کمال احمد رضوی
اسپیشل فیچر
1964ء میں جب سرکاری ٹی وی کا آغاز ہوا تو اس وقت دو ڈرامہ سیریز بہت مقبول ہوئیں۔ اگرچہ اس وقت بلیک اینڈ وائٹ ٹی وی کا دور تھا لیکن اس کے باوجود یہ ڈرامہ سیریز بہت پسند کی گئیں۔ ایک ڈرامہ سیریز کا نام تھا ’’لاکھوں میں تین‘‘، جبکہ دوسری سیریز تھی ’’الف نون‘‘۔ ’’لاکھوں میں تین‘‘ میں محمد قوی خان، قمر چودھری اور علی اعجاز نے بڑا شاندار کام کیا تھا۔ محمد قوی خان اور علی اعجاز بعد میںفلموں میں چلے گئے۔ ’’الف نون‘‘ جس فن کار کے ذہن کی تخلیق تھی اس کا نام تھا کمال احمد رضوی۔ اس میں انہوں نے الّن کا کردار ادا کیا تھا جبکہ ان کے ساتھ رفیع خاور تھے جو ننھا کے نام سے مشہور ہوئے۔ دونوں کو اس ڈرامے سے لازوال شہرت ملی۔ کمال احمد رضوی نے تو فلمی صنعت کا رخ نہیں کیاالبتہ ننھا نے اردو اور پنجابی فلموں میں کام کرنا شروع کیا اور طویل عرصے تک فلموں میں کام کرتے رہے۔ انہوں نے ایک دفعہ سرکاری ٹی وی کے ایک پروگرام میں کہا تھا کہ میں جوکچھ بھی ہوں کمال احمد رضوی کی وجہ سے ہوں۔ کمال احمد رضوی یکم مئی 1930ء کو بہار (بھارت) میںپیدا ہوئے۔ تقسیم ہند کے بعد وہ پاکستان چلے آئے۔ وہ کراچی میں مقیم ہو گئے۔ پھر وہ لاہور آ گئے اور نامور افسانہ نگار سعادت حسن منٹو سے ملے، جن سے وہ بہت متاثر تھے۔ 50ء کی دہائی میں انہوں نے بہت عرصہ سعادت حسن منٹو کے ساتھ گزارا۔ کمال احمد رضوی کو اداکاری کا پہلا موقع اس وقت ملا جب ضیامحی الدین نے برطانوی نشریاتی ادارے کے لیے شیکسپئرکا ڈرامہ جولیس سیزر سٹیج کیا۔ پھر انہیں تھیٹر میں کام کرنے کے مواقع ملے اور جب سرکاری ٹی وی کا آغاز ہوا تو ان کی ملاقات اسلم اظہر سے ہوئی جو سرکاری ٹی وی کے بانیوں میں سے تھے۔ یہاں ان کی ملاقات اداکار ننھا سے ہوئی اور پھر اداکاروں کی اس جوڑی نے کئی برس تک ٹی وی پر حکومت کی۔ کمال احمد رضوی ایک تخلیقی فن کار تھے۔ انہوں نے طنزومزاح کے ذریعے معاشرتی بدعنوانیوں کو بے نقاب کیا اور ان کے کام کو بے حد سراہا گیا۔ سعادت حسن منٹو کی طرح وہ اپنے کام کے حوالے سے بہت جرأت مند اور صاف گو تھے۔ ٹیلی ویژن پر انہوں نے لاہور کے عام شہریوں کے انٹرویو کا سلسلہ شروع کیا۔ ان میں پان فروش اور ایک کافی ہاؤس کا ملازم بھی شامل تھا۔ کمال احمد رضوی نے کچھ جریدوں کی ادارت بھی کی۔ انہیں شہرت کا کوئی شوق نہیں تھا۔ فلمی نقادوں کا کہنا ہے کہ اگر وہ فلموں میں کام کرتے اور انہیں اچھے کردار دیے جاتے تو یقینا شائقین فلم انہیں بہت پسند کرتے۔ کہا جاتا ہے کہ ایک زمانے میں کمال احمد رضوی نے فلموں میں کام کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا لیکن پھر دوستوں کے مشورے پر انہوں نے اپنا فیصلہ تبدیل کر لیا۔ بعد میں انہوں نے خود ایک بار کہا تھاکہ وہ جس مزاج کے آدمی ہیں اس کو مدنظر رکھتے ہوئے میں نے سوچا کہ شاید وہ فلمی ماحول میں اپنے آپ کو ڈھال نہ سکیں۔ البتہ ان کے ساتھی فنکار ننھا فلموں میں بہت کامیاب ہوئے۔ کمال احمد رضوی نے کچھ روسی ناولوں کا اردو زبان میں ترجمہ بھی کیا، جس کا انہیں اس لحاظ سے بہت فائدہ ہوا کہ ان کی تحریر میں مزید نکھار آ گیا۔ اس کے علاوہ انہیں مالی طور پر بھی بہت فائدہ ہوا۔ لیکن اسے مستقل روزی کا سلسلہ نہیں بنایا جا سکتا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ کمال احمد رضوی نے ٹی وی پر کام کرنا شروع کیا۔ اداکاری میں ان کا اپنا انداز تھا جو من کو بھاتا تھا۔ انہوں نے ہمیشہ فطری اداکاری کی اور کبھی اوور ایکٹنگ کا سہارا نہیں لیا۔ انہیں یہ مکمل یقین تھا کہ ان کے فن کی تحسین ان کے بینک بیلنس سے نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے سٹیج پر بھی اپنی فنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ کمال احمد رضوی نے ہمیشہ لوگوں کو تفریح مہیا کی۔ انہوں نے ٹی وی ڈراموں میں جس طنزومزاح کو متعارف کرایا وہ انہی کا حصہ تھا۔ کوئی دوسرا اداکار ان کی اداکاری کے اسلوب کی نقل نہیں کر سکا اور نہ کر سکے گا۔ 1989ء میں انہیں تمغۂ حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ انہوں نے تین شادیاں کیں۔ پہلی بیوی نزہت سے ان کا ایک بیٹا ہے جو طویل عرصے سے امریکہ میں مقیم ہے۔ 17دسمبر 2015ء کو کراچی میں دل کا دورہ پڑنے سے کمال احمد رضوی عالم جاوداں کو سدھار گئے۔