گریٹ ٹرگنو میٹریکل سروے:برصغیر کے طویل و عرض کو نا پنے کا عظیم منصوبہ
اسپیشل فیچر
انیسویں صدی کے شروع میں جب برصغیر کی دھرتی ابھی جدید نقشوں سے ناواقف تھی، چند پُر عزم لوگوں نے ایک ایسا خواب دیکھا جو بظاہر ناممکن دکھائی دیتا تھا۔زمین کو ناپنے، پہاڑوں کو اعداد کی شناخت عطا کرنے اور فاصلوں کو زاویوں کی زبان میں سمجھنے کا یہ خواب بہتوں کے لیے اجنبی تھا۔اسی خواب نے ہندوستان کے عظیم مثلثی سروے(The Great Trigonometrical Survey of India) کو عملی شکل دی ،جو نہ صرف برصغیر بلکہ انسانی تاریخ کے طویل ترین اور پیچیدہ سائنسی منصوبوں میں شمار ہوتا ہے۔یہ کوئی عام سروے نہیں تھا، یہ ایک ایسی مہم جوئی تھی جو دلدلوں، صحراؤں، جنگلوں اور برف پوش پہاڑوں کو ناپنے کے لیے تقریباً سات دہائیوں تک جاری رہی۔ اس سفر میں انسان نے فطرت کو للکارا نہیں بلکہ اسے سمجھنے کی کوشش کی۔
ایک خیال، ایک آغاز
گریٹ سروے کاِ آغاز 1802ء میں ہوا جب برطانوی ایسٹ انڈیا کمپنی نے محسوس کیا کہ مؤثر حکمرانی، فوجی نقل و حرکت، ٹیکس وصولی اور وسائل کے استعمال کے لیے درست نقشوں کی اشد ضرورت ہے۔ اس منصوبے کی بنیاد کرنل ولیم لیمبٹن (William Lambton) نے رکھی جو ایک برطانوی فوجی افسر اور ماہرِ فلکیات تھے۔ لیمبٹن کے لیے یہ محض ایک سرکاری ذمہ داری نہیں تھی بلکہ ایک سائنسی جنون تھا۔ وہ جانتے تھے کہ اگر ایک درست بنیاد (Baseline) قائم ہو جائے تو زاویوں کی مدد سے ہزاروں میل کے فاصلے ناپے جا سکتے ہیں۔ عظیم مثلثی سروے کا بنیادی طریقہ مثلثی پیمائش (Triangulation) تھا۔ اس طریقے میں زمین کے ایک خطے میں ایک سیدھی بنیاد (Baseline) ناپی جاتی پھر اس بنیاد سے مختلف زاویوں کے ذریعے دور دراز مقامات کے درمیان فاصلوں کا حساب لگایا جاتا۔
اس مقصد کے لیے اُس وقت کے جدید ترین آلات استعمال کیے گئے، جن میں تھیوڈو لائٹ (Theodolite)،فلکیاتی آلات،دوربینیں اور پیمائشی زنجیریں شامل تھیں۔ یہ آلات اُس دور میں خاصے جدید سمجھے جاتے تھے۔ خاص طور پر گریٹ تھیوڈولائٹ جس کا وزن سینکڑوں کلوگرام تھا نہایت دقت کے ساتھ زاویوں کی پیمائش کے لیے استعمال کیا گیا۔بھاری بھرکم تھیوڈولائٹ کو کندھوں پر اٹھائے سروے ٹیمیں میلوں سفر کرتیں۔ یہ آلہ اتنا وزنی تھا کہ کئی آدمی مل کر اسے حرکت دیتے۔ سورج کی تپش، بارش کی شدت اور وباؤں کو جھیلتے ہوئے یہ لوگ زاویے ناپتے، حساب لگاتے اور اعداد کو کاغذوں پر منتقل کرتے رہے۔یہ وہ دور تھا جب ملیریا، ہیضہ اور کئی نامعلوم بیماریوں نے سینکڑوں جانیں لیں مگر سروے کا سفر نہ رکا۔ لیمبٹن خود بھی اسی مشقت کا شکار ہو کر دنیا سے رخصت ہو ئے، مگر اُن کا خواب زندہ رہا۔
ایورسٹ اور بلندیوں کی کہانی
لیمبٹن کے بعد یہ مشن سر جارج ایورسٹ کے ہاتھ آیا جن کا نام آج دنیا کی سب سے بلند چوٹی سے جڑا ہوا ہے۔ ان کے دور میں سروے شمال کی طرف بڑھا جہاں ہمالیہ کی خاموش اور پراسرار چوٹیاں انسانی صلاحیتوں کو چیلنج کرتی تھیں۔ایورسٹ کے جانشین اینڈریو واہ (Andrew Scott Waugh)نے ان پہاڑوں کو صرف دیکھا نہیں بلکہ ناپا بھی۔ انہی کی نگرانی میں دنیا کی بلند ترین چوٹی کو پہلی بار درست طور پر ماپا گیا جو بعد میں ماؤنٹ ایورسٹ کہلائی۔
گمنام ہیرو
اس عظیم منصوبے کی تاریخ میں چند انگریز نام نمایاں ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ ہزاروں مقامی ہندوستانی اور پاکستان کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی اس مشن کا حصہ تھے۔ نقشہ نویس، حساب دان، قلی، رہنما اور مزدور ‘ جنہوں نے اس علم کی عمارت میں اپنی محنت کی اینٹیں رکھیں مگر تاریخ ان کے نام محفوظ نہ رکھ سکی۔
پاکستان کیلئے گریٹ سروے کی معنویت
اگر آج ہم پاکستان کے نقشے کو دیکھتے ہیں تو اس کے پیچھے گریٹ سروے کی خاموش موجودگی کو محسوس کیا جا سکتا ہے۔قیامِ پاکستان کے بعد جو سرحدیں متعین ہوئیں ان کے جغرافیائی نکات اسی سروے سے ماخوذ تھے۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں کی حد بندیاں انہی پیمائشوں پر قائم ہیں۔دریائے سندھ اور اس کے معاون دریاؤں کی جس تفصیل نے پاکستان کو ایک زرعی ریاست بنایا اس کی ابتدائی سائنسی بنیاد اسی سروے نے رکھی۔آج بھی عسکری نقشہ سازی، بلندیوں کی پیمائش اور زمینی معلومات میں وہی اصول استعمال ہوتے ہیں جو گریٹ سروے نے متعارف کروائے تھے۔ سڑکیں، ریلوے لائنیں اور شہر سب اسی جغرافیائی شعور کے مرہونِ منت ہیں جو عظیم مثلثی سروے سے جنم لے کر آج تک جاری ہے۔گریٹ سروے محض زمین ناپنے کا منصوبہ نہیں تھا یہ انسانی حوصلے، سائنسی دیانت اور وقت کے خلاف جدوجہد کی داستان ہے۔ اگرچہ اس کا مقصد نوآبادیاتی حکمرانی کو مضبوط کرنا تھا مگر اس نے ایسے علمی خزانے چھوڑے جو آج بھی پاکستان جیسے ممالک کے لیے بنیاد کی حیثیت رکھتے ہیں۔گریٹ سروے محض ایک نوآبادیاتی منصوبہ نہیں تھا بلکہ یہ سائنس، صبر اور انسانی محنت کی ایک عظیم مثال ہے۔ اگرچہ اس کا مقصد برطانوی انتظامی مفادات تھا لیکن اس کے نتائج آج بھی پاکستان سمیت پورے خطے کے لیے نہایت اہم ہیں۔ یہ سروے ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ درست علم، تحقیق اور منصوبہ بندی قوموں کی جغرافیائی اور تاریخی شناخت کو کس طرح تشکیل دیتی ہے۔