عمان کی خوبصوت مساجد
اسپیشل فیچر
عمان اردن کا دارالحکومت ہے۔ اس کی آبادی12لاکھ ہے۔ بائبل
میں اسے عمون کہا گیا ہے۔ یونانی دور میں یہ یونانیوں کے دس بڑے شہروں میں شمار ہوتا تھا اور اسے فلاڈلفیا کہا جاتا تھا۔ یہ ڈیلفی سے موسوم تھا جو کہ یونان میں اپالو دیوتا سے منسوب مندر تھا۔ بعد میں عمان انباط عرب کی سلطنت کا اہم شہر ٹھہرا۔31ق م میں اس پر رومیوں نے قبضہ کر لیا۔ آخر کار 14ھ، 635ء میں مسلمانوں نے اسے فتح کر لیا۔ یہاں رومی ایمفی تھیٹر کے آثار ہیں۔ یہ اردن کا ثقافتی، تجارتی اور صنعتی مرکز ہے یہاں پارچہ بافی اور اغذیہ کے کارخانے ہیں۔
قاقوت جموی معجم البلدان میں لکھتا ہے ''عمان ارض بلقاء کا ایک قصبہ ہے۔ ترمذی میں اس کا ذکر ''من عدن الیٰ اعمان البلقاء‘‘ کے الفاظ میں آیا ہے۔ کہا گیا ہے کہ عمان ہی وقیانوس( رومی بادشاہ) کا شہر ہے اور اس کے قریب الکہف (اصحاب کہف کا غار) اور الرقیم اہل ملک میں مصروف ہیں۔ عمان میں اوریاء نبی کی قبر قصرِ جالوت پہاڑی پر ہے۔ یہیں سلیمان علیہ السلام کی مسجد و ملعب ہے‘‘۔(معجم البلدان 151/4)
ابودرویش مسجد
ابو درویش مسجد عمان میں جبلِ اشرافیہ پر تعمیر کی گئی ہے۔ جبل اشرافیہ عمان کی سات خوبصورت پہاڑیوں میں سے ایک ہے۔ یہ مسجد 1961ء میں تعمیر ہوئی اور اس کا کل رقبہ 26911مربع فٹ ہے۔ مسجد کے چھ چھوٹے گنبد اور ایک بڑا گنبد ہے۔ اس مسجد کے واحد مینار کی بلندی 118 فٹ ہے۔ مسجد کی تعمیر میں سفید اور سیاہ پتھر استعمال کیا گیا ہے۔
اس کا ڈیزائن اس مسجد کی زمین کے مالک مصطفی حسن نے خود تیار کیا جو کہ خود ایک ماہر ڈیزائن تھے۔ ابو درویش مصطفی حسن کی کنیت تھی اور اسی نام سے یہ مسجد تعمیر کی گئی۔ اس مسجد میں 7ہزار سے زیادہ نمازی نماز ادا کر سکتے ہیں۔
مصطفی حسن ابو درویش قفقاز میں پیدا ہوئے، ان کو شروع ہی سے شامی طرز تعمیر سے بہت دلچسپی تھی۔ عمان شہر کے جبل اشرافیہ پر پہلے سے کوئی مسجد نہیں تھی۔ لہٰذا انہوں نے یہاں ایک مسجد کا ڈیزائن تیار کرکے تعمیر شروع کر دی۔ ابو درویش نے اس کے تمام تعمیری اخراجات خود برداشت کئے۔
مسجد کے مرکزی ہال میں 2500 نمازیوں کی گنجائش ہے۔ مسجد کے برابر ایک لائبریری اور ایک مدرسہ بھی بنایا گیا ہے۔ لائبریری میں اسلامی اور دینی کتب کی تعداد 3ہزارسے زیادہ ہے۔ ساتھ ہی اسلامی میوزیم بھی موجود ہے۔ اس مسجد کا شمار دنیا کی چوٹی کی دس خوبصورت مساجد میں کیا جاتا ہے۔
1978ء سے ابو درویش مسجد سے ایک مشترکہ اذان دی جاتی ہے جو ایک ریڈیو سسٹم کے تحت شہر کی تمام 42مساجد میں بیک وقت نشر کی جاتی ہے۔ اس اذان کے پہلے مؤذن ابو اسفار ہیں۔ اس مسجد کے انتظامی امور کی ذمہ داری ایک کمیٹی کے سپرد ہے جو محکمہ انصاف کے سربراہ کی نگرانی میں کام کرتی ہے۔ غیر مسلموں کا اسکے اندر داخلہ ممنوع ہے۔
شاہ حسین بن طلال مسجد
یہ اردن کے دارالحکومت عمان کی سب سے بڑی اور بہت خوبصورت مسجد ہے۔ اس کی تعمیر 2003ء میں شروع کی گئی اور تکمیل کے بعد مسجد کا افتتاح شاہ عبداللہ نے 11اپریل 2006ء بمطابق بارہ ربیع الاول 1427ھ کو کیا۔ شاہ عبداللہ نے یہ مسجد اپنے والد شاہ حسین کی یاد میں تعمیر کروائی۔ اس مسجد کو ملک کی قومی مسجد کا درجہ حاصل ہے۔ اس مسجد سے جمعے کا خطبہ براہ راست سرکاری ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر نشر ہوتا ہے۔
یہ چار میناروں والی مسجد جو اسلامی طرز تعمیر کا بہترین نمونہ ہے، بنو امیہ کے طرز تعمیر کی عکاس ہے۔ اس کی محراب ایک نہایت قیمتی کمیاب لکڑی سے تیار کی گئی جس کا استعمال گزشتہ تین صدیوں سے متروک ہو چکا تھا۔ مسجد میں 5500 نمازیوں کی گنجائش موجود ہے جبکہ 500خواتین بھی علیحدہ نماز ادا کر سکتی ہیں۔ مسجد سے ملحقہ دفتر، لائبریری اور لیکچر ہال ہیں۔ نیز ایک میوزیم ہے جس میں آنحضرت ﷺ سے منسوب چند اشیاء کے علاوہ خط بھی موجود ہے جو آپ ﷺ نے باز نطینی سلطنت کے قیصر ہر قل کو اسلام کے ابتدائی دنوں میں تحریر کروا کر بھیجا تھا۔ جس میں آپ ﷺ نے اسے اسلام قبول کرنے کی دعوت دی تھی۔
اس مسجد کا ڈیزائن ایک مصرف ماہر تعمیرات ڈاکٹر خالد اعظم نے تیار کیا تھا بلا شبہ یہ مسجد مشرقی وسطیٰ کی ایک نہایت خوبصورت مسجد ہے۔