قلعہ ترمز
اسپیشل فیچر
فرانس کا تاریخی قلعہ، چار ماہ تک صلیبی لشکروں کے سامنے ڈٹا رہا
فرانس کے جنوب میں واقع قدیم قلعے نہ صرف یورپ کے قرونِ وسطیٰ کے طرزِ تعمیر کی یادگار ہیں بلکہ ان کی دیواروں میں جنگوں، محاصروں، سیاسی کشمکش اور انسانی عزم کی بے شمار داستانیں بھی پوشیدہ ہیں۔ انہی تاریخی یادگاروں میں قلعہ ترمز (Château de Termes) کو نمایاں مقام حاصل ہے، جو اپنی مضبوط دفاعی تعمیر، دشوار گزار جغرافیائی محل وقوع اور 1210ء کے طویل محاصرے کے باعث خصوصی شہرت رکھتا ہے۔ فرانس کے علاقے اوڈ (Aude) کے گاؤں ترمز کے قریب واقع یہ قلعہ کبھی ایک طاقتور جاگیردار خاندان کی رہائش گاہ اور بعد ازاں شاہی دفاعی نظام کا اہم حصہ تھا۔
یہ قلعہ ایک بلند چٹانی پہاڑی پر واقعہے، جس کے تین اطراف گہری کھائیاں اور قدرتی گھاٹیاں موجود ہیں۔ سطح سمندر سے تقریباً 460 سے 470 میٹر بلندی پر واقع اس مقام سے اطراف کے وسیع علاقے پر نظر رکھی جا سکتی تھی۔ اس کی قدرتی جغرافیائی ساخت نے اسے دفاعی اعتبار سے غیر معمولی اہمیت دی۔ قلعے کے ابتدائی آثار گیارہویں صدی سے ملتے ہیں، جبکہ اس کا تعلق ترمز کے طاقتور جاگیردار خاندان سے تھا، جس کی حکمرانی تقریباً 60 دیہات پر مشتمل علاقے تک پھیلی ہوئی تھی۔ اس خاندان کی آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ علاقے میں موجود تانبے، چاندی، سیسے اور لوہے کی کانیں تھیں۔
قلعہ ترمز کی تاریخ کا سب سے اہم باب 1210ء میں ہونے والا محاصرہ ہے۔ اس زمانے میں جنوبی فرانس میں کیتھر تحریک کے خلاف صلیبی جنگ جاری تھی، جسے البیجنسی صلیبی جنگ بھی کہا جاتا ہے۔ قلعے کے مالک ریمون ڈی ترمز کیتھر تحریک کے حامی تھے۔ فرانسیسی صلیبی لشکر کے کمانڈر سائمن ڈی مونفور نے اسی سال قلعے کا محاصرہ کر لیا۔ اس وقت یہ قلعہ علاقے کے مضبوط ترین دفاعی مراکز میں شمار ہوتا تھا۔
محاصرہ تقریباً چار ماہ تک جاری رہا۔ قلعے کے محافظوں نے محدود وسائل کے باوجود بھرپور مزاحمت کی۔ طویل محاصرے کے دوران پانی کی قلت، بیماریوں اور مسلسل حملوں نے دفاعی دستے کو کمزور کر دیا۔ بالآخر نومبر 1210ء میں قلعہ صلیبی لشکر کے قبضے میں چلا گیا۔ اس واقعے نے جنوبی فرانس کی سیاسی اور مذہبی تاریخ پر گہرے اثرات مرتب کیے۔
فتح کے بعد قلعہ شمالی فرانس کے ایک جاگیردار کے حوالے کر دیا گیا، تاہم 1228ء میں اس کا اختیار فرانسیسی بادشاہ کو منتقل ہو گیا۔ بعدازاں اسے شاہی قلعے کی شکل دی گئی اور سرحدی دفاع کیلئے اس کی اہمیت بڑھ گئی۔ 1258ء کے معاہدہ کوربے کے بعد یہ قلعہ فرانس اور آراگون کی سرحدی حفاظت کرنے والے دفاعی مراکز میں شامل ہو گیا۔ تیرہویں اور چودھویں صدی میں اس کی بیرونی فصیلوں، دفاعی برجوں اور دیگر حصوں میں توسیع کی گئی۔ قلعے کے اندرونی حصے میں ایک عبادت گاہ، پانی ذخیرہ کرنے کیلئے حوض اور مرکزی دفاعی برج بھی موجود تھے۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ جنگی حکمت عملی اور ہتھیاروں میں تبدیلی نے اس قلعے کی دفاعی اہمیت کم کر دی۔ سترہویں صدی میں فرانس اور اسپین کے درمیان سرحدی حالات تبدیل ہونے کے بعد یہ فوجی اعتبار سے غیر ضروری ہو گیا۔ 1652ء میں قلعے پر اسپین کا قبضہ ہوا، لیکن فرانسیسی فوج نے اسے دوبارہ حاصل کر لیا۔ بعدازاں 1653ء اور 1654ء کے دوران شاہی حکم پر اسے بارود کے ذریعے منہدم کر دیا گیا تاکہ یہ دوبارہ کسی مخالف قوت کا مضبوط ٹھکانہ نہ بن سکے۔ اس تباہی کے بعد قلعہ طویل عرصے تک ویران پڑا رہا اور اس کے گردونواح میں چرواہے اپنے مویشی چراتے رہے۔
بیسویں صدی میں تاریخی ورثے سے دلچسپی بڑھنے کے ساتھ اس قلعے کی اہمیت دوبارہ اجاگر ہوئی۔ 1988ء میں مقامی بلدیہ نے اسے خرید لیا، جبکہ 1989ء میں اسے فرانس کی تاریخی یادگار قرار دے کر تحفظ فراہم کیا گیا۔ اس کے بعد یہاں آثارِ قدیمہ کی کھدائی، صفائی اور بحالی کے متعدد منصوبے شروع کیے گئے۔ دسمبر 2024ء میں اس کے مزید آثار اور قدیم قلعہ بند بستی کے باقیات کو بھی قومی تاریخی ورثے کے طور پر تحفظ فراہم کیا گیا۔
یہ قلعہ محض پتھروں سے بنی ایک قدیم عمارت نہیں بلکہ یورپ کے قرونِ وسطیٰ کی سیاسی، مذہبی اور عسکری تاریخ کا ایک اہم باب ہے، جو آج بھی اپنے ماضی کی داستان سناتا دکھائی دیتا ہے۔