دنیا کی خوبصورت آبشاریں
![دنیا کی خوبصورت آبشاریں](https://dunya.com.pk/news/special_feature/specialFeature_img/27688_25769507.jpg)
اسپیشل فیچر
ایگوازو فالس (Iguazu Falls):
یہ ارجنٹینا میں ہے۔ اس آبشار سے ایک سیکنڈ میں ایک ہزار کیوبک لیٹر پانی گرتا ہے۔ یہاں کا موسم عام طور پر گرم ہوتا ہے۔ ایگوازو آبشار تقریباً 275 چھوٹے جھرنوں کا مجموعہ ہے۔ یہ 82 میٹر بلند ہے۔ آبشار کا پانی ایگوازو دریا میں جاکر ملتا ہے جو برازیل، پراگ اور ارجنٹائنا سے ہوکر گزرتا ہے۔
وکٹوریہ فالس
زمبابوے اور زمبیا کی سرحد پر واقع یہ آبشار108 میٹر بلند ہے۔ 1855ء میں ڈیوڈ لیونگ اسٹون نے اس آبشار کو دریافت کرنے کے بعد اسے برطانیہ کی ملکہ وکٹوریہ سے موسوم کیا تھا۔ اس آبشار سے ایک سیکنڈ میں ایک ملین کیوبک لیٹر پانی گرتا ہے۔ اس کا شمار دنیا کے سات قدرتی عجائبات میں ہوتا ہے۔ مقامی افراد اسے ''موسی اوآتونیا‘‘ کہتے ہیں جس کا مطلب ہے ایسا دھواں جس سے بجلیوں کی سی آواز آتی ہے۔
نیاگرا فالز
شمالی امریکہ میں واقع یہ دنیا کی سب سے مشہور اور حجم کے اعتبار سے دنیا کی سب سے بڑی آبشار ہے۔ 51 میٹر اونچے اس آبشار سے ایک سیکنڈ میںسات ہزار کیوبک لیٹر پانی گرتا ہے۔ اس آبشار کی خاص بات یہ ہے کہ اسے کسی بھی زاویے سے دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ تینآبشاروں، ہورس شو فالس، دی امریکن فالس اور برائڈل ویل فالس کا مجموعہ ہے۔ نیاگرا فالس امریکہ اور کنیڈا کی سرحد پر ہے۔
اینجل فالز
دنیا کی بلند ترین آبشار ہے۔ وینزویلا میں واقع یہ آبشار 979 میٹر بلند ہے۔ 1935ء میں امریکی ہوا باز جیمز کرافورڈ اینجل نے پرواز کے دوران اسے پہلی مرتبہ دیکھا تھا۔آبشار انہی سے موسوم ہے۔
کائتور آبشار
گیانا میں واقع ہے اس آبشار کی بلندی 226میٹر ہے۔ یہ امیزون کے بارانی جنگلات میں واقع ہے۔ اس سے ایک سیکنڈ میں663 کیوبک میٹر پانی گرتا ہے۔ اس کا شمار دنیا کے طاقتور ترین آبشاروں میں ہوتا ہے۔ اسے 1870ء میں چارلس برنگٹن برائون نے دریافت کیا تھا۔ یہ آبشار ایک معمر شخص سے موسوم ہے جسے اس کے رشتہ داروں نے اسے ایک کشتی میں بٹھا کر آبشار سے نیچے گرادیا تھا۔ اس لئے اس کا نام ''کائتور‘‘ یعنی 'بوڑھے آدمی کی آبشار‘پڑ گیا۔
یوسومیٹ فالز
یہ یوسومیٹ نیشنل پارک، کیلیفورنیا میں ہے جس کی اونچائی 739 میٹر ہے۔ اس آبشار کے نیچے ایک قبیلہ آباد ہے جسے 'شولوک‘ کہا جاتا ہے۔ ان لوگوں کا خیال ہے کہ آبشار کے نیچے جادوگرنیوں کی روحیں بھٹکتی ہیں۔
گلفوس فالز
یہ آئس لینڈ میں واقع ہے جس کی بلندی 32 میٹر ہے۔ موسم گرما میں گلفوس آبشار سے ایک سیکنڈ میں 140 کیوبک میٹر پانی گرتا ہے۔اس آبشار کی خاص بات یہ ہے کہ اوپر سے دیکھنے پر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پانی نیچے جا کر زمین میں کہیں غائب ہورہا ہے۔ اسے ہالی ووڈ کی متعدد فلموں میں بھی دکھایا گیا ہے۔
ڈیٹیفوس فالز
یہ شمال مشرقی آئس لینڈ میں ہے۔ اس آبشار میں پانی وتنجکل نامی برف کے تودے سے آتا ہے۔ اس کی بلندی 44 میٹر ہے۔ اسے یورپ کی سب سے طاقتور آبشار خیال کیا جاتا ہے۔ ڈیٹیفوس فالس کے پانی کے بہائو کی شدت اتنی ہوتی ہے کہ اس کے اطراف کی چٹانوں میں ارتعاش پیدا ہوتا ہے۔سورج کی روشنی میں آبشار کی بوچھاڑ سے180 ڈگری کی قوس قزح بن جاتی ہے۔
پلیٹویزے فالز
یہ پلیٹویزے نیشنل پارک، کروشیا میں ہے۔یہ چھوٹے چھوٹے کئی آبشاروں کا مجموعہ ہے۔ اس آبشار کو مکمل طور پر دیکھنے کیلئے چھ گھنٹے لگتے ہیں۔ یہ 78 میٹر بلند ہے۔ یہ آبشار 2حصوں میں منقسم ہے۔ پہلے حصے میں دریا ہے جہاں پانی جمع ہوتا ہے جبکہ دوسرے حصہ آبشار ہے۔
سدرلینڈ آبشار
یہ نیوزی لینڈ میں ہے جس کی بلندی581 میٹرہے۔ چونکہ یہ عمودی ہے اس لئے نیچے سے دیکھنے پر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے آبشار آسمان سے گر رہی ہو۔ اس کی دریافت سکاٹ لینڈ کے شکاری ڈونالڈ سدرلینڈ نے کی تھی۔
جوگ آبشار
ہندوستان کی دوسرا بلند ترین آبشار ہے جو کرناٹک میں ہے۔ دنیا کے بہترین آبشاروں میں یہ13 ویں نمبر پر ہے۔ یہ253 میٹر بلند ہے۔
ڈیٹیئن آبشار
یہ ویتنام اور چین کی سرحد پر واقع ہے۔ دونوں ممالک کے افراد اسے مختلف ناموں سے پکارتے ہیں۔ یہ آبشار 30 میٹر بلند ہے۔ یہ دنیا کی چوتھی سب سے بڑا آبشار ہے جو دو ممالک کی سرحد پر واقع ہے۔ اس کے اطراف میں پودوں کی کم یاب اقسام پائی جاتی ہیں۔ آبشار کے اطراف میں چونے کے پتھروں کی بہتات ہے۔
سیلا لینڈ فوس فالز
یہ آئس لینڈ کے جنوبی حصے میں ہے جس کی بلندی 60 میٹر ہے۔ یہ آبشار سیلا لینڈ دریا کا حصہ ہے۔ اس آبشار کو ہالی ووڈ کی کئی فلموں میں دکھایا گیا ہے۔ جسٹن بیبر کے مشہور البم 'آئی ول شو یو‘ کے چند مناظربھی اسی آبشار کے کنارے شوٹ کئے گئے ہیں۔
رائن فالز
یہ سوئزر لینڈ اور یورپ کا سب سے بڑا آٰبشار ہے۔ یہ آبشار شمالی سوئزر لینڈ کے شہر زیورخ اور کینٹن شافہ زن کی سرحد پر واقع ہے۔ رائن 23 میٹر بلند ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ آبشار 14 ہزار سے17 ہزار سال پہلے جاری ہوا تھا۔
اسکوگافوس فالز
یہ جنوبی آئس لینڈ کے مشہور دریا اسکوگا پر واقع ہے۔ اس کی بلندی 60 میٹر ہے۔ سورج کی روشنی میں اس آبشار کے قریب دو قو س قزح بنتی ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ برسوں پہلے ایک جنگجو نے آبشار کے عقب میں واقع غار میں خزانوں کے صندوق چھپائے تھے، جن کی تلاش اب بھی جاری ہے ۔