گرمی کم کرنے میں درختوں کا کردار، مگر ایک مسئلہ بھی ہے
اسپیشل فیچر
دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی شہری آبادی، کنکریٹ کی عمارتیں، سڑکیں اور گاڑیوں کی بھرمار شہروں کو مسلسل گرم کر رہی ہیں۔ ماہرین اس صورتحال کوUrban Heat Island Effect کہتے ہیں، یعنی ایسا اثر جس میں شہر اپنے اردگرد کے دیہی علاقوں کے مقابلے میں زیادہ گرم ہو جاتے ہیں۔ نئی سائنسی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ درخت اس اضافی گرمی کو تقریباً نصف تک کم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ تاہم اس تحقیق نے ایک تشویشناک حقیقت بھی سامنے رکھی ہے اور وہ یہ کہ جن شہروں کو درختوں کی سب سے زیادہ ضرورت ہے وہاں درخت سب سے کم موجود ہیں۔ تحقیق کے مطابق دنیا کے تقریباً نو ہزار بڑے شہروں کا جائزہ لیا گیا۔ سائنسدانوں نے سیٹلائٹ تصاویر، موسمی ڈیٹا اور کمپیوٹر ماڈلز کی مدد سے یہ معلوم کیا کہ درخت کس حد تک شہروں کو ٹھنڈا رکھتے ہیں۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ درخت اوسطاً شہری علاقوں کے درجہ حرارت کو 0.15 ڈگری سیلسیس تک کم کر دیتے ہیں۔ بظاہر یہ کمی معمولی محسوس ہوتی ہے مگر ماہرین کے مطابق اگر درخت موجود نہ ہوں تو شہروں کا درجہ حرارت دو گنا زیادہ بڑھ سکتا ہے۔ درخت دو بنیادی طریقوں سے ماحول کو ٹھنڈا کرتے ہیں۔ پہلا طریقہ سایہ فراہم کرنا ہے۔ جب سڑکیں، عمارتیں اور گاڑیاں سورج کی تپش جذب کرتی ہیں تو گرمی زیادہ دیر تک برقرار رہتی ہے۔ درخت ان سطحوں پر براہِ راست دھوپ پڑنے سے روکتے ہیں جس سے گرمی کم ہوتی ہے۔ دوسرا طریقہEvapotranspiration ہے جس میں درخت اپنے پتوں کے ذریعے پانی خارج کرتے ہیں۔ یہ عمل انسانی جسم کے پسینے کی طرح ماحول کو ٹھنڈا کرتا ہے۔ ناسا کی ایک پرانی تحقیق میں بھی بتایا گیا تھا کہ جن شہری علاقوں میں سبزہ زیادہ ہو وہاں درجہ حرارت نمایاں حد تک کم رہتا ہے۔ تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ ترقی یافتہ اور خوشحال ممالک کے شہروں میں درخت زیادہ مؤثر ثابت ہو رہے ہیں۔ مثال کے طور پر برلن، واشنگٹن اور اٹلانٹا جیسے شہروں میں درخت شہری گرمی کو کافی حد تک کم کر رہے ہیں کیونکہ وہاں منصوبہ بندی کے ساتھ شجرکاری کی گئی ہے۔ اس کے برعکس افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ کے کئی شہروں، جیسے ڈاکار، جدہ اور کویت سٹی میں درختوں کی کمی کے باعث شہری گرمی شدید مسئلہ بنتی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ فرق صرف موسمی حالات کی وجہ سے نہیں بلکہ معاشی ناہمواری بھی اس کا ایک بڑا سبب ہے۔ امیر شہروں میں پارکس، باغات اور درختوں سے بھرپور سڑکیں عام ہیں جبکہ غریب علاقوں میں کنکریٹ کی تعمیرات زیادہ اور سبزہ کم ہوتا ہے نتیجتاً وہاں رہنے والے لوگ زیادہ گرمی برداشت کرتے ہیں، بجلی کا استعمال بڑھتا ہے اور ہیٹ ویوز کے دوران بیماریوں اور اموات کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ ایک اور تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر شہروں میں درختوں کی تعداد بڑھا دی جائے تو گرمی سے ہونے والی اموات میں ایک تہائی تک کمی لائی جا سکتی ہے۔
کیا صرف درخت لگانا کافی ہے؟
اگرچہ درخت شہری گرمی کم کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں مگر سائنسدان خبردار کرتے ہیں کہ صرف شجرکاری اس مسئلے کا مکمل حل نہیں۔ تحقیق کے مطابق مستقبل میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث درجہ حرارت مزید بڑھے گا اور صرف درخت لگانے سے اس اضافی گرمی کا محدود حصہ ہی کم کیا جا سکے گا۔ اس لیے ماہرین صاف توانائی، کم کاربن اخراج، بہتر شہری منصوبہ بندی اور ماحول دوست تعمیرات کو بھی ضروری قرار دیتے ہیں۔ مزید یہ کہ ہر جگہ ایک ہی قسم کے درخت لگانا بھی فائدہ مند نہیں ہوتا۔ بعض تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ اگر گھنے درخت تنگ اور بند گلیوں میں لگائے جائیں تو وہ رات کے وقت گرمی کو باہر نکلنے سے روک سکتے ہیں جس سے درجہ حرارت کم ہونے کے بجائے بڑھ سکتا ہے۔ اس لیے ماہرین تجویز دیتے ہیں کہ ہر شہر کے موسم، گلیوں کی ساخت اور مقامی ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب درخت منتخب کیے جائیں۔ دنیا کے کئی شہروں میں اب گرین اربن پلاننگ پر زور دیا جا رہا ہے۔ اس منصوبہ بندی کے تحت نئی سڑکوں، رہائشی منصوبوں اور تجارتی علاقوں میں لازمی درخت لگانے کی تجاویز دی جا رہی ہیں۔ سنگاپور کو اس حوالے سے کامیاب مثال سمجھا جاتا ہے جہاں عمارتوں، سڑکوں اور پارکوں میں بڑے پیمانے پر سبزہ ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر دنیا کے بڑے شہر ابھی سے سنجیدہ اقدامات کریں تو نہ صرف شہری گرمی کم ہو سکتی ہے بلکہ فضائی آلودگی، ذہنی دباؤ اور بجلی کے زیادہ استعمال جیسے مسائل بھی کم کیے جا سکتے ہیں۔ درخت صرف خوبصورتی یا سایہ فراہم کرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ مستقبل کے شہروں کو قابلِ رہائش بنانے کے لیے ایک بنیادی ضرورت ہیں۔ بڑھتی ہوئی گرمی، موسمیاتی تبدیلی اور شہری آلودگی کے دور میں درخت انسانی زندگی کے محافظ بن چکے ہیں۔ لیکن اصل چیلنج یہ ہے کہ ان درختوں کو وہاں لگایا جائے جہاں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔