تاریخ کے ہولناک قحط

تاریخ کے ہولناک قحط

اسپیشل فیچر

تحریر : خاورنیازی


کسی بھی ملک یا خطے میں غذائی قلت ، جس میں کسی بھی جاندار کیلئے خوردنی اشیا ناپید ہو جائیں، اس کیفیت کو قحط سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ ہر خطے میں اس کی وجوہات مختلف ہو سکتی ہیں مثلاً وبائی امراض ، خشک سالی ، یا کچھ دیگر ناگہانی آفات وغیرہ۔قحط کی عمومی طور پر دو اقسام ہوتی ہیں۔ ایک قدرتی ،جس میں قدرت کی طرف سے بروقت بارشوں کا نہ ہونا یا قدرتی آفات کے سبب اجناس کا ضائع ہو جانا۔ دوسری قسم مصنوعی قحط ہوتا ہے جو سرمایہ داروں کی طرف سے اشیائے خور ونوش یا اجناس کی قیمتوں کو بڑھانے کیلئے پیدا کیا جاتا ہے۔
معروف امریکی تاریخ دان میتھیو وائٹ نے قحط بارے بہت خوبصورت الفاظ میں ''دریا کو کوزے‘‘ میں بند کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے اپنی کتاب '' دی گریٹ بک آف ہاریبل تھنگز‘‘ میں ایک سو بدترین سفاکیوں کا جائزہ پیش کیا ہے جن کے دوران سب سے زیادہ انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ اس کتاب میں چوتھی بد ترین سفاکی، برطانوی دور میں ہندوستان میں آنے والے قحط کا تذکرہ ہے جس میں بقول میتھیو '' دو کروڑ 66لاکھ انسانی جانیں ضائع ہوئی تھیں ‘‘۔
آگے ایک جگہ میتھیو وائٹ لکھتے ہیں ''امیر ترین لوگوں کو قحط سے فائدہ ہوتا ہے۔قحط عالمی معیشت کی جڑ ہے۔بھوکے لوگ زیادہ کام کرتے ہیں خاص طور پر وہاں جہاں ہاتھ سے کام ہوتا ہے۔دنیا میں اگر بھوکے نہ ہوں تو کھیتوں میں ہل کون چلائے گا؟۔ ٹوائلٹ کون صاف کرے گا؟ ہم میں سے بہت سارے لوگوں کیلئے بھوک کوئی مسئلہ نہیں ہے بلکہ دولت حاصل کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔
قحط کے سرمایہ دارانہ نظام سے تعلق پر روشنی ڈالتے ہوئے میتھیو نے اپنی اسی کتاب میں ان الفاظ میں اظہار کیا ہے ''سرمایہ دارانہ معیشت کا ایک ہدف یہ بھی ہوتا تھا کہ قیمتوں کو بلند ترین سطح پر رکھنے کیلئے پیداوار کو تباہ کر دو۔ اسی وجہ سے اگست 1933 میں انگلستان اور سپین کے درمیان 15 لاکھ نارنگیاں بے دردی سے سمندر میں پھینک کر ضائع کر دی گئیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ ایک مرتبہ آئر لینڈ کی گایوں کا بڑی مقدار میں دودھ جو گلاسکو پہنچ چکا تھا دریائے کلائیڈ میں بہا دیا گیا۔یہ شرمناک واقعہ تو تاریخ کی کتابوں میں برسوں یاد رہے گا جب برازیل میں 1931ء سے 1936ء کے دوران کافی کے تقریباً 4کروڑ بیگ جلا دئیے گئے،جو ایک اندازے کے مطابق کل دنیا کی کافی کی ڈیڑھ سال کی ضرورت کے برابر تھی‘‘۔اب دنیا میں قحط کے پیش آئے چند بڑے واقعات کا ذکر کرتے ہیں۔
ہندوستان کا قحط
1630ء سے 1632ء کے دوران گجرات (ہندوستان)میں آنے والے ایک ہولناک قحط بارے معروف یورپی مورخ پیٹر منڈی کہتا ہے ''گجرات کا قحط 1630ء میں خشک سالی سے شروع ہوا۔اگلے سال فصلوں پر چوہوں اور ٹڈی دل کے حملے اور پھر بہت زیادہ غیر متوقع بارشیں۔قحط اور پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے اموات کا ختم نہ ہونے والا سلسلہ ایسا شروع ہوا جو 1631ء تک تیس لاکھ افراد کی جان لے چکا تھا۔ لوگوں نے دیوانہ وار کم متاثرہ علاقوں کا رخ کرنا شروع کردیا نتیجتاً بہت سارے لوگ راستے میں ہی دم توڑتے گئے ،یہاں تک کہ سڑکیں لاشوں سے بند ہو گئیں۔
مورخ کارنیلئس ویلیرڈ ، ہندوستان کے قحطوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہتا ہے '' ہندوستان میں دو ہزار سالوں میں17 دفعہ قحط پڑا، ایسٹ انڈیا کمپنی کے 120سالہ دور میں 34 دفعہ ملک کو قحط سے گزرنا پڑا۔مغلیہ دور میں قحط کے زمانے میں لگان (ٹیکس ) کم کر دیا جاتا تھا مگر ایسٹ انڈیا کمپنی کے دور میں 1770ء اور 1771ء میں قحط کے دوران لگان بڑھا کر 60 فیصد کر دیا گیا تھا۔ہندوستان کے1876ء کے قحط کے دوران بھی انگریز ہندوستان سے غلہ برآمد کرتے رہے۔اس قحط میں 70 لاکھ ہلاکتیں ہوئیں۔
1943ء کے بنگال کے قحط بارے یورپی مورخ وارن ہیسٹنگز کے بقول ، اس قحط میں لگ بھگ ایک کروڑ افراد بھوک سے مر گئے تھے جو کل آبادی کا ایک تہائی تھا۔لوگ روٹی کی خاطر بچے بیچنے لگ گئے تھے۔
یوکرین کا قحط
یوکرین اپنے دور میں دولت سے مالا مال خطہ اور سوویت یونین کا سب سے زرخیز علاقہ ہوا کرتا تھا۔ دولت اور وسائل کے اعتبار سے یہ روس کے بعد سب سے وسائل رکھنے والا اور معاشی طور پر مستحکم خطہ تھا۔1928ء میں وہاں کے کسانوں نے اسٹالن کی پالیسیوں کے خلاف بغاوت کی تو اسٹالن نے 1932ء اور 1933ء کے دوران وہاں بدترین قحط پیدا کردیا۔ جسے تاریخ میں ''ہالو ڈرمر ‘‘ (Holodomor )کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ مورخین کے مطابق ان دو سالوں میں یوکرین میں قحط سے 70 لاکھ افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
چین کا عظیم ترین قحط
چین میں گزشتہ صدی کے چھٹے عشرے کے دوران ملک میں مسلسل خشک سالی پر حکمرانوں کو احساس ہوا کہ اس کا سبب پرندے ، کیڑے مکوڑے اور کچھ دیگر جانور ہیں۔1958ء میں چینی انقلابی رہنما موزے تنگ نے ملک میں ہنگامی بنیادوں پر پرندوں اور کیڑے مکوڑوں کے ساتھ چار سالہ ایک جنگ کا آغاز کیا ، جس کا نام ''چار حشرات خاتمہ مہم‘‘(Four Pests compaign)رکھا گیا۔بنیادی طور پر اس مہم کا مقصد مچھروں، مکھیوں، چوہوں اورچڑیا کی پائی جانے والی عام نسل کو صفحہ ہستی سے مٹانا تھا۔ رفتہ رفتہ یہ '' چڑیا مار مہم‘‘ کے نام سے جانی جانے لگی۔ یہ مہم 1962ء تک جاری رہی۔ چینی حکام کا خیال تھا کہ کچھ حشرات الارض ،بالخصوص چڑیاں ، چاول ، گندم اور دیگر فصلات کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور شاید یہی وجہ ہے کہ ملک قحط کی طرف تیزی سے جارہا ہے۔
ماوزے تنگ کے اعلان کے بعد لوگوں نے اس مہم کے دوران ان جانداروں کا ہر جگہ تعاقب کیا۔مورخین کے مطابق دنیا حیران تھی کہ چڑیا جیسے معصوم پرندے کی ہلاکت کا کیا جواز ہے ؟۔لوگوں نے چڑیا کا کسی خطرناک مجرم کی طرح تقریباً ہر جگہ تعاقب کیا یہاں تک کہ لوگوں نے چڑیا کے گھونسلے تباہ کر ڈالے، ان کے بچوں کو مار دیا، انڈے توڑ ڈالے اور جہاں بھی چڑیا یا اس کے بچے نظر آتے لوگ ٹین کے ڈبے بجا کر اسے ڈرا کر بھگا دیتے۔ رفتہ رفتہ چین میں چڑیا کی نسل تقریباً ختم ہو گئی۔
ماہرین ماحولیات کہتے ہیں، چین میں چڑیا کی نسل کے خاتمے کے ساتھ ہی حشرات الارض کی تعداد میں اضافہ ہونا شروع ہوا کیونکہ حشرات الارض کو سب سے زیادہ کھانے والا پرندہ، یعنی چڑیا کا خاتمہ ہو چکا تھا اور فصلوں کو نقصان پہنچانے والی حشرات بے قابو ہو چکی تھی۔جس کے باعث فصلوں کو ناقابل بیان نقصان پہنچنا شروع ہوا۔چاول کی فصل تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ، جبکہ دوسری فصلوں کا بھی یہی حال ہوتا چلا گیا۔جس سے ملک میں رفتہ رفتہ قحط نے پنجے گاڑھنا شروع کر دئیے۔
چینی حکام کو اپنی ناعاقبت اندیشی کا احساس ہوا تو اسے ملک بھر میں اعلان کرنا پڑا کہ فوری طور پر ''چڑیا مار مہم‘‘ کو روک دیا جائے ، لیکن اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ ایک طرف چڑیوں کی نسل کا خاتمہ ہو گیا تو دوسری طرف قحط نے دو کروڑ افراد کو موت کے منہ میں پہنچا دیا۔ اس ''چڑیا مارمہم‘‘ کو چین کی بدترین آفات میں شمار کیا جاتا ہے۔مورخین اسے عذاب الہٰی سے تعبیر کرتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
ایئر ڈیفنس سسٹم کیسے کام کرتا ہے؟

ایئر ڈیفنس سسٹم کیسے کام کرتا ہے؟

دنیا میں جدید جنگوں کی نوعیت بدل چکی ہے۔ اب میدانِ جنگ صرف زمین تک محدود نہیں رہا بلکہ فضا، خلا اور سائبر سپیس بھی جنگی حکمت عملیوں کا اہم حصہ بن چکی ہیں۔ اسی تناظر میں ایئر ڈیفنس سسٹم کسی بھی ملک کی سلامتی کا ایک ناگزیر جزو بن چکا ہے۔ یہ سسٹم دشمن کے فضائی حملوں کو روکنے، میزائلوں، ڈرونز، جنگی طیاروں اور دیگر فضائی خطرات کو تباہ کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ ایئر ڈیفنس سسٹم کیسے کام کرتا ہے ایئر ڈیفنس سسٹم دراصل ایک جامع دفاعی نظام پر مشتمل ہوتا ہے جو زمین سے فضا میں آنے والے کسی بھی خطرے کی بروقت شناخت، سراغ رسانی، تعاقب اور تباہی کے لیے کام کرتا ہے۔ اس نظام میں مختلف ٹیکنالوجیز شامل ہوتی ہیں:ریڈار سسٹم: جو فضا میں موجود اشیا(جیسا کہ طیارے، میزائل، ڈرونز) کی نشاندہی کرتا ہے۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم: جو خطرے کا تجزیہ کرتا ہے اور دفاعی اقدامات کے لیے ہدایات جاری کرتا ہے۔میزائل یا راکٹ: جو نشانے پر فائر کئے جاتے ہیں اور دشمن کی فضائی قوت کو تباہ کرتی ہیں۔ایئر ڈیفنس سسٹمز کو دو اقسام میں تقسیم کیا جا سکتا ہے! شارٹ رینج سسٹمز: یہ عام طور پر قریبی خطرات جیسے ڈرونز یا لو فضا میں پرواز کرنے والے میزائلوں کے خلاف استعمال ہوتے ہیں۔ لانگ رینج سسٹمز: یہ سینکڑوں کلومیٹر دور سے آنے والے بیلسٹک میزائل یا جنگی طیاروں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔دنیا کے بڑے اور مشہور ایئر ڈیفنس سسٹمز۔ ایس400 ٹریومف،روسایس400 دنیا کا سب سے جدید اور خطرناک ائئر ڈیفنس سسٹم مانا جاتا ہے۔ یہ سسٹم روس نے تیار کیا ہے اور اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ایک وقت میں 36 اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ اس کی رینج 400 کلومیٹر تک ہے اور یہ 30 کلومیٹر بلندی تک اہداف کو نشانہ بناسکتا ہے۔چین ، ترکی اور بھارت نے یہ نظام خریدا ہے۔معرکۂ حق کے دوران افواج پاکستان کی کارروائی میں اس ائیر ڈیفنس سسٹم کو بھی تباہ کیا گیا تھا جو کہ اپنی نوعیت کا ایک الگ کارنامہ ہے۔پیٹریاٹ، امریکہامریکی ساختہ پیٹریاٹ سسٹم 1980ء کی دہائی سے استعمال کیا جارہا ہے۔ یہ سسٹم خاص طور پر بیلسٹک میزائلوں اور طیاروں کے خلاف مؤثر ہے۔ سعودی عرب، جاپان ، اسرائیل اور دیگر ممالک میں یہ سسٹم تعینات ہے۔ آئرن ڈوم، اسرائیلیہ سسٹم اسرائیل نے تیار کیا ہے اور وہی اسے استعمال کرتا ہے۔ یہ مختصر فاصلے پر داغے جانے والے راکٹ اور مارٹر گولوں کو روکنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ آئرن ڈوم کو ایک تیز ردعمل دینے والا سسٹم مانا جاتا ہے تاہم حالیہ دنوں ایران کے میزائلوں کے خلاف بارہا اس سسٹم کی ناکامی ثابت ہوئی ہے۔THAAD،امریکہTHAAD (Terminal High Altitude Area Defense )سسٹم امریکی ڈیفنس کمپنی لاک ہیڈ مارٹن نے تیار کیا تھا۔ یہ بیلسٹک میزائلوں کو ان کے ٹرمینل فیز میں یعنی جب وہ زمین کے قریب آ رہے ہوں،مار گرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کی رینج 200 کلومیٹر سے زائد ہے۔HQ-9،چینیہ چینی ایئر ڈیفنس سسٹم روسی ایس300 کا متبادل ہے۔ یہ سسٹم درمیانے اور طویل فاصلے کے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ چین نے اسے پاکستان، ترکمانستان اور دیگر اتحادی ممالک کو فراہم کیا ہے۔ باراک 8 یہ زمین سے فضا میں مار کرنے والا میزائل سسٹم بھارت اور اسرائیل کا تیار کردہ ہے جو خاص طور پر بحری جنگی جہازوں کے تحفظ کے لیے بنایا گیا ہے۔ یہ 100 کلومیٹر فاصلے تک کے فضائی خطرات کو نشانہ بنا سکتا ہے۔پاکستان کا ایئر ڈیفنس سسٹمپاکستان ایئر ڈیفنس کے حوالے سے خاصا متحرک ہے۔ پاکستان آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ پاک فضائیہ کے ساتھ مل کر مختلف سسٹمز پر کام کر رہی ہے۔ پاکستان کے اہم سسٹمز میں چینی HQ-9، LY-80 (میڈیم رینج) اور خود تیار کردہ ہتھیار شامل ہیں۔ پاکستان نے حالیہ برسوں میں FD-2000 جیسے جدید چینی سسٹمز بھی حاصل کیے ہیں۔مستقبل کے ایئر ڈیفنس سسٹمزدنیا بھر میں ایئر ڈیفنس کی سمت تیزی سے بدل رہی ہے۔ اب ہائپرسانک میزائلز، سٹیلتھ ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے استعمال سے فضائی دفاع مزید پیچیدہ ہو چکا ہے۔ امریکہ اور چین جیسے ممالک لیزر ڈیفنس سسٹمز پر بھی کام کر رہے ہیں جو روشنی کی رفتار سے اہداف کو تباہ کر سکتے ہیں۔بلا شبہ ایئر ڈیفنس سسٹمز آج کے دور کی جنگی حکمت عملیوں کا ایک اہم ستون بن چکے ہیں۔ چاہے وہ کسی ملک کی سرحدی حفاظت ہو یا شہری آبادیوں کا دفاع، ان کا کردار ناقابلِ انکار ہے۔ جیسے جیسے دنیا میں ٹیکنالوجی ترقی کر رہی ہے، ویسے ویسے ان سسٹمز کی اہمیت اور افادیت بڑھتی جا رہی ہے۔ ہر ملک اپنی دفاعی ضروریات کے مطابق ایئر ڈیفنس میں سرمایہ کاری کر رہا ہے تاکہ کسی بھی فضائی حملے کا مؤثر اور فوری جواب دیا جا سکے۔

نوجوان الجھن کا شکار کیوں؟

نوجوان الجھن کا شکار کیوں؟

تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی، شعور اور بقا کی بنیاد ہوتی ہے اور طالب علم قوم کا مستقبل سمجھے جاتے ہیں۔ پاکستانی معاشرے میں نوجوانوں کل آبادی کاتقریباً65 فیصدبنتے ہیں۔ ان میں سے اکثریت طالب علموں پر مشتمل ہے۔ یہ نوجوان پاکستان کے مستقبل کے معمار ہیں لیکن بدقسمتی سے ہمارے تعلیمی نظام اور معاشرتی حالات ایسے ہیں کہ اکثر طلبہ منزل کی سمت واضح نہ ہونے کے باعث الجھن کا شکار رہتے ہیں۔ایسے میں طلبہ کی صحیح رہنمائی، مشورہ اور کردار سازی ازحد ضروری ہو جاتی ہے تاکہ نوجوان تعلیمی، اخلاقی، سماجی اور پیشہ ورانہ میدانوں میں کامیاب ہو سکیں۔تعلیم کا مقصد صرف ڈگری نہیںہمارے ہاں تعلیم کو صرف ملازمت حاصل کرنے کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے اور والدین اور اساتذہ طالب علموں کو اکثر نمبروں کی دوڑ میں لگائے رکھتے ہیں، جبکہ تعلیم کا اصل مقصد شعور، سوچ، تحقیق، اخلاق اور ہنر کی تربیت ہوتا ہے۔ ایک باشعور طالب علم وہی ہوتا ہے جو کتابوں سے زیادہ سیکھنے پر توجہ دے، سوال کرے، تحقیق کرے اور تخلیقی سوچ اپنائے۔اس کے لیے ضروری ہے کہ مطالعہ کی عادت اپنائیں۔ہمارے ملک کے نوجوانوں میں مطالعہ کی عادت کم ہوتی جا رہی ہے۔اس کی ایک بڑی وجہ سوشل میڈیا، غیر متعلقہ مواد اور غیر نصابی سرگرمیوں میں وقت کا ضیاع ہے۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ صرف نصاب ہی نہیں بلکہ حالات حاضرہ، تاریخ، سائنس، مذہب، ادب اور معاصر موضوعات کابھی مطالعہ کریں۔ روزانہ کم از کم 30 منٹ کا مطالعہ ایک کامیاب زندگی کی طرف قدم ہے مگر یہ کم از کم حد ہے‘ اس میں اپنی کوشش سے جو اضافہ کر سکے یہ اس کیلئے مفید ہے۔ یہ بھی مد نظر رکھیں کہ کامیاب زندگی کی بنیاد وقت کی قدر اور نظم و ضبط ہے۔ ایک طالب علم کو اپنی روزمرہ کی زندگی میں باقاعدگی، منصوبہ بندی اور وقت کے درست استعمال کو شعار بنانا چاہیے۔ سونے، جاگنے، پڑھنے، آرام کرنے، اور تفریح کرنے کے اوقات طے کریں اور اس پر سختی سے عمل کریں۔ موبائل اور سوشل میڈیا کا متوازن استعمالاس دور میں موبائل فون اور سوشل میڈیا ایک طرف معلومات کا خزانہ ہیں،مگر وہیں یہ وقت کا بہت بڑا ضیاع بھی بن چکے ہیں۔ فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور یوٹیوب پر بے مقصد گھنٹوں ضائع کرنے سے بہتر ہے کہ ان پلیٹ فارمز کو تعلیمی ویڈیوز، لیکچرز، آئی ٹی کورسز اور معلوماتی مواد کے لیے استعمال کیا جائے۔ ہر طالب علم کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا پر گزارے جانے والے وقت کا جائزہ لے اور اسے مثبت سمت میں بدلے۔یاد رکھیں کہ آج کا دور صرف ڈگری کا نہیں بلکہ مہارتوں کا ہے۔آئی ٹی، گرافک ڈیزائننگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، کنٹینٹ رائٹنگ، فری لانسنگ، زبانیں سیکھنا اور سوشل میڈیا مینجمنٹ جیسی صلاحیتیں ہر طالب علم کو اپنے وقت کے ساتھ سیکھنی چاہئیں۔چھٹیوں یا فالتو وقت میں کوئی آن لائن کورس کریں، یوٹیوب یا دیگر پلیٹ فارمز سے فائدہ اٹھائیں۔ یہ سیکھے ہوئے ہنر مستقبل میں بہت کام آئیں گے ۔تعلیم کا اصل مقصدتعلیم کا اصل مقصد کردار سازی ہے۔ ہمارے ملک اور معاشرے کو اچھے گریڈز کے ساتھ ساتھ اچھے انسانوں کی بھی ضرورت ہے۔ ایک طالب علم کو ایمانداری، سچائی، عاجزی، تحمل اور احترام جیسے اوصاف کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔ معاشرے میں اگر تبدیلی لانی ہے تو اس کی ابتدا تعلیمی اداروں سے ہونی چاہیے۔ترقی یافتہ قوموں میں اساتذہ کو سب سے بلند مقام حاصل ہوتا ہے۔ دوستوں کا انتخابآدمی اپنی صحبت سے پہچانا جاتا ہے۔ طالب علم کی کامیابی میں دوستوں کا کردار بہت اہم ہوتا ہے۔ نیک، محنتی اور سنجیدہ سوچ رکھنے والے دوست آپ کو کامیابی کی طرف لے جاتے ہیں جبکہ وقت ضائع کرنے والے دوست زندگی برباد کر سکتے ہیں۔ اس لیے صحبت کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں۔ طالب علم کو صرف کتابی علم ہی نہیں بلکہ اپنی قوم، اپنے ملک اور اپنے معاشرے سے بھی جڑے رہنا چاہیے۔ حالات حاضرہ، ملکی مسائل، سیاسی و سماجی مسائل، اور معاشرتی خدمات کا شعور ہونا چاہیے۔ یہ طلبہ کل کے لیڈر ہیں، انہیں ابھی سے ملک سے محبت، خدمت اور دیانتداری کا سبق سیکھنا ہو گا۔ مایوسی کو شکست دیںہمارے نوجوانوں اور طلبا میں مایوسی، ڈپریشن اور بے مقصدیت متعدی وبا کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ اس کی ایک وجہ معاشرتی دباؤ، تعلیمی ذمہ داریاں اور روشن مستقبل کے مواقع کی کمی ہے۔ لیکن یاد رکھیں کہ مایوسی کفر ہے۔اللہ تعالیٰ نے انسان کو بے شمار صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ اگر کوئی طالب علم محنت کرے، ثابت قدم رہے، خود پر بھروسہ رکھے اور دعا کے ساتھ کوشش جاری رکھے تو وہ ضرور کامیاب ہوگا۔پاکستانی طلبہ میں بے پناہ ذہانت اور صلاحیت ہے، لیکن ان کو صحیح رہنمائی، ماحول اور مواقع کی ضرورت ہے۔ یہ رہنمائی اساتذہ، والدین، میڈیا، اور خود طالب علم کی ذمہ داری ہے۔ اگر ہمارے طالب علم سنجیدہ ہوں، وقت کی قدر کریں، تعلیم کو مقصدِ حیات بنائیں اور مثبت رویہ اختیار کریں تو کوئی شک نہیں کہ وہ خود کو سنوار سکتے ہیں اور پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لا سکتے ہیں۔ 

آج کا دن

آج کا دن

پکا سو کی پہلی نمائش24جون 1901 ء کو پیرس میں ایک نوجوان ہسپانوی مصور پابلو پکا سو کی پہلی سولونمائش نے مصوروں اور نقادوں کو حیران کر دیا۔ اس سے قبل بھی پیرس میں آرٹ کی کئی نمائشیں ہو چکی تھیں لیکن یہ اپنے طرز کی ایک منفرد نمائش تھی جس میں پابلو پکا سو نے جدید طریقہ مصوری کا استعمال کیا تھا۔وہ دورِ جدید کا سب سے بڑا مصور اور تجریدی مصوری کا بانی تھا۔پکا سو کو جدید دنیا کا سب سے مشہور اور قابل مصور تصور کیا جاتا ہے اور جہاں بھی آرٹ یا فن کی بات کی جائے وہاں پکا سو کا ذکر ضرور کیا جاتا ہے۔جبرالٹر کا محاصرہجبرالٹر کے محاصرے کا آغاز 24جون 1779ء کو ہوا۔ یہ سپین اور فرانس کی جانب سے جبرالٹر کو انگریزوں کے قبضے سے چھڑوانے کی ایک کوشش تھی، جس میں سپین اور فرانس کو بڑی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ سپین اور فرانس کو جبرالٹر پر حملے کے دوران انگریز افواج کی جانب سے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔کینیڈا ، ایئرمیل سروس کا آغاز24جون 1918 ء کو کینیڈا میں پہلی ایئرمیل سروس کا آغازکیا گیا۔ اس سے قبل پیغام رسانی کیلئے بہت سے ذرائع ابلاغ کا استعمال کیا جاتا تھا لیکن اس طرح پیغام پہنچانے میں بہت وقت لگ جاتا تھا ۔ایئر میل کو پیغام رسانی کیلئے انقلاب کی حیثیت حاصل ہوئی۔ائیر میل کاباقاعدہ آغاز پہلی جنگ عظیم کے بعد ہوا جب ہوائی جہازوں کی ٹیکنالوجی میں بہتری آئی اور انہیں باقاعدہ ڈاک کی ترسیل کے لیے استعمال کیا جانے لگا۔سیام کا نام تھائی لینڈ رکھا گیا24جون 1939ء کو فیلڈ مارشل پلیک فیبونسوسنگرم(Plaek phibusongkram)نے سیام کا نام تبدیل کرکے تھائی لینڈ رکھا۔ فیلڈ مارشل پلیک فوج کے سربراہ ہونے کے ساتھ ساتھ تھائی لینڈ کے تیسرے وزیراعظم بھی تھے۔ انہوں نے اقتدار میں آنے کے بعد بہت سی اصلاحات کیں جن میں ایک یہ بھی شامل تھی۔ سیام کا نام تھائی لینڈ رکھنے کا ایک مقصد اس کو جدید دنیا سے متعارف کروانا بھی تھا۔ 

وبائی امراض بطور جنگی ہتھیار !

وبائی امراض بطور جنگی ہتھیار !

انسان اور وبائی امراض کا ساتھ قدیمی ہے۔ماہرین ارضیات اور سائنسدانوں کا خیال ہے کہ جب انسان نے مل جل کر رہنے کو رواج دیا اور انسانی آبادیوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ انسانی سرگرمیوں میں اضافہ شروع ہوا تو اسے امراض سے پالا پڑا اور پھر وقت کے ساتھ ساتھ وبائی امراض نے بھی انسانوں کو اپنی لپیٹ میں لیا ہو گا ، لیکن تب انسان کی سوچ محدود ہونے کے سبب وہ اسے بھی ایک عام بیماری سمجھتا رہا ہو گا۔ آج سے کچھ عرصہ قبل ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق ڈی این اے کے ذریعے ملنے والی معلومات سے جو شواہد سامنے آئے ہیں ان کے مطابق انسان کا وبائی امراض سے سب سے پہلا سامنا جنوبی افریقہ کے جنگلات سے شروع ہونے والی ایک وبا سے لگ بھگ 73000 قبل مسیح میں ہوا تھا۔ اس تحقیق میں یہ اندازہ نہیں لگایا جا سکا کہ اس وبا نے کتنی انسانی جانوں کو نشانہ بنایا ہوگا ۔ تاہم معلوم انسانی تاریخ کا یہ پہلا موقع تھا جب 1200 قبل مسیح میں افریقہ ہی سے شروع ہونے والی ایک اور وبا نے مصر سے لے کر بابل تک بلکہ پورے مشرق وسطیٰ کو ملیا میٹ کر کے رکھ دیا تھا۔ اس دور میں مصر دنیا بھر میں بہت بڑے تجارتی مرکز کی شہرت رکھتا تھا اور چونکہ اس دور میں زیادہ تر لوگ تجارت کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک تھے ، جس کی وجہ سے اس وبا نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ بابل کی قدیم اکادی سلطنت کی اکادو زبان میں اس وبائی بیماری کو ''کسارو متانو ‘‘ کا نام دیا گیا تھا جس کے لفظی معنی ''بے بس کر دینا ‘‘ تھے۔ لیکن بعد میں اس بیماری کو باقاعدہ طور پر ''مستحظ ‘‘ کا نام دیا گیا۔ مستحظ کے لفظی معنی ایک ایسی بیماری کے ہیں جو ایک شخص سے دوسرے کو اپنی گرفت میں جکڑ لے۔ اس وبا کی تصدیق اس دور کے ملنے والے ان خطوط سے بھی ہوتی ہے جو اُس دور کے وزراء اور مشیروں نے اپنے بادشاہوں کو لکھے تھے۔ ان خطوط میں ایک خط 1170 قبل مسیح میں ماری سلطنت ( موجودہ شام کا علاقہ ) کے ایک وزیر نے اپنے بادشاہ زمری لم کو لکھا تھا جس میں یہ درخواست کی گئی تھی کہ چونکہ ایک وبا جو ایک شخص سے دوسرے شخص کے ذریعے منتقل ہو جاتی ہے ، پورے خطے میں پھیل چکی ہے لہٰذا سلطنت کے لوگوں کو خبردار کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں کہ وہ حتی الامکان سفر سے گریز کریں۔ مورخین کچھ اور خطوط کا حوالہ بھی دیتے ہیں جن میں اس وبا کے ثبوت ملتے ہیں اور سب سے حیران کن بات یہ ہے کہ آج سے ہزاروں سال قبل بھی وہاں کے لوگوں کو اس امر کا ادراک ہو چکا تھا کہ یہ ایک متعدی مرض ہے جو ایک شخص کے دوسرے شخص کو چھونے سے یا میل جول کے ذریعے پھیلتا ہے ،جس سے بچاؤکا واحد طریقہ ایک دوسرے سے الگ رہنے اور متاثرہ شخص یا اشخاص سے عدم میل ملاپ ہی میں پوشیدہ ہے۔کیا کوئی شخص یہ تصور کر سکتا ہے کہ آج کے مشرق وسطیٰ کہلانے والے علاقے کو آج سے لگ بھگ تین ہزار سال پہلے ایک وبائی آفت نے نیست و نابود کر کے رکھ دیا تھا۔ان میں موجودہ دور کے شمالی اور جنوبی عراق ، مصر، ترکی اور قبرص شامل تھے۔ یہ ریاستیں یا تو مکمل طور پر تباہ ہو گئی تھیں یا ایک عرصے تک ویران اور سنسان کھنڈروں کا نقشہ پیش کرتی رہی تھیں۔ اس تباہی کے پس پردہ اگرچہ طویل جنگ ، قحط اور کچھ دیگر عوامل تو تھے ہی لیکن ان سب سے نمایاں ایک ایسی عالمی وبا تھی جو اس دور کے لوگوں کے لئے نئی ، غیر متوقع اور اچانک تھی۔ تبھی تو وہاں کے لوگ ایک عرصہ تک اسے ''عذاب الٰہی‘‘ کے نام سے پکارتے رہے۔ یہ اس دور کی بات ہے جب مصر اور ہیٹی(Hittite) دو بڑی طاقتیں ہوا کرتی تھیں اور دونوں اکثر ایک دوسرے کے خلاف برسر پیکار رہتی تھیں۔ واضح رہے کہ اس دور میں مصر کی سرحدیں موجودہ دور کے جدید جنوبی فلسطین تک پھیلی ہوئی تھیں جبکہ ہیٹی نامی سلطنت کی سرحدیں آج کل کے ترکی سے شمالی فلسطین کو چھوتی تھیں۔یہ 1325 قبل مسیح کے آس پاس کا دور تھا جب ہیٹی مصر کے ایک شہر عمقا (موجودہ فلسطین کا علاقہ) پر حملہ آور ہوا ۔ اتفاق سے عمقا کا جڑواں شہر جبیل اس وقت ایک وبا کی زد میں آیا ہوا تھا اور جبیل سے ملحقہ عمقا بھی اس وبا سے متاثر ہو چکا تھا۔ عمقا سے کچھ مصری فوجیوں کو ہیٹی کی افواج یرغمال بنا کر اپنے ساتھ ہیٹی کے دارلحکومت ہٹوسا لے گئیں جو اتفاق سے اس وبائی مرض میں مبتلا ہو چکے تھے؛چنانچہ دیکھتے ہی دیکھتے اس وبا نے نہ صرف ہٹوسا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا بلکہ اس کے مشرق میں واقع اگریت سلطنت کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔مورخین کہتے ہیں ہٹوسا سمیت ہیٹی کے بیشتر علاقے ہی نہیں بلکہ مصر اور اوغاریت ریاست کے بھی بیشتر علاقوں میں دو عشروں تک اس وبا نے تباہی پھیلائے رکھی جس کے بارے مورخین کا کہنا ہے کہ دوعشروں پر محیط اس وبا سے پورے علاقے کی نصف سے زائد آبادی کا نام و نشان تک مٹ گیا تھا ۔ یہاں تک کہ ہیٹی کے دو بادشاہ سپیلو لیوما اور ارنوواندا کی ہلاکت بھی بالترتیب 1322 اور 1323 قبل مسیح میں اسی وبا سے ہوئی تھی۔ہیٹی کے مغرب میں ارزاوا نامی ایک ریاست تھی جس کے دارالحکومت کا نام اپسا تھا، جس کے ہیٹی سے اختلافات ایک عرصہ سے چلے آرہے تھے؛ چنانچہ ہیٹی کو کمزور دیکھتے ہوئے ارزاوا نے ہیٹی پر حملہ کردیا۔ہیٹی چونکہ مصر کے ساتھ تصادم سے یہ جان چکا تھا کہ خطے کے طول و عرض میں پھیلی اس وبا کو بطور ہتھیار استعمال کر کے ارزاوا سے بدلہ لیا جا سکتا ہے؛ چنانچہ ہیٹی نے روایتی طرز پر ارزاوا پر حملہ آور ہونے کی بجائے وبا سے متاثرہ خچر اور کچھ دوسرے جانوروں کو ارزاوا کی سرحد کے اس پار دھکیلنا شروع کر دیا۔ اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے اس وبا نے پوری ریاست ارزاوا کو اپنے پنجوں میں جکڑ لیا۔ ہیٹی سلطنت کی دستاویزات سے بھی اس وبا کو دشمن کے خلاف استعمال ہونے کے اس انوکھے جنگی ہتھیار کی تصدیق ہو جاتی ہے۔

 انقلابی ٹیکنالوجی اب گویائی سے محروم افراد بھی بول سکیں گے

انقلابی ٹیکنالوجی اب گویائی سے محروم افراد بھی بول سکیں گے

گویائی اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے جس کے ذریعے انسان اپنے خیالات، جذبات اور ضروریات کا اظہار کرتا ہے لیکن دنیا بھر میں لاکھوں افراد ایسے ہیں جو پیدائشی طور پر یا کسی حادثے، بیماری یا چوٹ کے باعث گویائی سے محروم ہو جاتے ہیں۔ ان کے لیے دوسروں سے رابطہ قائم کرنا ایک مشکل عمل ہوتا ہے، جس سے نہ صرف ان کی ذاتی زندگی متاثر ہوتی ہے بلکہ تعلیمی، پیشہ ورانہ اور معاشرتی میدان میں بھی وہ پیچھے رہ جاتے ہیں۔تاہم حالیہ برسوں میں ٹیکنالوجی نے اس مسئلے کا ایک ایسا انقلابی حل پیش کیا ہے جو نہ صرف گویائی سے محروم افراد کی زندگی بدل دے گا بلکہ انسانی فلاح و بہبود کے شعبے میں ایک نئی راہ بھی کھولے گا۔ یہ جدید ٹیکنالوجی ''آواز کی تخلیق‘‘ (Speech synthesis) اور''دماغی سگنلز سے رابطہ‘‘ (Brain-Computer Interface) کے امتزاج سے وجود میں آئی ہے۔اس نئی ٹیکنالوجی میں ایک خصوصی چپ یا سینسر انسانی دماغ میں نصب کیا جاتا ہے جو دماغ کے اُس حصے سے جڑا ہوتا ہے جہاں بولنے کے سگنلز پیدا ہوتے ہیں۔ جب کوئی شخص بولنے کا ارادہ کرتا ہے تو اگرچہ وہ آواز پیدا نہیں کر سکتا، لیکن دماغ میں وہ سگنلز ضرور پیدا ہوتے ہیں جو بولنے کے عمل سے جڑے ہوتے ہیں۔ یہ سینسر اُن سگنلز کو شناخت کرتا ہے، کمپیوٹر پر منتقل کرتا ہے اور پھر مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی سسٹم ان سگنلز کو سمجھ کر انہیں آواز میں ڈھالتا ہے۔اس نظام کی ایک خاص بات یہ ہے کہ یہ صرف کسی بھی عام آواز نہیں پیدا کرتا بلکہ مریض کی اپنی سابقہ آواز کے نمونوں کو استعمال کرکے اُسی لہجے، اْسی انداز اور اُسی لب و لہجے میں گفتگو کو ممکن بناتا ہے۔ اس کے لیے مریض کی پرانی ریکارڈنگز، ویڈیوز، یا کسی رشتہ دار کی آواز کا تجزیہ کیا جاتا ہے۔2023 میں امریکہ کی سٹینفورڈ یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سان فرانسسکو کے سائنسدانوں نے ایسے دو مختلف مریضوں پر کامیاب تجربات کیے تھے جو گویائی سے مکمل محروم تھے۔ ان کے دماغی سگنلز کو استعمال کرتے ہوئے نہ صرف الفاظ کی ادائیگی ممکن ہوئی بلکہ چہرے کے تاثرات کو بھی ڈیجیٹل انداز میں ظاہر کیا گیا تاکہ مریض کی بات کو جذبات کے ساتھ پیش کیا جا سکے۔یہ ٹیکنالوجی نہ صرف گویائی سے محروم افراد کو بولنے کی صلاحیت دے رہی ہے بلکہ ان کی خود اعتمادی، ذہنی صحت اور معاشرتی تعلقات کو بھی بہتر بنا رہی ہے۔ ایسے افراد جو پہلے اپنے جذبات کا اظہار تحریری یا اشاروں کے ذریعے کرتے تھے، اب براہ راست گفتگو کر سکتے ہیں، جس سے ان کی معاشرتی قبولیت میں اضافہ ہوتا ہے۔اگرچہ یہ ٹیکنالوجی ابھی ترقی یافتہ ممالک میں آزمائی جا رہی ہے لیکن مستقبل قریب میں یہ ترقی پذیر ممالک میں بھی متعارف کروائی جا سکتی ہے۔ اس کے لیے حکومت، نجی شعبہ، طبی ادارے اور فلاحی تنظیمیں مل کر ایک جامع پالیسی بنا سکتی ہیں تاکہ معذور افراد کو یہ سہولت فراہم کی جا سکے۔

عظیم مسلم سائنسدان ابو القاسم عمار موصلی

عظیم مسلم سائنسدان ابو القاسم عمار موصلی

عمار موصلی امراضِ چشم میں مرض موتیا بند کا ماہر تھا۔ اس نے موتیا بند کے سلسلے میں تحقیق کی اور اس کا علاج آپریشن کے ذریعے دریافت کیا۔ مرض موتیا بند تکلیف دہ مرض ہے اور انسان آنکھیں رکھتے ہوئے مجبور ہو جاتا ہے۔ عمار موصلی نے موتیا بند کے آپریشن کئے۔موصلی نے اس فن پر ایک کتاب بھی مرتب کی جس میں اس مرض پر اچھی بحث کی گئی ہے۔ اس کتاب کا نام ''علاج العین‘‘ ہے۔ اس کا ترجمہ یورپ میں ہوا اور 1905ء میں جرمنی سے یہ ترجمہ شائع بھی ہوا۔ابتدائی زندگیابو القاسم عمار موصلی سائنسدان، طبیب حاذق اور امراض چشم کا نامور ماہر تھا۔ اس کے ابتدائی حالات کا کچھ علم نہیں ہو سکا البتہ یہ کہا جاتا ہے کہ یہ طبیب الحاکم 996ء کے عہد میں پیدا ہوا اور اس کے بیٹے کے عہد میں اس نے کام کیا۔ علمی خدمات اور کارنامےہمار موصلی کو علم طب سے خاصی دلچسپی تھی۔ اس نے آنکھ اور اس کے امراض سے متعلق گہری تحقیق کی اور اس کام میں پوری زندگی گزاری دی۔ موصلی نے امراض چشم کے علاج کے سلسلے میں ایک نیا طریقہ اختیار کیا جو بہت کامیاب رہا۔ یہ طریقہ آپریشن کا تھا۔ آنکھوں کے بعض امراض میں آپریشن کے ذریعہ علاج کا طریقہ بہت کامیاب اور اطمینان بخش ثابت ہوا، موصلی آنکھوں کا پہلا سرجن تھا۔امراض چشم میں موتیا بند عام مرض ہے جس میں آنکھوں کی پتلی پر ایک باریک سا پردہ آ جاتا ہے۔ موتیا بند کے لئے آپریشن کا طریقہ اسی مشہور ماہر امراض چشم کا ایجاد کردہ ہے۔ موصلی نے سرکاری ہسپتال میں بے شمار مریضوں کی آنکھوں کا آپریشن کیا۔عمار موصلی نے آپریشن کے لئے ایک خاص قسم کا آلہ ایجاد کیا تھا۔ اس نے آپریشن کے اصول اور قاعدے مرتب کئے، احتیاط اور علاج کا طریقہ بتایا، حفظ ماتقدم کے اصول بیان کئے اور اپنی یہ تمام باتیں اور تجربے قلم بند کر لئے۔ موصلی نے اپنی اس ڈائری کو کتاب کی صورت میں مرتب کرکے اس کا نام علاج العین رکھا۔ُُ''علاج العین‘‘ امراض چشم اور علاج و احتیاط کے بارے میں مکمل اور جامع کتاب ہے۔ یہ کتاب یورپ میں بہت مقبول ہوئی اور اس کا ترجمہ یورپ میں ہوا اور جرمنی میں 1905ء میں اس کا ترجمہ بڑے اہتمام سے شائع کیا گیا۔