دنیا کی خوبصورت مساجد

اسپیشل فیچر
جامع مسجد روم(اٹلی)
یہ مسجد نہ صرف اٹلی بلکہ پورے یورپ میں مسلمانوں کی سب سے بڑی عبادت گاہ ہے۔ اس کا رقبہ 3لاکھ 20ہزار مربع فٹ ہے اور اس میں 12ہزارنمازی نماز ادا کر سکتے ہیں۔
یہ مسجد روم شہر میں مائونٹ انٹین کے دامن میں واقع ہے جو کہ سر سبز علاقہ ہے۔ یہ اٹلی کا مرکزی اسلامک سنٹر بھی ہے۔1970ء کی دہائی میں افغانستان کے ایک جلاوطن شہزادے محمد حسن اور اس کی بیوی شہزادی رضیہ بیگم کے باہمی اشتراک سے اس مسجد کی تعمیر عمل میں آئی اور شاہ فیصل نے بھی مالی معاونت کا وعدہ کیا۔ روم شہر کی سٹی کونسل نے اس کے لئے زمین تحفتاً دی لیکن کچھ ناگزیر وجوہات کی بنا پر اس کا سنگ بنیاد 1984ء (1405ھ) میں رکھا گیا۔
کیتھولک فرقہ کے روحانی پیشوا پوپ جان پال دوم نے خصوصی دُعا کی۔ جب مسجد مکمل ہو گئی تو جذبہ خیر سگالی کے پیش نظر اٹلی کے صدر نے 21جون 1995ء کو اس کا افتتاح کیا۔
کیتھولک مسیحی فرقے کے گڑھ میں یورپ کی سب سے بڑی مسجد کا وجود ہی اسلام کی عظمت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس کی تعمیر میں تھوڑا سا اختلاف اس وقت پیدا ہوا جب مسجد کے مینار کی بلندی رومن چرچ سے بڑھنے لگی لیکن بعد ازاں اس مسئلے کو نہایت خوش اسلوبی سے اس طرح حل کر لیا گیا کہ مینار کی بلندی سینٹ پیٹر چرچ سے دو فٹ کم کردی گئی۔ اب گنبد کی بلندی 130 فٹ اور مینار کی بلندی 141فٹ ہے۔ اس مسجد کے ساتھ ایک لائبریری بھی قائم کی گئی ہے جس میں دس ہزار کتابیں رکھی گئی ہیں۔
باب السلام مسجد پیرو
( جنوبی امریکہ)
مسجد باب السلام جنوبی امریکہ کے ملک پیرو کے شہر ٹاکنا (Tacna)میں تعمیر کی گئی ہے۔ یہ واحد مسجد ہے جو پیرو میں تعمیر کی گئی ہے۔ یہ مسجد پاکستان سے آئے ہوئے مہاجرین نے 2000ء میں تعمیر کی۔
یہ خوبصورت مسجد شہر کے مرکزی حصے (ڈائون ٹائون) میں واقع ہے۔ یہ اتنی خوبصورت ہے کہ دور دور سے آئے ہوئے سیاح بھی اس کی تعریف کئے بغیر نہیں رہ سکتے۔ یہ مسجد وہاں کے مسلمانوں کے جذبہ ایمانی اور دین اسلام سے محبت کی ایک خوبصورت مثال ہے۔ مسجد سے ملحق مسلم بچوں کی دینی اور جدید تعلیم کیلئے ایک سکول قائم کیا گیا ہے۔ اس مسجد کو تعمیر کروانے کا سہرہ ایک پاکستانی تاجر شیر افضل خاں بارہ کوٹی کے سر ہے۔
شیرافضل خاں شاہ ولی اللہ سکول آف سائنسز بھی تعمیر کروا رہے ہیں۔ اتنے دور افتادہ مقام پر اس مسجد کا تعمیر ہونا مسلمانوں کے لئے باعث فخر ہے جہاں پر پانچوں وقت اذان اور تکبیر کی صدائیں گونج رہی ہیں۔ ٹاکنا کا شہر چلی کی سرحد کے قریب کوہستان اینڈیز کی ڈھلان پر سطح سمندر سے 2000فٹ بلندی پر واقع ہے۔