آج کا دن
اسپیشل فیچر
کنکورڈ سروس کا آغاز
22نومبر1977ء کو برطانوی ائیر ویز کی جانب سے لندن سے نیویارک کنکورڈ فلائٹ کا آغاز کیا گیا۔ یہ فرانس اور برطانیہ کا مشترکہ پراجیکٹ تھا۔1978ء میں ایک حادثے کے بعدانتظامیہ کی کوششوں کے باوجود یہ مسافروں کی توجہ حاصل کرنے میںناکام رہی۔ 2003ء میں اس کا فلائٹ آپریشن بند کر دیا گیا۔
جان ایف کینیڈی کا قتل
22نومبر1963ء میں جان ایف کینیڈی کو اوسوالڈ نامی ایک شخص نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ گولی ایک سکول کی عمارت سے سنائپر گن سے چلائی گئی ۔گولی لگنے کے فوراً بعد کینیڈی کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں 30منٹ بعد مردہ قرار دے دیا گیا۔ واقعہ کے70منٹ بعد قاتل کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
لبنان کایوم آزادی
22 نومبر 1943ء کو لبنان نے فرانسیسی نوآبادیاتی تسلط سے مکمل آزادی حاصل کی۔ یہ دن لبنان میں یومِ آزادی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس سے قبل فرانس نے دوسری جنگ عظیم کے دوران لبنان پر سیاسی دباؤ بڑھا کر لبنانی رہنماؤں کو گرفتار کر لیاتھا۔ عوامی احتجاج، سیاسی مزاحمت اور بین الاقوامی دباؤ کے نتیجے میں فرانس کو پسپائی اختیار کرنا پڑی اور بالآخر 22 نومبر کو لبنان کو خودمختار ریاست تسلیم کر لیا گیا۔
پہلی جرمن خاتون چانسلر
انجیلا ڈوروتھیا مرکل 22نومبر 2005ء کو جرمنی کی پہلی خاتون چانسلر بنیں۔ انہیں یورپی یونین کی مؤثر ترین اور دنیا کی سب سے طاقتور خاتون سمجھا جاتا تھا۔ 1986ء میں انہوں نے کوانٹم کیمسٹری میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی اور 1989 ء تک بطور ریسرچر کام کرتی رہیں۔1989ء میں سیاسی میدان میں قدم رکھا ۔
اورنج انقلاب
اورنج انقلاب، مظاہروں اور سیاسی واقعات کا ایک سلسلہ تھا جو یوکرین میں 22 نومبر 2004ء کے آخر سے جنوری 2005ء تک جاری رہا۔ اس انقلاب کا آغاز 2004ء کے یوکرائنی صدارتی انتخابات کے فوراً بعد ہوا جس میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ یوکرائن کا دارالحکومت کیف شہری مزاحمت کی تحریک کی مہم کا مرکز تھا، جہاں ہزاروں مظاہرین روزانہ مظاہرے کرتے تھے۔
کمبوڈیا: بھگدڑ کا المناک حادثہ
22 نومبر 2010ء کو کمبوڈیا کے دارالحکومت نوم پنہ میں سالانہ واٹر فیسٹیول کے دوران بھگدڑ کا حادثہ پیش آیا۔ تنگ راستوں پر لوگوں کا ہجوم بے قابو ہونے سے سینکڑوں افراد ایک دوسرے کے نیچے دب گئے۔ اس المناک حادثے میں 347 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
خلائی شٹل ڈسکوری کا خفیہ مشن
22 نومبر 1989ء کو ناسا نے خلائی شٹل ڈسکوری کو ''مشن ایس ٹی ایس 33‘‘ کے تحت خلا میں روانہ کیا۔ یہ امریکی محکمہ دفاع کیلئے انجام دیا جانے والا ایک خفیہ مشن تھا، جس کی تفصیلات عام نہیں کی گئی تھیں۔ اس پرواز کا مقصد قومی دفاع سے متعلق مخصوص خلائی سرگرمیاں انجام دینا تھا۔