آج کا دن
اسپیشل فیچر
جاپان کی سپریم کورٹ کا قیام
1947ء میں آج کے روز جاپان کی سپریم کورٹ کا قیام عمل میں آیا۔ سپریم کورٹ جاپان کا سب سے اعلیٰ عدالتی ادارہ ہے۔ اس میں چیف جسٹس سمیت 15 جج شامل ہوتے ہیں۔سپریم کورٹ کے قیام نے جاپان کو ایک جدید جمہوری ریاست بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔یہ ادارہ آج بھی نہ صرف آئین کی بالادستی بلکہ جاپان کے عوامی حقوق کے تحفظ کی ضمانت سمجھا جاتا ہے۔
بیروت بندرگاہ دھماکے
لبنانی دارالحکومت بیروت میں 2020ء میں آج کے روز یکے بعد دیگرے زوردار دھماکے ہوئے۔بیروت کی بندرگاہ پر2750 ٹن امونیم نائٹریٹ بغیر کسی حفاظتی اقدامات کے ذخیرہ کیا گیا تھا جو دھماکوں کا سبب بنا۔ یہ مواد 6 سال سے وہاں موجود تھا۔ دھماکوں کے نتیجے میں 216 افراد ہلاک اور 6 ہزار زخمی ہوئے۔
ناسا کا مریخ مشن
2007ء میں آج کے روز امریکی خلائی ادارے ناسا نے اپنا مریخ مشن روانہ کیا۔ خلائی جہاز فینکس 25 مئی 2008 ء کو مریخ کی سطح پر اترا اور 2نومبر 2008ء تک اس نے مریخ پر مختلف تحقیقات کیں۔ فینکس مریخ پر 161 دن تک پانی کی تلاش سمیت مختلف تحقیقات میں مصروف رہا۔یہ تاریخی مشن ''مارس سکاؤٹ پروگرام‘‘ کا حصہ تھاجس پر420 ملین ڈالرلاگت آئی ۔
برطانیہ کا جرمنی کیخلاف اعلانِ جنگ
4 اگست 1914ء کو برطانیہ نے جرمنی کے خلاف اعلانِ جنگ کیا۔ پہلی جنگ عظیم کے دوران بیلجیم پر جرمن حملے کے جواب میں، بیلجیم اور برطانوی سلطنت نے جرمنی کے خلاف باقاعدہ جنگ کا آغازکیا۔بیلجیم پر جرمن حملہ ایک فوجی مہم تھی،جس کے جواب میں برطانوی سلطنت نے بیلجیم کو فوجی مدد کی ضمانت دی تھی۔ اس دوران امریکہ اپنی غیر جانبداری کا اعلان کرتا رہا۔
اوبامہ پہلے سیاہ فام امریکی صدر
بارک حسین اوبامہ جو امریکہ کے پہلے سیاہ فام صدر ہیں 4 اگست1961ء جزائر ہوائی کے شہر ہونولولو میںپیدا ہوئے۔ انہوں نے 2009ء سے 2017ء تک ریاستہائے متحدہ کے 44 ویں صدر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ ڈیمو کریٹک پارٹی کے رکن کی حیثیت سے وہ پہلے افریقی نژاد امریکی صدر تھے۔ اوبامہ نے 1997ء سے 2004ء تک الینوائے ریاست کے سینیٹر کے طور پر خدمات انجام دیں۔
ڈومینیکن ریپبلک کا تباہ کن زلزلہ
4 اگست 1946ء کو ڈومینیکن ریپبلک کے شمالی حصے میں ایک خوفناک زلزلہ آیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 8.0 ریکارڈ کی گئی۔ یہ زلزلہ ملک کی تاریخ کے بدترین قدرتی سانحات میں شمار ہوتا ہے۔ اس ہولناک زلزلے کے نتیجے میں تقریباً 100 افراد جاں بحق ہوئے۔ 20 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوئے اور ہزاروں مکانات زمین بوس ہو گئے۔ ساحلی علاقوں میں زلزلے کے بعد سونامی کی لہریں بھی آئیں، جنہوں نے مزید تباہی مچائی۔