آج کا دن
اسپیشل فیچر
سنگا پور کی آزادی
سنگاپور دنیا کا واحد ملک ہے جسے بنا مانگے آزادی ملی ہے۔ 9اگست 1965ء کوملائیشیا نے نہ چاہتے ہوئے بھی سنگاپور کو آزادی دی۔ملائیشیا سے علیحدگی کے بعدسنگاپورکو بڑے پیمانے پر بے روزگاری، مکانات کی قلت اور قدرتی وسائل مثلاً پیٹرولیم کی کمی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔لیکن 20 ویں صدی کے آخر تک سنگا پورایک ترقی پزیر ملک کے طور پر سامنے آیا۔
منچوریا پر سوویت حملہ
جاپان کے زیر انتظام ریاست منچوریا پر 9اگست 1945ء کو سوویت یونین حملہ آور ہوا۔ اس حملے کو ''منچورین اسٹریٹجک آپریشن‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ۔اس جنگ نے سوویت سوشلسٹ جمہوریہ کی یونین اور جاپان کی سلطنت کے درمیان تقریباً چھ سال کے امن معاہدے کو ختم کر دیا۔
پہلابوائے اسکاؤٹس کیمپ
1907ء میں آج کے روز انگلینڈ کے جنوبی حصے میں براؤن سی آئی لینڈ پر بوائے اسکاؤٹس کا پہلا کیمپ اختتام پذیر ہوا۔ اسکاوٹنگ نوجوانوں کی ایک تحریک ہے جو بیسویں صدی کے پہلے عشرے میں مقبول عام ہوئی۔ اس تحریک کا مقصد لڑکوں میں جسمانی، ذہنی اور اخلاقی تربیت فراہم کرنا تھا، لیکن وقت کے ساتھ یہ لڑکیوں اور مختلف عمروں کے افراد تک پھیل گئی۔
لانسا فلائٹ حادثہ
لانسا فلائٹ 9 اگست 1970ء کو پیرو میںپرواز کرنے کے کچھ ہی دیر بعد گر کر تباہ ہو گئی۔ چار انجنوں والا یہ جہازکو سکو سے لیما جا رہا تھا۔ اس میں 8 عملے کے لوگ اور 92 مسافر سوار تھے۔ ایک شخص کے علاوہ تمام افراد ہلاک ہو گئے۔جہاز میں 49امریکی ہائی سکول کے طلبا بھی سوار تھے ۔ تحقیقاتی ٹیم کے مطابق حادثہ عملے کی طرف سے انجن آؤٹ کرنے کے طریقہ کار کو غلط طریقے سے انجام دینے کی وجہ سے پیش آیا۔یہ حادثہ پیرو کی تاریخ میں اب تک کا مہلک ترین حادثہ سمجھا جاتا ہے۔
کاکوری ٹرین ڈکیتی
9اگست1925ء کو ہندستان میں برطانوی راج کے خلاف آزادی پسند تحریکوں کے دوران لکھنؤ کے قریب ایک گاؤں کاکوری میں ٹرین میں ڈکیتی کی گئی۔ اس کو ''کاکوری ٹرین ڈکیتی ‘‘کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس ڈکیتی کی ذمہ داری ہندوستان ریپبلکن ایسوسی ایشن نے قبول کی۔ تنظیم کو ہتھیاروں کی خریداری کیلئے رقم کی ضرورت تھی،اس لئے اس نے ٹرین کو لوٹنے کا منصوبہ بنایا۔
سوویت ''مارس مشن7‘‘
1973ء مارس 7 خلا میں روانہ کیا گیا، یہ سوویت یونین کے خلائی پروگرام کا ایک مشن تھا، اس کا مقصد مریخ کے گرد مدار میں داخل ہونا اور وہاں سے سیارہ کی فضا، سطح اور دیگر سائنسی پہلوؤں کا مطالعہ کرنا تھا۔ یہ دراصل ''مارس 4ایم‘‘ سیریز کے مشنز میں شامل تھا، جنہیں 1973ء میں سوویت یونین نے مریخ کی کھوج کیلئے بھیجا۔ مارس 7 تکنیکی خرابی کے باعث اپنے مقررہ ہدف تک نہ پہنچ سکا اور مریخ کی سطح پر اترنے کے بجائے تقریباً 1,300 کلومیٹر کے فاصلے سے گزر گیا۔