آج کا دن

اسپیشل فیچر
برقی کرسی پر پابندی
08فروری 2008ء کو نبراسکا میں سزائے موت دینے کیلئے برقی کرسی کے طریقے پر پابندی عائد کی گئی۔ یہ طریقہ سزائے موت دینے کیلئے استعمال کیا جاتا تھا۔ سزائے موت کے مجرم کو لوہے کی کرسی پر بٹھا کر اس کے پورے جسم پر بجلی کی تاریں لگا دی جاتی تھیں اور کرسی میںکرنٹ چھوڑ دیا جاتا تھا۔ کچھ محققین کا یہ بھی کہنا ہے کہ مجرم کو کرسی کے ساتھ باندھ کر اس کے پاؤں پانی میں ڈال دئیے جاتے تھے اور منہ میں لوہے کا راڈ یا سیخ رکھ دی جاتی تھی۔ بین الاقوامی فورمز پر اس طریقہ کی شدید مخالفت کے بعد2008ء میں برقی کرسی پر پابندی لگادی گئی۔
خلامیں رہنے کا ریکارڈ
8فروری1974ء کو تین امریکی خلا باز ڈاکٹر ایڈورڈ گبسن، لیفٹیننٹ کرنل جیرالڈ کار اور لیفٹیننٹ کرنل ولیم پوگ سابقہ ریکارڈ توڑتے ہوئے 85دن خلاء میں رہنے کے بعد بحفاظت زمین پر واپس پہنچے۔ انہوں نے 85 دن امریکی خلائی اسٹیشن اسکائی لیب میں گزارے۔ اسی پروگرام کو مزید جدت کے ساتھ اب دوبارہ شروع کرنے کی تیاریاں کی جائیں گی جس میں خلا اور چاند پر ایسے سٹیشن بنائے جائیں گے جس میں خلا باز طویل عرصے تک قیام کر سکیں گے۔
فلسطین ، اسرائیل فائر بندی معاہدہ
2005ء میں آج کے روز اسرائیل اور فلسطین کے درمیان فائر بندی کا معاہدہ طے پایا۔ معاہدے کے باوجود اسرائیل نے بمباری اور فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ معاہدے کی خلاف ورزی پر فلسطین نے احتجاج بھی کیا لیکن اسرائیلی افواج نے طاقت کا بے رحم استعمال کرتے ہوئے احتجاج کرنے والوں پر بھی فائرنگ کر دی۔ معاہدے کی خلاف ورزی کو بین الاقوامی سطح پر بھی تنقید کا نشانہ بنا یا گیا لیکن اسرائیل نے اس معاہدے کو بھی ماضی کے دیگر معاہدوں کی طرح ہوا میں اڑا دیا اورظلم و ستم کا یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔
جاپان روس جنگ کا آغاز
8 فروری 1904ء میں جاپان اور روس کے مابین جنگ کا آغاز ہوا جو 2سال تک جاری رہی۔ کوریا اور منچوریا پر اثرو رسوخ قائم کرنے کو لے کر جاپان اور روس میں کافی عرصہ سے مذاکرات جاری تھے جن کی ناکامی پر جاپان نے روس کے خلاف جنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ جاپانی بحریہ نے چینی بندرگاہ پورٹ آرتھر پر موجود روسی بحر ی بیڑے پر پے درپے حملے کر کے جنگ کا باقاعدہ آغاز کیا۔ ان حملوں سے روسی بیڑے کو شدید نقصان پہنچا۔