آج کا دن
اسپیشل فیچر
انسولین کا استعمال
11جنوری1922ء کو دنیا کے پہلے انسان کو انسولین لگائی گئی۔ اس شخص کا نام لیونارڈ تھامسن تھا جو ٹائپ1ذیابیطس کے مرض میں مبتلا تھا۔ اس کے علاج اور تحقیقی غرض سے اسے انسولین لگائی گئی۔انسولین کے مثبت اور حیران کن نتائج نے اس وقت کے ماہرین کو حیران کر دیا۔ اس سے قبل انسولین کو مختلف تجرباتی مراحل سے گزارا گیا تھا لیکن انسانوں پر کیا جانے والا یہ پہلا تجربہ تھا۔انسانوں پر کامیاب تجربے کے بعد انسولین کو ذیابیطس کیلئے بطور علاج استعمال کیا جانے لگا۔
تھروگز نک برج کا افتتاح
1961ء میں آج کے روز نیویارک میں ''تھروگز نک برج‘‘ کو ٹریفک کی آمدورفت کیلئے کھولا گیا۔ یہ پل ایسٹ ریور پر تعمیر کیا گیا اور شہری آمدورفت کو بہتر بنانے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا۔ اس پل کی بدولت نہ صرف سفر کے اوقات میں نمایاں کمی آئی بلکہ شہر کے مختلف حصوں کے درمیان تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملا۔ یہ پل جدید انجینئرنگ کا عمدہ نمونہ ہے، جس نے نیویارک کے ٹرانسپورٹ نظام کو مزید مؤثر بنایا اور شہری ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
اینڈیوور مشن
''ایس ٹی ایس72‘‘ امریکی خلائی شٹل اینڈیوور کا ایک اہم مشن تھا، جس کا بنیادی مقصد جاپان کے مائیکرو گریویٹی اسپیس فلائٹ یونٹ کو خلا سے تحویل میں لے کر محفوظ طریقے سے زمین پر واپس لانا تھا۔ یہ تاریخی مشن 11 جنوری 1996ء کو کینیڈی اسپیس سینٹر، فلوریڈا سے روانہ ہوا۔جاپانی اسپیس فلائٹ یونٹ کا وزن تقریباً 3,577 کلوگرام تھا۔ اس یونٹ کو جاپان کی سپیس ایجنسی نے 18 مارچ 1995ء کوخلا میں بھیجا تھا، جہاں اس نے مائیکرو گریویٹی ماحول میں سائنسی تجربات انجام دیے۔
قصبہ حماد کا قتل عام
سیدی حماد کا قتل عام11 جنوری 1998ء کی شب الجزئر سے 30کلومیٹر جنوب میں واقع قصبے سیدی حماد میں پیش آیا۔ ایک اندازے کے مطابق پچاس بندوق برداروں نے قصبے پر حملہ کیا۔حملہ آوروں نے ایک کیفے اور ایک مسجد پر بمباری کی۔حملہ کے بعد وہاں موجود لوگوں نے بھاگنے کی کوشش کی تو حملہ آوروں نے بھاگنے والوں پر بھی فائرنگ شروع کر دی اور سب کو ہلاک کر دیا۔ اس کے بعد حملہ آور گھروں کے اندر گھس کر لوگوں کو قتل کرنے لگے۔ سرکاری اعدادو شمار کے مطابق اس قتل عام میں 103افراد ہلاک اور 70کے قریب زخمی ہوئے۔تاہم غیر سرکاری ذرائع 120ہلاکتوں کا دعویٰ کرتے ہیں جبکہ الجزائر کے کچھ اخبارات کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد تقریباً400تھی۔
سسلی کا زلزلہ
11جنوری1693ء کو سسلی، کلابریا اور مالٹا کے قریب جنوبی اٹلی کے کچھ حصوں کو ایک خوفناک زلزلے کا سامنا کرنا پرا۔ اس سے قبل9جنوری کو بھی ایک زور دار جھٹکا محسوس کیا گیا تھا۔ زلزلے کی شدت 7.4ریکارڈ کی گئی جو اطالوی تاریخ میں سب سے زیادہ طاقتور زلزلہ تھا۔اس شدید زلزلے سے کم از کم70قصبے تباہ ہوئے اور5ہزار600مربع کلومیٹر کے رقبے کو شدید نقصان پہنچا۔اس زلزلے میں تقریباً60ہزار افراد جاں بحق ہوئے۔زلزلے کے نتیجے میں سونامی بھی آیا جس نے بحیرہ Ionianاور آبنائے میسینا کے ساحلی دیہاتوں کو تباہ کر دیا۔