استری کا استعمال
اسپیشل فیچر
ہمیں بازار جانا ہو یا دفتر، دکان پر جانا ہو یا ورکشاپ، فیکٹری جانا ہو یا شادی پر، اگر صاف ستھرے اور استری شدہ کپڑے پہنے ہوں تو بہت بھلے لگتے ہیں۔ صاف ستھرا لباس عزت میں اضافہ کرتا ہے۔ لباس کا مہنگا ہونا ضروری نہیں۔ عام قیمت لباس اگر ہمارے جسم پر اچھا لگتا ہے تو کیاکہنے۔ہاں فرق اس وقت پڑے گا جب وہ استری شدہ نہ ہو۔ اس پر سلوٹیں نظر آرہی ہوں یا پھر وہ میلا ہو۔ کپڑوں کے سلوٹ ختم کرنے کے لیے جو مشین استعمال کی جاتی ہے اسے استری کہتے ہیں۔ کپڑوں کے سلوٹ دور کرنے کا عمل استری کرنا کہلاتا ہے۔ گھروں میں استعمال ہونے والی استریاں دو تین قسم کی ہوتی ہیں۔ عام استری، گیسی استری اور بجلی کی استری۔ سادہ استری میں حرارت کی مقدار کو کم یا زیادہ کرنے کا بندوبست نہیں ہوتا۔ اگر اس کو ایک بار چالوکردیا جائے تو بجلی سے یہ مسلسل گرم ہوتی رہتی ہے۔ گیسی اور بجلی کی استری میں حرارت کو کم یا زیادہ کرنے کے لیے ان میں ہینڈل کے نیچے یا استری کے پیچھے ایک گول بٹن ہوتا ہے۔ اس کو گھمانے سے استری کے لیے مطلوب حرارت مقرر کی جا سکتی ہے۔ ان مشینوں سے بہتر کام لینے کے کیا گر ہیں، آئیے دیکھیں۔ ٭استری کا پلگ اورتار چیک کرتے رہیں تاکہ بجلی کا بہاؤ ٹھیک رہ سکے۔ تار میں بل نہ پڑنے دیں۔ ٭ عام استری کی صورت میں ان کا پلگ کچھ وقت کے لیے ساکٹ سے نکال دیں۔ اس طرح بجلی کی بچت بھی ہو گی اور استری بھی زیادہ گرم نہ ہوگی۔ ٭ استری کا پیندہ اپنی طرف نہ رکھیں۔٭ استری کو کسی سٹینڈ پر رکھیں۔ یہ سٹینڈ لکڑی یا ایسی چیز کا ہو جس میں سے حرارت نہ گزر سکے۔ ٭ استری استعمال کرتے وقت خیال رکھیں کہ یہ ایسے کپڑے یا چیز سے نہ لگے جو فوراً جل جانے والی ہو۔ ٭ کپڑے کے علاوہ کسی موٹی اور حرارت برداشت کرنے والی چیز پر ہی استری کریں۔ باریک کپڑے پر اسے استعمال نہ کریں۔ ٭ جن کپڑوں کو استری کرنا ہو، چلتی استری کے قریب ان پر پانی نہ لگائیں ان کو استری چلانے سے پہلے مناسب حد تک تر کرلیں۔ ٭ گیس کی استری کا پائپ چیک کرتے رہیں اور اس میں بل نہ پڑنے دیں۔٭ استری کے مسلسل استعمال سے اس کا پیندہ سیاہ ہو جاتا ہے۔ یہ اس لیے ہوتا ہے کہ زیادہ گرم ہونے پر یہ کپڑوں کو جلا دیتی ہے اور کپڑے اس سے چپک جاتے ہیں۔ ایسا پیندہ صاف کرنے کے لیے کوئی لیکوئیڈ یا پا ؤڈر استعمال کریں۔ ٭سیاہ پیندے کو گرم حالت میں صاف نہ کریں۔ لیکوئیڈ یا پاؤڈر لگانے کے بعد زیادہ زور سے نہ رگڑیں۔ ٭ گیلے ہاتھوں یا کپڑے سے استری نہ پکڑیں۔