یادرفتگاں: آغا طالش: ایک بڑا اداکار
اسپیشل فیچر
آغا طالش مرحوم کی پیدائش پشاور میں ہوئی تھی مگر بعدازاں ان کی پرورش اور بنیادی تعلیم ممبئی میں ہوئی تھی۔ آغا طالش ذہنی طور پر دینی اور پیدائشی اداکار تھے۔ وہ جب وطن کی محبت میںممبئی سے لاہور منتقل ہوئے تو انہیں یہاں ریاض شاہد مرحوم جیسے رائٹر اور دیگر ترقی پسند ادیب دوست مل گئے۔انہیں کچھ عرصہ تک ریاض شاہد مرحوم کے ہمراہ لاہور کے سینٹرل ماڈل سکول میں تعلیم حاصل کرنے کا بھی موقع ملا۔ بعدازاں دونوں دوست فلم نگری میں اکٹھے ہوگئے۔
آغا طالش مرحوم ایسے اداکار تھے کہ جنہیں فلم ڈائریکٹر نے جو کردار اور روپ دیا وہ اسی میں ڈھل گئے۔ ان کی فلموں شہید، فرنگی، زرقا، یہ امن، دھی رانی اور دیگر بہت سی فلمیں مرحوم کے فنی ورثے کا لازوال اثاثہ ہیں۔
آغا طالش نے اپنے فنی سفر کی ابتدا ریڈیو آزاد کشمیر سے کی تھی اور اس اسٹیشن کے قیام، مقبولیت اور ترقی میں مرحوم کا بہت بڑا حصہ تھا۔ آغا طالش کے بارے میں ریاض شاہد مرحوم کہا کرتے تھے کہ یہ پاکستان فلم انڈسٹری کا وہ موم ہے جسے کسی بھی سانچے میں ڈھالو ڈھل جائے گا۔ مرحوم کے معاشرتی کرداروں پر مشاہدے، متوسط طبقے سے ہونے کی وجہ سے زندگی کے تلخ تجربات اور اس دور کے لوگوں کے رویے انہیں کندن بنا دیا تھا۔ آغا طالش مرحوم سے راقم کی دوستی کا آغاز ان کے بہت آخری ایام میں ہوا تھا۔ میری صحافتی زندگی کی ابتدا تھی اور ایک فلم بین ہونے کے ناطے مرحوم کا امیج اور رُعب میری شخصیت پر حاوی تھا۔ آغا طالش عموماً صحافیوں، انٹرویوز وغیرہ سے دور رہا کرتے تھے۔ وہ کہا کرتے تھے میری فلمیں، میرے کردار دیکھ کر ہی میرے فن پر لکھا کرو، بس یہی میرا انٹرویو ہے۔ آغا طالش نے مجھ سے کہا کہ کسی ادا کار کے اچھا فنکار بننے کیلئے اس کے اندر عاجزی اور خوف خدا ہونا بہت ضروری ہے۔ میں ہر دم کوئی بھی کردار ادا کرتے ہوئے اس کے چھوٹے بڑے پن کو نہیں دیکھتا بلکہ یہ دیکھتا ہوں کہ کردار میں کیسے ڈھلنا ہے۔
آغا طالش مرحوم نے بتایا تھا کہ ان کے آبائو اجداد کا تعلق ایران سے تھا۔ان کا خاندان ہجرت کرکے مشرقی پنجاب کے شہر لدھیانہ میں آباد ہوگیا تھا۔ اس زمانے میں رواج تھا کہ گورے رنگ روپ والے کو انگریز سمجھا جاتا تھا۔ میرا رنگ بہت گورا تھا اس لیے گوری چمڑی والے کاخطاب مجھے بھی ملا۔ ہم تقسیم ہند سے قبل ایران سے ہندوستان آئے تھے،اس لیے وہاںکے رسم و رواج، زبان اور انداز اپنانا شروع کردیے۔
آغا طالش مرحوم کے والد پولیس میں ملازم تھے لہٰذا والد کے مختلف شہروں میں تبادلوں کی وجہ سے آغا طالش کو بھرپور انداز سے دنیا اور انسانوں کو دیکھنے کا موقع ملا۔ آغا طالش نے بتایا کہ 20برس کی عمر تک پہنچتے ہوئے انہیں اداکاری کا جنون کی حد تک شوق ہوگیا تھا۔ میں اس دور میں ریڈیو اور اسٹیج ڈراموں میں کام کا آغاز کر چکا تھا۔ والد کے انتقال کے بعد آغا طابش ممبئی چلے گئے تھے۔ مرحوم نے بتایا تھا کہ جب پہلی مرتبہ ممبئی اسٹیشن پر بے سرو سامانی کے عالم میں پہنچا تو یوں محسوس ہوا جیسے انسانوں کے اس جنگل میں کھو جائوں گا۔ ذہن میں بڑے منصوبے اور دل میں بہت سے ارمان تھے۔ میں نے یہی سوچا کہ میں ایک روز اپنے آپ کو اسی شہر میں منوائوں گا۔ ممبئی کے فلم اسٹوڈیوز کے چکر لگانا شروع کردیے مگر وہاں معاملہ یہ تھا کہ اداکاری کا موقع ملنا تو درکنار کسی نے لفٹ بھی نہیں کرائی بلکہ اکثر اسٹوڈیو ز میں داخل ہونے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا۔ پھر سخت جدوجہد کے بعد مجھے کرشن چندر کی ایک فلم ''سوائے کے باہر‘‘ میں مختصر کردار ملا۔نمائش کے بعد یہ فلم فلاپ ہوگئی مگر میرے لیے فلمی دنیا کے دروازے کھل گئے۔ مرحوم نے بتایا کہ آواز کی دنیا میں میرے استاد مرحوم انصار ناصری، زیڈ اے بخاری، رفیع پیرزادہ، محمود غزنوی، اظہار کاظمی اور امتیاز تاج جیسے انمول صدا کار تھے۔ انہی لوگوں سے سیکھا ہوا آواز کا زیرو بم اور تلفظ ساری زندگی فلموں میں کام آیا۔
ممبئی سے لاہور منتقل ہونے کے بعد یہاں کی فلم انڈسٹری کو آغا طالش نے اپنے خون سے سینچا تھا۔ یہاں شہید، کلرک، غرناطہ، فرنگی، بہاریں پھر بھی آئیں گی، زندگی کتنی حسین ہے اور دیگر بے شمار پنجابی فلموں میں آغا طالش کی پرفارمنس اس دور کے اداکاروں کیلئے ایک مشعل راہ ثابت ہوئی۔ اگر آج کا اداکار بھی کچھ بننا چاہتا ہے تو وہ صرف آغاز طالش کی فلمیں اور ان کی پرفارمنس دیکھ لے تو اس کی فنی تربیت کیلئے بہت سا مواد مل جائے گا۔
آغا طالش کا ساتھ اپنے عروج کے دور میں علائوالدین مرحوم، الیاس کشمیری مرحوم، ریحان، سلمیٰ ،ممتاز، زینت بیگم، شمیم آرا، دیبا بیگم، ندیم، محمد علی، شاہد اور اجمل خان مرحوم جیسے انمول فنکاروں سے رہا۔ آغا طالش عام زندگی میں انتہائی سادہ طبیعت اور اخلاق کے مالک تھے۔ وہ سچے عاشق رسولﷺ بھی تھے اور دین و دنیا کو ساتھ لے کر چلنے کے قائل تھے۔ مرحوم کی زندگی عام طور پر سادہ اور ایک عام آدمی کی سی تھی مگر جونہی فلم کے سیٹ پر کیمرہ آن ہوتا تو ان کے اندر کا اداکار طالش جاگ جاتا تھا۔
مرحوم نے اپنی طویل فنی زندگی میں 400 سے زائد اردو، پنجابی فلموں میں کام کیا مگر تا عمر کسی اسکینڈل، سیاست یا کسی کی برائی سے دور رہے۔ فلم کے سیٹ پر بروقت پہنچنا، اپنے سکرپٹ اور کردار پر غور کرنا، کوئی بات سمجھ نہ آئے تو ڈائریکٹر سے پوچھنا اس عظیم اداکار کا شیوہ تھا۔ فلم انڈسٹری میں موجود اس وقت کے چند مفاد پرست فلمسازوں کے رویے کے باعث آغا طالش نے فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کر لی اور وہ گھر بیٹھ گئے۔ بالآخر اپنی بیماری اور یادوں کی بارات میں رہ کر 19فروری 1998ء کو اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔
مرحوم کا ایک بیٹا احسن طالش ان دنوں کبھی کبھار ایک نجی چینل میں بطور ڈائریکٹر کام کرتا ہوا نظر آتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ میرے والد مرحوم فنکار تھے، وہ اصولوں اور خوداری کی جنگ لڑتے رہے اور دنیا سے چلے گئے۔ اب فلم انڈسٹری آغا طالش جیسے باصلاحیت فنکاروں سے خالی ہے۔ کہاں گئے وہ لوگ!! مدتوں دنیا یاد کرے گی۔