جمیل فخری قابل فخر فنکار
اسپیشل فیچر
پاکستان کی شوبز دنیا میں لاتعداد ایسے اداکار ہیں جنہیں اپنے فن کے ابتدا میں ہی ایسے کردار ملے کہ وہ جلد ہی شہرت اور مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچ گئے مگر ایسے اداکار بہت کم ہیں جنہوں نے اپنی شہرت کو مرتے دم تک نہ صرف قائم رکھا بلکہ اپنی ایک منفرد اور لازوال پہچان بنائی۔ ایسے ہی فنکاروں میں ایک نام نامور پرائیڈآف پرفارمنس ایوارڈ یافتہ اداکار جمیل فخری کا آتا ہے۔ جمیل فخری 40 برس سے زائد عرصہ تک فن کی دنیا پر چھائے رہے۔ 1970ء کی دہائی میں فن اداکاری کا آغاز کیا۔ وہ پیشے کے حوالے سے ایک بنک میں کلرک تھے مگر بنیادی طورپر خدا نے انہیں فنکار بنا کر دنیا میں بھیجا تھا۔ لہٰذا بنک کی ملازمت پیچھے رہ گئی اور مرحوم نے وقت سے پہلے ریٹائرمنٹ لی پوری توجہ فن اداکاری کی طرف کر لی۔
جمیل فخری نے بطور اداکار1964ء میں ہی کام کا آغاز کردیاتھا مگر ان کی باقاعدہ پہچان 1970ء میںبنناشروع ہوئی جمیل فخری کے بارے میں اگر یہ کہا جائے کہ وہ ایک اکیڈمی کا درجہ اختیار کر گئے تھے تو غلط نہ ہوگا۔ مرحوم کو اپنے فن سے بے پناہ پیار اور لگن تھی۔ جمیل فخری نے کمر عمری میں ہی ایک تھیٹر ڈرامے سے لاہور میں کام کا آغاز کیاتھا۔ جمیل فخری مرحوم نے بتایا تھاکہ انہیں بچپن سے اداکاری کا کوئی خاص شوق نہیں تھا مگر جب بھی کام پر داد ملتی تو رجحان بڑھتا چلا گیا۔ مرحوم کہا کرتے تھے کہ دراصل انسان کچھ سوچ رہاہوتا ہے اور اس کو پیدا کرنے والا خدا اس کیلئے کوئی اور راستہ بنا رہا ہوتا ہے۔ چنانچہ میں آہستہ آہستہ اداکاری کی طرف سفر کرتا چلا گیا۔
جمیل فخری نے تھیٹر ڈراموں میں مقبول ہونے کے بعد پی ٹی وی لاہور سنٹر سے یاور حیات کے خصوصی ڈرامے ''طلوع‘‘ سے کام کا آغاز کیا تھا۔ اس کے بعد رائٹر یونس جاوید کے لکھے ہوئے ایک لانگ پلے''رگوں میں اندھیرا‘‘ کے ایک کردا نے جمیل فخری کوٹی وی کا سٹار بنا دیا۔ اسی ڈرامے کو بعد ازاں سیریز کی شکل دیکر ''اندھیرا اجالا‘‘ کے نام سے شروع کیا گیا۔ اس سیریز کے زیادہ ڈرامے پی ٹی وی لاہور سنٹر کے سابق پروڈیوسر راشد ڈار نے کیے۔ ''اندھیرا اجالا‘‘ میں انسپکٹر جعفر حسین کے کردار نے جمیل فخری کو ایک مستند اور عالمی شہرت یافتہ اداکار بنا دیا۔'' اندھیرا اجالا‘‘ کی ہی مقبولیت جمیل فخری کو فلموں میں لے گئی۔ جہاں انہوں نے تقریباً80 کے قریب فلموں میں مختلف نوعیت کے کردار اداکیے۔ ان کی مشہور فلموں میں شباب کیرانوی مرحوم کی فلم ''اک دن بہو کا‘‘، ہدایتکار محمد جاوید فاضل کی فلم'' آہٹ‘‘، ہدایت کار نذر السلام مرحوم کی ''پلکوں کی چھائوں میں‘‘ اور دیگر شامل ہیں۔
مرحوم نے فلموں سے زیادہ تھیٹر ڈراموں اور ٹی وی کے ڈراموں کی طرف ہی زیادہ توجہ رکھی۔ دس برس قبل انہوں نے ریڈیو پاکستان لاہور کے ڈراموں میں بھی صدا کار کے طورپر یاد گار کردار ادا کیے۔ ڈائریکشن کی طرف مرحوم کا کبھی بھی رجحان نہ رہا۔ وہ کہا کرتے تھے کہ میں ایک وقت میں ایک ہی کام کرنے کا قائل ہوں۔ مرحوم اپنے عہد کے وہ منفرد اداکار تھے جنہوں نے اپنے ہر کردار پر بھرپور محنت کی۔ وہ گیٹ اپ کے حوالے سے بہت دلچسپی لیا کرتے تھے۔ ڈرامہ کا پورا سکرپٹ یاد کرلیتے اور پھر مزے لے کر اپنا کردار ادا کرتے تھے۔ وہ کہا کرتے تھے کہ ایک وقت میں ایک کام کرو اور اسی میں کمال حاصل کرو۔ جمیل فخری عمر ساری عمر کسی اداکار سے متاثر نہ ہوئے۔ وہ کہا کرتے تھے کہ میں کسی کی اچھی اداکاری دیکھ کر اس کی تعریف ضرور کرتا ہوں مگر اپنی اداکاری میں اپنا ہی انداز اپنا کر کام کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ ان کے ٹی وی ڈراموں میں دلدل، وارث، تانے بانے، جنجال پورہ، محلے دار،آپ کی خاطر، من چلے کا سودا، ہوائیں ایسے ڈرامے تھے جن کے کرداروںنے مرحوم کو نمایاں کرنے میں بہت اہم کردار اداکیا۔
جمیل فخری انتہائی حساس طبیعت کے مالک تھے وہ معاشرے میں کسی پر زیادتی ہوتی دیکھ کر بے چین ہوجاتے تھے۔ عمر کے آخری حصے میں وہ خود بھی ظلم اور استحصال کا شکار ہوئے۔ جس پر وہ بہت رنجیدہ اور پریشان رہے۔ دو برس قبل لاہور میں ان کی پرانی رہائش گاہ راوی روڈ میں گھر کے ایک حصے پر کسی نے قبضہ کرلیا۔ پھر ان کے بڑے بیٹے ایاز فخری کو امریکہ میں اغوا اورقتل کے حادثے نے جمیل فخری کی ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں کو بے پناہ متاثر کیا اور وہ بیٹے کے غم کو ہی لے کر دنیا سے چلے گئے۔
جمیل فخری کواپنے کلچر سے بہت پیار تھا۔ وہ کہا کرتے تھے کہ ہمارا کلچر بہت وسیع ہے اور ہمیں اس کو مد نظر رکھ کر کام کرنا چاہئے۔ زندگی کا سب سے یادگار لمحہ مرحوم کیلئے تمغہ حسن کارکردگی کا ملنا تھا۔ وہ کہا کرتے تھے کہ تمغے کے ساتھ اگر حکومت فنکار کو طبی سہولتیں، سفری رعایت اور وی آئی پی پر وٹوکول بھی فراہم کرے تو فنکار کی ساری زندگی کی محنت امر ہوجائے اور اسے اداکار بننے پر فخر ہو۔ جمیل فخری اپنی زندگی کے آخری دور میں دین کے بہت قریب ہوگئے تھے۔ خدا نے انہیں عمرے اور حج کی سعادت عطا کی۔ اس کے بعد مرحوم نے نماز پنجگانہ اور تبلیغ کا بھی کام شروع کردیا تھا۔ وہ ہر فنکار سے کہتے کہ نماز روزے کی پابندی کرو۔
جمیل فخری سیٹ پر ہمیشہ اپنا ہوم ورک کرکے آیا کرتے تھے۔ مرحوم نے ساری زندگی خوش مزاجی اور اپنے اندر عاجزی کو ترجیح دی۔ جمیل فخری نے اپنے طویل کریئر میں کامیڈی سنجیدہ اور منفی نوعیت کے علاوہ عوامی کردار بھی ادا کیے اور ہر رنگ میں اپنا منفرد انداز لیکر سامنے آئے۔ مرحوم نے فلموں میں ہدایت کار شباب کیرانوی،ظفرشباب،نذرالسلام مرحوم، مسعود بٹ، محمد جاوید فاضل مرحوم سمیت دیگر نامور ڈائریکٹرز کے ہمراہ کام کیا مگر وہ اسی کے قریب فلموں میں کام کرنے کے بعد دوبارہ ٹی وی ڈراموں کی طرف لوٹ آئے۔ مرحوم نے ساری زندگی ظلم اور زیادتی کے خلاف جہاد کیا۔ ان کے دنیا سے جانے کے بعد ایک باوقار فن کاری کا ایک عہد ختم ہوگیا۔ وہ فن کی دنیا کا ایسا اثاثہ تھے جس پر جتنا بھی فخر کیا جائے کم ہے۔