آج کا دن
باکسرمحمد علی ٹائٹل اور لائسنس سے محروم
28اپریل 1967ء کو عظیم امریکی باکسر محمد علی نے ویتنام جنگ کی مخالفت کرتے ہوئے امریکی فوج میں بھرتی ہونے سے انکار کر دیا، جس کی پاداش میں ان سے چیمپئن شپ کا ٹائٹل اور لڑنے کا لائسنس چھین لیا گیا۔ 1971ء میں سپریم کورٹ کی طرف سے ان کی سزا کو کالعدم کر دیا گیا۔ اپنے عروج کے دور میں انہوں نے تقریباً چار سال تک کسی مقابلے میں حصہ نہیں لیا۔
سیریگنولا کی جنگ
سیریگنولا (Cerignola) کی جنگ 28 اپریل 1503ء کو ہسپانوی اور فرانسیسی فوجوں کے درمیان سیریگنولا (موجودہ اٹلی) کے مقام پر لڑی گئی۔ ہسپانوی فوج نے خود سے بڑی اور جدید جنگی آلات سے لیس فرانسیسی فوج کو شکست دی۔ اسے تاریخ کی پہلی یورپی لڑائیوں میں سے ایک کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جو گن پائوڈر والے چھوٹے ہتھیاروں سے جیتی گئی تھی۔
آذربائیجان روس کا حصہ بنا
1920ء میں آج کے روز آذربائیجان کو روس کا حصہ بنایا گیا۔ یہ1991ء تک سوویت یونین کا حصہ رہا۔ اس ملک کی تاریخ بہت پرانی ہے، چار سو سال قبل مسیح یہ البانیہ کا علاقہ تھا تب آذربائیجان کے شمال میں قفقاز البانیہ اور جنوب میں فارس موجودہ ایران واقع تھے۔ ساتویں صدی عیسوی میں عہد معاویہ کی حکومت میں اس علاقہ کو عربوں نے فتح کیا اور اسلام اس خطے میں پھیلا۔ دسویں صدی عیسوی میں بادشاہ نوشیرواں نے اس پر اپنی گرفت مضبوط کی نوشیرواں کی داستانوں کے متعدد قصے فارسی اور اردو لٹریچر میں موجود ہیں۔
پھانسی کیلئے گیس چیمبرز کا استعمال
1945ء میں آج کے روز نازی جرمنی نے ماوتھاؤسن حراستی کیمپ میں 33 سوشلسٹ اور کمیونسٹ رہنماؤں کو پھانسی دینے کیلئے گیس چیمبرز کا استعمال کیا گیا۔ دوسری جنگ عظیم کے دوران یورپی یہودیوں کی نسل کشی کی گئی جسے ''ہولو کاسٹ‘‘ کہا جاتا ہے ۔ 1941ء اور 1945ء کے درمیان تقریباً 60 لاکھ یہودیوں کو منظم طریقے سے قتل کیا، جو یورپ کی یہودی آبادی کا تقریباً دو تہائی ہیں۔ یہ قتل عام کیمپوں میں بڑے پیمانے پر فائرنگ اور زہریلی گیس کے ذریعے کیا گیا۔