آج کا دن

اسپیشل فیچر
''اپالو 13‘‘حادثہ
1970ء میں آج کے روز ناسا کو اس وقت ایک خلائی حادثے کا سامنا کرنا پڑا، جب ''اپالو 13‘‘ مشن کے دوران آکسیجن ٹینک پھٹ گیا۔ جس نے کمانڈ ماڈیول کو شدید نقصان پہنچایا۔ اس کے نتیجے میں خلابازوں کو آکسیجن کی فراہمی متاثر ہوئی،بجلی اور پانی کی کمی ہو گئی جبکہ چاند پر اترنے کا منصوبہ بھی ترک کرنا پڑا۔ ناسا کے خلانوردوں کو ''ہوسٹن، ہمیں مسئلہ ہے‘‘ (Houston we have a problem) کہنا پڑا۔ یہ مشن بعد میں ایک کامیاب ریسکیو مشن کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔
سوویت جاپان عدم جارحیت کا معاہدہ
1941ء میں آج کے دن سوویت اور جاپان کے درمیان ایک امن معاہدہ طے پایا، جسے ''جاپانی، سوویت عدم جارحیت کا معاہدہ‘‘ کہا جاتا ہے۔ یہ اس وقت کی دو فوجی طاقتوں کے درمیان غیر جارحیت کا معاہدہ تھا۔ جاپان اور سوویت سلطنت نے سرحدی جنگ کے اختتام کے دو سال بعد13اپریل1941ء کو اس معاہدے پر دستخط کئے۔ 1945ء میں عالمی جنگ کے آخر میں سوویت یونین نے معاہدہ ختم کر دیا اور جاپان کے خلاف اتحادیوں سے مل گیا۔
ٹرانزٹ سسٹم
1960ء میں آج کے دن ٹرانزٹ سسٹم کو آپریشنل کیا گیا۔ جسے بحری نیوی گیشن سیٹلائٹ سسٹم بھی کہا جاتا ہے۔ ریڈیو نیوی گیشن سسٹم کو بنیادی طور پر امریکی بحریہ نے اپنی پولارس بیلسٹک میزائل آبدوزوں کو مقام کی درست معلومات فراہم کرنے کیلئے استعمال کیا تھا۔ یہ بحریہ کے سطحی جہازوں کے ساتھ ساتھ ہائیڈروگرافک سروے اور جیوڈیٹک سروے کیلئے نیوی گیشن سسٹم کے طور پر بھی استعمال ہوتا تھا۔ ابتدائی طور پر پولارس آبدوزوں کیلئے اور بعد میں شہری استعمال کیلئے بھی اس سے معلومات لی جاتی رہیں۔
لاپوا فیکٹری دھماکہ
13 اپریل 1976ء کو لاپوا، فن لینڈ میں ایک گولہ بارود بنانے والی فیکٹری میں دھماکہ ہوا۔اسے فن لینڈ کی تاریخ میں بدترین صنعتی تباہی سمجھا جاتا ہے۔اس ناخوشگوار واقعہ میں 40 مزدور ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوئے۔ دھماکہ کے نتیجے میں فیکٹری کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ دھماکے کی آواز 20 کلومیٹر دور تک سنی گئی۔ زخمی ہونے والے زیادہ افراد فیکٹری کے اندر موجود تھے لیکن ایک بڑی تعداد فیکٹری کے گرد و نواح میں بھی متاثر ہوئی۔ مرنے والوں میں تقریباً 35 خواتین بھی شامل تھیں۔ اس حادثے میں 16 سال سے کم عمر کے 52 بچوں نے اپنے والدین میں سے کم از کم ایک کو کھو دیا۔