم کر دیا
خلائی تحقیق کی تاریخ میں بعض کامیابیاں ایسی ہوتی ہیں جو مستقبل کے امکانات کو یکسر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انسان نے جب پہلی مرتبہ خلا میں قدم رکھا تو یہ محض ایک سائنسی تجربہ نہیں بلکہ کائنات کو تسخیر کرنے کی جانب ایک نئے عہد کا آغاز تھا۔ اب اسی سفر میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کیا گیا ہے، جب ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے اپنے جدید خلائی جہاز اسٹار شپ کو زمین کے مدار سے واپس لا کر ٹیکساس میں لانچنگ ٹاور کے مخصوص حصے میں انتہائی مہارت سے اتارنے کے بجائے اس کے میکانی بازوؤں کی مدد سے کامیابی سے تھام لیا۔ یہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ مدار میں جانے والا کوئی خلائی جہاز زمین پر واپسی کے بعد اس انداز میں پکڑا گیا۔ ناسا کے سربراہ جیرڈ آئزک مین نے اس غیر معمولی کامیابی کو تقریباً جادوئی کارنامہ قرار دیا۔ یہ پیش رفت نہ صرف خلائی سفر کو کم خرچ اور قابلِ تکرار بنانے کی امید پیدا کرتی ہے بلکہ چاند اور مریخ تک انسانی رسائی کے مستقبل کو بھی نئی جہت دے سکتی ہے۔
ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے زمین پر واپسی کے دوران اپنے خلائی جہاز اسٹار شپ کو دو میکانی بازوؤں، جنہیں ''چاپ اسٹکس‘‘ کا نام دیا گیا ہے، کی مدد سے پکڑ کر خلائی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کر دیا ہے۔ اس غیر معمولی کامیابی کے کچھ ہی دیر بعد سامنے آنے والی حیرت انگیز ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسٹار شپ آہستہ آہستہ لانچنگ پیڈ کی جانب اتر رہا ہے اور دونوں میکانی بازو اسے فضا ہی میں اپنے درمیان تھام لیتے ہیں۔
یہ وہ تاریخی کارنامہ تھا جس کی ایلون مسک اور ان کی ٹیم طویل عرصے سے امید کر رہی تھی۔ یہ پہلا موقع تھا کہ خلا میں پرواز مکمل کرنے کے بعد واپس آنے والے کسی خلائی جہاز کو اس انداز میں پکڑا گیا۔تاہم یہ کامیابی مکمل طور پر خامیوں سے پاک نہیں تھی۔ 407 فٹ طویل خلائی جہاز کے پہلے مرحلے کا بوسٹر چند روز قبل ٹیکساس سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد دھماکے سے تباہ ہو گیا تھا۔اس کا ملبہ خلیج میکسیکو میں بکھرا پڑا تھا، جبکہ اسٹین لیس اسٹیل سے تیار کردہ گولی نما خلائی جہاز سیدھی حالت میں لانچنگ پیڈ پر اتر رہا تھا۔ناسا کے منتظم جیرڈ آئزک مین نے بھی اس کامیابی کو سراہتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا: ''ایلون مسک اور اسپیس ایکس کی پوری ٹیم کو مبارک باد! یہ تقریباً جادو جیسا تھا۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید لوگ اس ٹیکنالوجی پر یقین کرنے لگے ہیں‘‘۔
اس خلائی پروگرام سے امریکی خلائی ادارے ناسا کی بھی بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔ اسپیس ایکس اور ناسا کے درمیان اربوں ڈالر کا معاہدہ موجود ہے، جس کے تحت اسٹار شپ میں ضروری تبدیلیاں کرکے اسے چاند پر انسانی لینڈنگ کیلئے استعمال کیا جانا ہے۔
ایلون مسک نے بھی اپنی ٹیم کو اس شاندار کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا: ''اسپیس ایکس کی غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل پوری ٹیم کو مبارک ہو!‘‘۔ اس کے بعد انہوں نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں وہ لینڈنگ پیڈ پر موجود اسٹار شپ کا معائنہ کرتے دکھائی دے رہے تھے۔ انہوں نے خلائی جہاز کی حالت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بہت شاندار دکھائی دے رہا ہے۔
اسپیس ایکس کے ترجمان ڈین ہوٹ نے اس کامیابی کو خلائی پرواز کا ایک انتہائی اہم اور ناقابلِ حصول تصور کیا جانے والا ہدف قرار دیتے ہوئے کہا: ''یہ خلائی سفر کا سب سے بڑا خواب تھا کہ ایک خلائی جہاز آگ کے شعلوں سے گزرتا ہوا زمین کی جانب آئے اور اسے فولاد کے بازو فضا ہی میں تھام لیں۔ ہم نے اسٹار شپ کو کامیابی سے پکڑ لیا ہے اور اب بہت کچھ تبدیل ہونے والا ہے‘‘۔
اسپیس ایکس حکام کے مطابق یہ کامیابی اسٹار شپ کی مکمل طور پر دوبارہ استعمال کے قابل ہونے کی صلاحیت کا ثبوت ہے، جو خلائی مشنز کو تیز رفتار اور کم خرچ بنانے کیلئے نہایت اہم ہے۔ اگرچہ پہلے بوسٹر کو واپس پکڑنے کی کوشش کامیاب نہیں ہو سکی، تاہم کمپنی اس سے قبل تین مرتبہ بوسٹر کو کامیابی سے پکڑنے کا تجربہ کر چکی تھی، جس سے اس تکنیک کی افادیت ثابت ہوئی۔دنیا کا سب سے بڑا اور طاقتور راکٹ امریکی میکسیکو سرحد کے قریب واقع اسپیس ایکس کے اسٹار شپ لانچنگ مرکز سے فضا میں بلند ہوا۔ ابتدائی مرحلے میں راکٹ اپنے بوسٹر سے کامیابی کے ساتھ الگ ہو گیا، تاہم بعد میں بعض تکنیکی مسائل پیش آئے۔ اس کا بالائی خلائی جہاز خلا میں داخل ہونے میں کامیاب رہا اور اس نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس 26 سیٹلائٹس بھی اپنے مدار میں چھوڑے۔
اسپیس ایکس کے مطابق خلائی جہاز کے تمام نظام، بشمول اس کی اہم ترین حرارتی حفاظتی ڈھال بظاہر درست طریقے سے کام کرتے رہے۔جہاں تک راکٹ کے بوسٹر کا تعلق ہے، اسپیس ایکس کی عہدیدار کیٹ ٹائس نے بتایا کہ زمین کی جانب واپسی کے دوران اس کے انجن مقررہ وقت سے پہلے بند ہو گئے تھے۔
اسٹارشپ کا سفر
اسٹار شپ زمین سے تقریباً 165 میل (266 کلومیٹر) کی بلندی پر اپنے مدار میں گردش کرتا رہا۔ اس دوران اسٹارلنک نیٹ ورک کے ذریعے خلائی جہاز اور زمین کے براہِ راست مناظر بھی نشر کیے جاتے رہے۔ اس نے زمین کے گرد مجموعی طور پر 14 چکر مکمل کیے، جو اس کے گزشتہ مشن کی کارکردگی سے کہیں بہتر تھے، کیونکہ اس وقت خلائی جہاز صرف ایک سے دو چکر ہی مکمل کر پایا تھا۔یہ 2023ء کے بعد مکمل حجم کے اسٹار شپ کی 15ویں پرواز تھی، جبکہ یہ صرف دوسرا موقع تھا جب خلائی جہاز نے زمین کے مدار تک رسائی حاصل کی۔