طنز و مزاح:مشاعروں میں ہوٹنگ کے فوائد
اسپیشل فیچر
مشاعرے تو بہت ہوتے ہیں لیکن ہر مشاعرہ کامیاب نہیں ہوتا اور صرف کامیابی بھی کافی نہیں ہوتی۔ مشاعرہ اچھے نمبروں سے کامیاب ہونا چاہئے۔ ایسی ہی کامیابی سے مشاعروں کا مستقبل روشن ہوتا ہے۔ مشاعروں کی کامیابی کا انحصار اب ہوٹنگ پر ہے۔ ہوٹنگ معرکے کی ہوگی تو مشاعرہ بھی معرکۃ الآرا ہوگا۔
دیکھا گیا ہے کہ بڑے شہروں میں جہاں تعلیم یافتہ لوگ زیادہ پائے جاتے ہیں ہوٹنگ کا معیار اچھا خاصا ہے لیکن اضلاع کے سامعین ہوٹنگ کے معاملے میں ابھی پسماندہ ہیں۔ بعض اضلاع میں اس کا معیار ٹھیک رہا ہے لیکن اس سلسلے میں ابھی انہیں بہت کام کرنا ہے۔ مشاعروں کے سیزن میں اضلاع کے کچھ مندوبین کو بڑے شہروں کے مشاعروں میں حاضر رہنا چاہیے۔
مشاعرہ ورک شاپ میں حصہ لئے بغیر اچھی ہوٹنگ نہیں آتی۔ بڑے شہروں میں تو بعض مشاعرے ایسے بھی ہوئے ہیں کہ مشاعرے کے دوسرے دن مشاعرہ گاہ کی چھت کی مرمت کروانی پڑی ہے، اس لئے اب زیر سما مشاعروں کا رواج بڑھتا جارہا ہے۔ زیر سما مشاعروں میں، شاعر تو نہیں لیکن سامعین سماں باندھ دیتے ہیں۔ ایک زمانہ تھا جب مشاعروں میں شاعروں کے کلام کا مقابلہ ہوتا ہے، اب سامعین کے کمال کا مقابلہ ہوتا ہے۔ مشاعرے بھی ٹکٹ سے ہونے لگے ہیں جو ایک لحاظ سے اچھی بات ہے۔
لنگر اور مشاعرے میں کچھ فرق ہونا چاہئے۔ لیکن افسوس اس کا ہوتا ہے کہ بڑی قیمت کے ٹکٹ خریدنے والے سامعین، ہوٹنگ میں اتنے جوش وخروش سے حصہ نہیں لیتے جتناکہ پیچھے کی صفوں میں بیٹھنے والے باذوق سامعین محنت اور مشقت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ دنیا میں ہمیشہ یہی ہوتا آیا ہے۔ کمزور طبقے پر زیادہ بار پڑتا ہے۔ بعض منتظمین مشاعرہ جو مشاعرے میں سناٹا چاہتے ہیں یا جنھیں ہوکا عالم پسند ہوتا ہے وہ اونچی قیمت کے ٹکٹ کا مشاعرہ کرتے ہیں یا صرف عطیات کے ذریعہ یہ کام کرتے ہیں۔
ایسے مشاعروں میں بھی ہال تو بھر جاتا ہے لیکن مشاعرے کا آنکھوں دیکھا حال ناقابلِ بیان ہوتا ہے۔ ان قیمتی مشاعروں کے سامعین، مشاعرے میں اس طرح بیٹھتے ہیں گویا کسی ڈی لکس سنیما ہال میں بیٹھ کر انگریزی فلم کے مکالمے سمجھنے کی کوشش کررہے ہوں۔ مرد حضرات بار بار اپنے چشمے صاف کرنے اور خواتین اپنے اپنے آنچلوں کو پرچم بنانے کی فکر میں غلطاں وپیچاں رہتی ہیں۔
یہ بھی کوئی مشاعرہ سننا ہوا، شاعر آتا ہے جاتا ہے، وہ پڑھتا ہے یا گاتا ہے کسی کو پروا نہیں ہوتی۔ حتی کہ مزاح گو شاعر بھی بے باک سے بے باک شعر سنا کر یوں ناکام، نامراد لوٹتا ہے جیسے شب غم گزار کر جارہا ہو۔ سامعین میں سے کسی کی بھی زبان پر جوں نہیں رینگتی۔ کسی کے دہن مبارک سے ایک آواز آہ یا واہ کی نہیں نکلتی۔ پتہ ہی نہیں چلتا کہ یہ مشاعرہ ہے یا کوئی جلسہ تعزیت۔ اس خاموش مشاعرے اور ایک تعزیتی جلسے میں ایک نمایاں فرق یہ ہوتا ہے کہ سامعین احتراماً سر جھکاکر دو منٹ کیلئے کھڑے نہیں ہوتے۔ کم سے کم یہی کریں۔ شاعروں کو پتہ تو چلے کہ ہال میں جو لوگ تشریف فرماہیں زندہ ہیں اور زندہ ہیں تو بیمار و ناتواں نہیں ہیں۔
مدعوئین، عطیہ اور عطیہ دہندگان حضرات اتنے لئے دیئے رہتے ہیں کہ ان کے پاس دینے کو کچھ ہوتا نہیں ہے، شعراء صاحبان تو تعزیتی کلمات کو کلمات خیر سمجھتے ہیں۔ کوئی بھی شاعر طبعاً قنوطی نہیں ہوتا، لیکن اگر سامعین، شعراء سے خوفزدہ ہوکر دم سادھے بیٹھے رہیں تو مشاعرے کے اٹھنے کی بات تو دور رہی، خود شاعروں کا اپنے آپ پر سے اعتماد اٹھ جاتا ہے۔ شاعروں کے کانوں میں کوئی نہ کوئی آواز پڑنی ہی چاہیے۔ آواز ہو یا آوازہ، اس کیلئے اس کی سماعت کا دروازہ کھلا رہتا ہے۔
صحیح معنوں میں مشاعرہ وہ ہوتا ہے جب مشاعرہ گاہ میں زندگی رواں دواں ہو، مشاعرہ گاہ میں کیفیت کچھ ایسی ہونی چاہئے، جس سے یہ معلوم ہو کہ شاعروں کو سننے سامعین نہیں آئے، سامعین کا مورچہ آیا ہوا ہے۔ خوبصورت پنڈال جگمگاتا شہ نشین اور جگہ جگہ ایک ہزار کینڈل پاور کے قمقمے یہ سب بیکار ہیں۔ اصل چیز ہے ہوٹنگ۔ مشاعروں میں یہ نہ ہو تو منتظمین مشاعرہ مایوس ہو جاتے ہیں۔ ان کے سارے کئے کرائے پر پانی پھرجاتا ہے۔ جس طرح شاعر مشاعرے کی تیاری کرتے ہیں، اپنی غزل کی دھن بناتے ہیں۔ اس کے کئی ریہرسل کرتے ہیں، اسی طرح سامعین کو بھی باضابطہ تیاری کرنی چاہئے۔ مشاعروں میں یک رخی طریقہ اختیار کرنا ادب دشمنی ہے۔