گھوڑے اور بھی ہیں
اسپیشل فیچر
گھوڑا اس کرۂ ارض کے قدیم ترین جانوروں میں سے ایک ہے۔ماہرین کا قیاس ہے کہ گھوڑوں کا ارتقائی عمل لگ بھگ پانچ کروڑ سال پہلے عمل میں آچکا تھا۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے سب سے پہلی نسل کے گھوڑوں کا سائز ایک عام سائز کے بکرے کے برابر ہوا کرتا تھا۔ زمانۂ قدیم میں چونکہ جانور پالنے کا رواج ابھی شروع نہیں ہوا تھا اس لئے گھوڑوں کا شمار بھی عام طور پر جنگلی جانوروں میں ہوتا تھا۔ سب سے پہلے گھوڑے گھر پر پالنے کا رواج 4000قبل مسیح کے آس پاس ہوا تھا۔گھوڑا صدیوں سے ایک اہم جانور اس لئے بھی چلا آ رہا ہے کہ یہ ایک تیز رفتار اور پر وقار سواری کے ساتھ ساتھ ایک عرصہ تک جنگوں کا اہم جزو ہوا کرتا تھا۔ بلکہ یہاں تک کہا جاتا ہے کہ جنگ جیتنے کا بہت حد تک دارومدار گھوڑوں پر ہوا کرتا تھا۔
پونی گھوڑے
اگرچہ اس کرۂ ارض پر گھوڑوں کی انگنت اقسام پائی جاتی ہیں لیکن جو قسم ابتدائی گھوڑوں کے قریب ترین ہے وہ ''پونی گھوڑوں‘‘ کی ہے۔انہیں عرف عام میں چھوٹا گھوڑا بھی کہا جاتا ہے۔ گھوڑوں کی پیمائش ''ہاتھوں‘‘ کے حساب سے کی جاتی ہے، اس گھوڑے کا سائز تقریباً 14.2 ہاتھ یا 58 انچ اونچا ہوتا ہے جبکہ پونی کا اوسط سائز 8 ہاتھ یعنی تقریباً 32 انچ ہوتا ہے۔
پونی ، عام گھوڑوں سے سائز میں تو چھوٹے ہوتے ہیں، ان کے جسم پر بال عام گھوڑوں کی نسبت زیادہ گھنے ہوتے ہیں ، خاص طور پر گردن اور دم پر۔البتہ ان کی ٹانگیں چھوٹی، منہ چوڑے، گردن موٹی، پیشانی کشادہ ہوتی ہے۔ حیرت انگیز طور پر ان کا جسم عام گھوڑے کی نسبت زیادہ مضبوط ہوتا ہے۔ بنیادی طور پر یہ سب خشکی کے گھوڑے ہیں۔ خشکی کے علاوہ اس کرہ پر کچھ اور اقسام کے گھوڑے بھی پائے جاتے ہیں جن میں ایک ''دریائی گھوڑے‘‘ جبکہ دوسری قسم '' سمندری گھوڑوں‘‘ کی ہے۔
دریائی گھوڑے
اس روئے زمین پر ہاتھی کے بعد بالحاظ جسامت دریائی گھوڑا سب سے بڑا اور دیو ہیکل جانور ہے۔ بھینسے سے مشابہت رکھنے والے اس جانور کو ماہرین ہاتھی اور گینڈے کے قبیل سے جوڑتے ہیں۔گھاس کھانے والا یہ ممالیہ جانور اس روئے زمین کے قدیم ترین جانوروں میں شمار ہوتا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ دریائی گھوڑوں کے اجداد اس روئے زمین پر پانچ کروڑ سال پہلے بھی موجود تھے۔
دریائی گھوڑے کا جسم گول مٹول،چار بڑے بڑے نوکیلے دانت ، لمبی چوڑی تھوتھنی، جسم پر چھوٹے چھوٹے بال اور ستون نما چھوٹی اور بھاری بھر کم ٹانگوں والا یہ جانور Hippopotamidae نسل سے تعلق رکھتا ہے۔ یہ جست تو نہیں لگا سکتا مگر انتہائی ڈھلوان دریائی کناروں پر یہ باآسانی چڑھ سکتا ہے۔
دریائی گھوڑے کے نتھنے ، آنکھیں اور کان ، کھوپڑی کے اوپر والے حصے میں ہوتے ہیں جن کی وجہ سے پانی میں چھپنے کے باوجود بھی یہ اپنا ناک ،کان اور نتھنا پانی سے باہر نکال سکتا ہے۔دریائی گھوڑوں کی اوسط عمر 40 سے 50 سال ہوتی ہے۔ جبکہ ان کا اوسط وزن 1500 کلو گرام کے لگ بھگ ہوتا ہے۔
سمندر عجیب و غریب اور حیرت انگیز جانداروں کی اتنی بڑی دنیا ہے جس کا شمار ممکن ہی نہیں۔ایسی ہی ایک سمندری مخلوق جس کی شباہت بہت حد تک گھوڑے سے ملتی ہے ،اسے ''سمندری گھوڑے‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس کا سر ٹٹو ( Pong) کی شکل کا ہوتا ہے ، اس کا جسم ٹھوس پلیٹوں اور نوک دار کانٹوں پر مشتمل ہوتا ہے جبکہ اس کی دم سانپ کی مانند ہوتی ہے ۔ بعض علاقوں میں اسے گھڑ مچھلی کا نام بھی دیا جاتا ہے ۔ماہرین اس کا تعلق مچھلی کے خاندان سے بتاتے ہیں۔اس کی 32 سے زائد اقسام دریافت ہو چکی ہیں۔اس کا عمومی قد تو ایک فٹ سے بھی چھوٹا ہوتا ہے لیکن اس کی ایک قسم کا قد ایک انچ سے بھی کم ہوتا ہے۔اس کا تعلق چونکہ مچھلی کے قبیل سے ہے اور پانی کے اندر ہی رہتا ہے اس لئے دریائی گھوڑے کے برعکس یہ خشکی پر زندہ نہیں رہ سکتا۔ اس کی خوراک چھوٹے سمندری جھینگوں پر مشتمل ہوتی ہے۔