گھر کا لان
اسپیشل فیچر
گھر خاتون خانہ کی گرہستی کا نمونہ سمجھا جاتا ہے کیونکہ اگر گھر کی حالت ابتر ہو گی تو اس کا ذمہ دار بھی خاتون خانہ ہی کو ٹھہرایا جائے گا اور صاف ستھرا سلیقے سے سجا ہوا گھر مکینوں کی خوش ذوقی کا ثبوت سمجھا جاتا ہے اور سلیقے کی داد بھی سربراہ خاتون ہی کو دی جاتی ہے لیکن عموماً ایسا بھی ہوتا ہے کہ گھر کی صفائی ستھرائی تو نہایت دل جمعی سے کی جاتی ہے لیکن گھر کے کچھ حصوں کو غیر اہم سمجھ کر انہیں نظر انداز کر دیا جاتا ہے یا پھر خاص مواقع ہی پر گھر کے ان گوشوں کی صفائی کی جاتی ہے، جیسے سٹور، گھر کا لان یا غسل خانہ۔ لیکن گھر کے یہ حصے بھی اسی طرح صفائی کے متقاضی ہیں جس طرح گھر کے دیگر کمرے، ڈرائنگ روم اور لاؤنج وغیرہ۔ لان ہمارے گھر کا وہ حصہ ہے جہاں بیرونی گیٹ سے داخل ہونے کے لیے سب سے پہلے نظر پڑتی ہے۔ دھول، مٹی اور کچرے سے اٹا ہوا لان گھر کی مجموعی خوبصورتی کو مکمل طور پر زائل کر دیتا ہے۔ اس لیے گھر کے خوبصورت تاثر کو قائم رکھنے کے لیے لازمی ہے کہ لان کی ستھرائی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ اگر آپ چاہیں تو معمولی وقت صرف کر کے خود بھی لان کو سرسبز بنا سکتی ہیں، بس اس کے لیے تھوڑی دیر توجہ، محنت اور شوق کا ہونا لازمی ہے۔ ماہرین آرائش لان کو گھر کا سب سے اہم حصہ تصور کرتے ہیں جو نہ صرف گھر کی بیرونی زیبائش میں ہم کردار ادا کرتا ہے بلکہ مختلف اقسام کے پھول پودوں کے ذریعے ہم اپنے باغبانی کے شوق کی تسکین بھی کر سکتے ہیں۔ اگر آپ بھی ایک اجاڑ ویران لان کی مالک ہیں تو اپنے اندر باغبانی کے شوق کو پروان چڑھائیں۔ آپ خود دیکھیں گی کہ آپ کے گھر کا لان کس طرح ایک دلکش سرسبز گوشہ دکھائی دینے لگے گا۔ سب سے پہلے لان کی غیرضروری بڑی گھاس کو باقاعدگی سے کٹوائیں، خشک پتوں کو جمع نہ ہونے دیں، روزانہ لان میں جھاڑو کی مدد سے صفائی کریں، گھر کا غیرضروری سامان لان میں نہ رکھتی جائیں۔ اب باری آتی ہے آرائش کی جو نہایت دلچسپ مرحلہ ہے۔ مختلف رنگوں کے گملے، موسمی پھول پودے، سجی ہوئی کیاریاں، لان کا جھولا اور میز کرسیاں اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہیں۔ یہاں آپ کو لان کی افادیت بڑھانے کے لیے چند نسخے بتائے جا رہے ہیں جن پر عمل کر کے آپ لان کی دلکشی میں اضافہ کر سکتی ہیں۔ اگر آپ لان کے وسط میں لکڑی کی میز اور کرسیاں رکھنا چاہتی ہیں تو ان پر نیلے، سبز یا پیلے رنگ کا پینٹ کروا سکتی ہیں۔ اگر لان کی دیوار کے ساتھ یہ میز کرسیاں رکھنا چاہیں تو دیوار پر متضاد رنگوں کی کوئی خوبصورت تصویر ضرور لگائی جا سکتی ہے۔ اگر آپ لان کے وسط میں لکڑی کی میز اور کرسیاں رکھنا چاہتی ہیں تو ان پر نیلے، سبز یا پیلے رنگ کا پینٹ کروا سکتی ہیں۔ اگر لان کی دیوار کے ساتھ یہ میز کرسیاں رکھنا چاہیں تو دیوار پر متضاد رنگوں کی کوئی خوبصورت تصویر ضرور لگائی جا سکتی ہے۔یہ پینٹنگ لان کی خوبصورتی کو دوبالا کر دے گی اور ہر دیکھنے والے کو یہ نیا انداز بہت بھلا محسوس ہو گا۔ گھریلو آرائش کے حوالے سے عموماً یہ غلط فہمی پائی جاتی ہے کہ گھر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے قیمتی اشیا کا استعمال ناگزیر ہے۔ حالانکہ یہ تاثر بالکل غلط ہے۔ گھر کے کسی بھی حصے کو ڈرامائی تاثر دینے کے لیے آپ کو بہت زیادہ پیسے خرچ کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ صرف تخلیقی سوچ کی ضرورت ہے۔ اسی طرح لان کے کسی بھی حصے کو ڈرامائی تاثر دینے کے لیے صرف اپنی سوچ پر انحصار کریں، معمولی اشیا بھی ایک نئے انداز میں استعمال میں لائی جا سکتی ہیں۔ کسی بھی کمرے کی کھڑکی اگر لان میں باہر کی جانب کھلتی ہے تو یہ بہت خوش آئند بات ہے۔ اس طرح تروتازہ ہوا اور پھولوں کی مدھر خوشبو آپ کے گھریلو ماحول کو بھی معطر رکھے گی۔ کھڑکی کے اطراف میں گنجائش کے لحاظ سے آپ مختلف پھولوں کے چھوٹے گملے سجا سکتی ہیں، گملے میں کھلے پھولوں کی رنگت کو مدنظر رکھنے ہوئے گملے پر بھی پینٹ کیا جائے تو یہ ایک اچھا اضافہ ہوگا۔ اکثر گھروں میں کچن، کمرے یا ٹی وی لاؤنج کا پچھلا دروازہ لان کی طرف کھلتا ہے۔ گھر کی یہ جگہ کم استعمال میں آتی ہے لیکن آپ اس جگہ کو بھی لان ہی کا ایک حصہ بنا سکتی ہیں جو عموماً نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ اس حصے کی دیوار پر نیا پینٹ کروائیں اور لکڑی کی کرسیاں بھی عقبی دروازے کے پاس رکھی جا سکتی ہیں۔ بازار میں تیار شدہ لکڑی کے گملے بھی یہاں سجائے جائیں تو لان کا یہ حصہ فراغت کے لمحات گزارنے کے لیے بہترین جگہ ثابت ہو سکتا ہے۔ بعض گھروں میں لان کا رقبہ کچھ زیادہ ہوتا ہے، اس صورت حال میں ہر جانب پھول پودے کی کیاریاں لگانا بھی مناسب نہیں لگتا۔ لیکن آپ لان کے ایک حصے میں موسم کی مناسبت سے مختلف سبزیاں ضرور اگا سکتی ہیں۔ موسمی سبزیاں اور پھلوں کے درخت آپ کے لان کی انفرادیت میں اضافے کا باعث بنیں گے اور گھر بیٹھے تازہ سبزیوں کا لطف اٹھایا جا سکتا ہے۔ لیموں، ہری مرچیں، ٹماٹر، دھنیا، پودینہ جیسی اشیا اگر بروقت گھر پر ہی دستیاب ہوں تو کیا ہی بات ہے۔ مٹی کے گملوں سے بھی آپ لان کی خوبصورتی میں اضافہ کر سکتی ہیں۔ مثلاً آئل کلرز، سلور پیپر اور مختلف رنگوں کے کاغذ کے ٹکڑے عام گملوں کو منفرد بنا سکتے ہیں۔ معمولی سی توجہ اور سلیقہ سادہ سے لان کو ایک پُرسکون فطری گوشے میں تبدیل کر سکتا ہے۔ گملوں میں پودے لگانے میں کچھ احتیاطی تدابیر کو بھی مدنظر رکھیں۔ مثلاً گملوں کے پیندے میں سوراخ ہونا لازمی ہے تاکہ پانی گملے میں جمع نہ رہے اور ہوا بھی ملتی رہے۔ گملوں میں مٹی اس طرح ڈالیں کہ گملے میں پہلے چھوٹے پتھر رکھیں اور پھر مٹی ڈالیں۔ جب خوبصورت خوش رنگ پھولوں کے گملے لان کے اطراف میں ہر جگہ نظر آئیں گے تو اس سے تنوع کا ماحول پیدا ہوگا۔ اگر لان چھوٹا ہے تو بھی نت نئے پودے لگانا کچھ مشکل نہیں، بات صرف ذوق و شوق کو استعمال کرنے کی ہے۔ پھول پودوں، سبزے کے بغیر گھر کا لان اداس اور بے رنگ دکھائی دیتا ہے جس سے گھر کے بیرونی درودیوار کی خوبصورتی بھی دھندلاسی جاتی ہے۔ آپ بھی لان کو دلکش گوشے میں تبدیل کیجیے اور دیکھیے کہ سبزہ زار سے سجا لان آپ کے مجموعی مزاج پر بھی کتنے اثرات مرتب کرتا ہے۔ ٭…٭…٭