آج کا دن

آج کا دن

اسپیشل فیچر

تحریر :


ایران امریکہ معاہدہ
1981ء میں آج کے روز امریکہ اور ایران کے درمیان ایک تاریخی معاہدہ طے پایا۔ اس معاہدے کے تحت 52 امریکی شہریوں کو رہائی دینے پر اتفاق کیا گیا جو چودہ ماہ سے تہران میں امریکی سفارت خانے میں یرغمال بنے ہوئے تھے۔ یہ بحران 1979ء کے ایرانی انقلاب کے بعد شروع ہوا تھا اور اس نے امریکہ اور ایران کے تعلقات کو شدید متاثر کیاتھا۔معاہدے کے بعد یرغمالیوں کی رہائی ممکن ہوئی اور ایک طویل بحران کا خاتمہ ہوا۔
جدید بجلی کے نظام کی بنیاد
19جنوری1883ء کومشہور موجد تھامس ایڈیسن کے تیار کردہ برقی روشنی کے نظام نے عملی طور پر کام شروع کیا۔ یہ نظام اوورہیڈ تاروں کے ذریعے بجلی فراہم کرتا تھا اور امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر روزیل میں نصب کیا گیا۔ اس منصوبے نے گھروں اور سڑکوں کو محفوظ اور مستقل روشنی فراہم کرنے کی راہ ہموار کی۔ ایڈیسن کا یہ کارنامہ جدید برقی نظام کی بنیاد ثابت ہوا ۔ یہ پیش رفت صنعتی ترقی اور شہری زندگی میں بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوئی۔
ریڈیو کی ایجاد
1903ء میں آج کے دن سائنسی دنیا میں ریڈیو کی ایجاد سے ایک کہرام برپا ہوا، جس نے قصبوں، شہروں اور ممالک کے درمیان نشریات کا دائرہ وسیع کیا اور لوگوں کے دلوں میں اپنی جگہ بنا لی۔ اس دن ریڈیو کی لہروں پر امریکی صدر تھیوڈور روز ویلٹ کی طرف سے ایک تہنیتی پیغام برطانوی شاہ ایڈورڈ ہفتم کو بھیجا گیا تھا۔ ریڈیو کی ایجاد کئی موجدوں کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، لیکن مارکونی کو اس کا سب سے زیادہ کریڈٹ دیا جاتا ہے۔
ٹور ڈی فرانس کا آغاز
دنیا کے مشہور سائیکل دوڑ کے مقابلے ٹور ڈی فرانس کا پہلی دفعہ انعقاد 19جنوری 1903ء کو ہوا۔ یہ مقابلہ 19 روز تک جاری رہا جس کا فاصلہ 2428 کلومیٹر تھا اور جس میں 59 سائیکل سواروں نے حصہ لیا تاہم، اس مقابلے میں صرف 20 سائیکل سوار ہی اختتامی حد کو عبور کر سکے جس میں اول درجہ فرانسیسی سائیکل سوار ماریس گارین نے حاصل کیا۔
مولانا ظفر علی خان
19جنوری 1873ء کو مولانا ظفر علی خان کوٹ میرٹھ شہر وزیر آباد میں پیدا ہوئے۔ برصغیر پاک و ہند کی تاریخ میں انہیں ایک عظیم سیاسی رہنما، ایک جیّد صحافی، ادیب، شعلہ بیاں مقرر، بے مثل نقاد اور آزادی کیلئے جدوجہد کرنے والے قلم کار کی حیثیت سے یاد کیا جاتا ہے۔ ان کی ایک کاوش ''زمیندار‘‘ اخبار ہے۔ بابائے صحافت کا لقب پایا۔ متعدد تصانیف منظر عام پر آئیں جن میں نثری اور شعری مجموعے شامل ہیں۔ 27 نومبر 1956ء کو زندگی کا سفر تمام ہوا۔
''ترکوں کارخت سفر‘‘
لندن کی رائل آرٹ اکیڈمی نے 2005ء میں ایک ایسی نمائش کا اہتمام کیا جس کا عنوان ''600 تا 1600 ترکوں کا ایک ہزار سالہ رخت سفر‘‘ تھا۔ واضح رہے کہ ترکوں کا 600 سے 1600 عیسوی تک کا سفر ایک غیر معمولی داستان ہے۔ یہ دور ان کی خانہ بدوش زندگی سے لے کر عظیم سلطنتوں کے قیام تک کا احاطہ کرتا ہے۔

٭٭٭٭٭٭

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
 6صدیوں پرانا  بحری’’عجوبہ‘‘ ڈنمارک کے قریب سمندر کی تہہ سے دریافت

6صدیوں پرانا بحری’’عجوبہ‘‘ ڈنمارک کے قریب سمندر کی تہہ سے دریافت

ڈنمارک کے ساحل کے قریب سمندر کی تہہ سے برآمد ہونے والا چھ سو سال پرانا عہد وسطیٰ کا دیوہیکل ''سپر جہاز‘‘ ماہرین آثارقدیمہ اور تاریخ دانوں کیلئے حیرت اور تجسس کا باعث بن گیا ہے۔ اسے اب تک دریافت ہونے والا سب سے بڑا قرونِ وسطیٰ کا بحری جہاز قرار دیا جا رہا ہے، جو اس دور کی بحری طاقت، انجینئرنگ مہارت اور تجارتی سرگرمیوں پر نئی روشنی ڈالتا ہے۔ یہ غیر معمولی دریافت نہ صرف یورپی بحری تاریخ کو ازسرِنو سمجھنے میں مدد دے گی بلکہ عہدوسطیٰ میں سمندری سفر اور جنگی حکمت عملیوں کے بارے میں کئی اہم سوالات کے جوابات بھی فراہم کرے گی۔ڈنمارک کے قریب دریافت ہونے والایہ جہاز تقریباً 600 سال پرانا ''کاگ‘‘ (Cog) قسم کا ایک غیر معمولی طور پر بڑا بحری جہاز ہے، جو قرونِ وسطیٰ میں سامانِ تجارت لے جانے کیلئے استعمال ہوتا تھا۔ اندازہ ہے کہ اس کی لمبائی تقریباً 28 میٹر (92 فٹ)، چوڑائی 9 میٹر (30 فٹ) اور اونچائی 6 میٹر (20 فٹ) تھی، جبکہ یہ قریباً 300 ٹن (3 لاکھ کلوگرام) سامان لے جانے کی صلاحیت رکھتا تھا۔ یہ دریافت اسے دنیا کا اب تک دریافت ہونے والا سب سے بڑا کاگ جہاز بناتی ہے اور 1400ء کی دہائی میں سمندری زندگی کے بارے میں بے مثال معلومات فراہم کرتی ہے۔یہ جہاز جس چینل میں ملا، اس کے نام پر اسے ''سویلگٹ 2‘‘ (Svælget 2) کہا گیا ہے۔ یہ غیر معمولی حد تک محفوظ حالت میں ہے اور اس میں رِگنگ (رسیوں، کیبلز اور سازوسامان کا نظام جو بوجھ اٹھانے اور منتقل کرنے کیلئے استعمال ہوتا ہے) کے آثار بھی موجود ہیں۔ غوطہ خوروں نے رنگ شدہ لکڑی کے برتن، جوتے، کنگھیاں اور تسبیح کے دانے بھی دریافت کئے ہیں، جو جہاز پر موجود عملے کی روزمرہ زندگی کی جھلک پیش کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ لکڑی سے بنے ایک مکمل اسٹرن کیسل (پچھلا محفوظ ڈیک) کے وسیع آثار بھی ملے ہیں، جہاں عملہ پناہ لے سکتا تھا اور نسبتاً محفوظ رہتا تھا۔کھدائی کے سربراہ اوٹو اُلڈم (Otto Uldum) نے کہا کہ یہ دریافت بحری آثارِ قدیمہ کیلئے ایک سنگ میل ہے۔ یہ سب سے بڑا کاگ جہاز ہے جس کے بارے میں ہم جانتے ہیں، اور یہ ہمیں عہدِ وسطیٰ کے سب سے بڑے تجارتی جہازوں کی تعمیر اور ان پر موجود زندگی کو سمجھنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔ماہرین کے مطابق کاگ جہاز ایک نہایت مؤثر قسم کا بحری جہاز تھا، جسے بھاری بھرکم سامان سے لدا ہونے کے باوجود بھی حیرت انگیز طور پر بہت کم عملہ چلا سکتا تھا۔ یہ بات ڈنمارک کے وائکنگ شپ میوزیم کے ماہرین نے بتائی ہے۔ یہ جہاز اس مقصد کیلئے تیار کیے جاتے تھے کہ موجودہ نیدرلینڈز سے اسکیگن (Skagen) کے خطرناک سمندری راستے کو عبور کرتے ہوئے آبنائے ساؤنڈ کے ذریعے بحیرہ بالٹک کے تجارتی شہروں تک پہنچا جا سکے۔ یہ ملبہ 13 میٹر کی گہرائی میں کھود کر نکالا گیا، جہاں یہ ان قدرتی قوتوں سے محفوظ رہا جو عام طور پر ساحل کے قریب جہازوں کو تباہ کر دیتی ہیں۔ ریت کی ایک تہہ نے اس جہاز کو غیر معمولی حد تک تحفظ فراہم کیا، جس کے نتیجے میں ایسے آثارِ قدیمہ دستیاب ہوئے جو اس سے قبل کبھی دستاویزی شکل میں سامنے نہیں آئے تھے۔ ان میں کیسلز بھی شامل ہیں، یعنی جہاز کے دونوں سروں پر لکڑی سے بنے اونچے چبوترے، جن کا ذکر تو بے شمار تاریخی تصویروں میں ملتا ہے، لیکن آج تک عملی طور پر دریافت نہیں ہو سکے تھے۔اوٹو اُلڈم نے کہا کہ ہمارے پاس کیسلز کی بہت سی تصاویر موجود ہیں، لیکن وہ کبھی دریافت نہیں ہوئیں، کیونکہ عام طور پر جہاز کا صرف نچلا حصہ ہی محفوظ رہتا ہے۔ اس بار ہمارے پاس اس کا ٹھوس آثارِ قدیمہ کا ثبوت موجود ہے۔ایک اور بڑی حیرت اس جہاز میں اینٹوں سے بنے باورچی خانے کی دریافت تھی، جو ڈنمارک کے پانیوں سے ملنے والا اپنی نوعیت کا سب سے قدیم نمونہ ہے۔اسی حصے میں ماہرین آثارقدیمہ کو کانسی کے برتن، مٹی کے پیالے اور مچھلی و گوشت کی باقیات بھی ملیں۔اوٹو الڈم نے کہا کہ ڈنمارک کے پانیوں سے ملنے والے کسی بھی قرونِ وسطیٰ کے جہاز میں ہم نے اس سے پہلے اینٹوں کا بنا باورچی خانہ نہیں دیکھا۔یہ جہاز پر موجود غیر معمولی سہولت اور نظم و ضبط کی عکاسی کرتا ہے۔ سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ یہ عظیم الجثہ جہاز آخر کیا سامان لے جا رہا تھا، تاہم اب تک محققین کو اس کے کارگو کا کوئی نشان نہیں ملا۔جہاز کا نچلا حصہ ڈھکا ہوا نہیں تھا، اس لیے نمک سے بھرے ڈرم یا کپڑے کی گٹھڑیاں ڈوبتے وقت پانی میں بہہ گئی ہوں گی۔ ماہرین کے مطابق لکڑی کے ساتھ بھی یہی معاملہ رہا ہوگا۔جہاز میں بیلَسٹ (وزنی سامان جو توازن کیلئے رکھا جاتا ہے) کی عدم موجودگی سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ جہاز بھاری تجارتی سامان سے پوری طرح بھرا ہوا تھا۔کارگو کی عدم موجودگی کے باوجود ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ''سویلگٹ 2‘‘ ایک تجارتی جہاز تھا۔ اوٹو الڈم نے نتیجہ اخذ کرتے ہوئے کہاکہ اب ہم بلا شبہ جانتے ہیں کہ کاگ جہاز اس قدر بڑے بھی ہو سکتے تھے، اور اس طرز کے جہاز کو اپنی انتہا تک پہنچایا جا سکتا تھا۔''سویلگٹ 2‘‘ ہمیں تاریخ کی پہیلی کا ایک ٹھوس ٹکڑا فراہم کرتا ہے اور یہ سمجھنے میں مدد دیتا ہے کہ اس دور میں، جب بین الاقوامی تجارت کی اصل قوت سمندری سفر تھا، ٹیکنالوجی اور معاشرہ کس طرح ساتھ ساتھ ترقی کر رہے تھے۔

دیوارِ چین: انسانی عزم اور تاریخ کا عظیم شاہکار

دیوارِ چین: انسانی عزم اور تاریخ کا عظیم شاہکار

دنیا کے سات عجوبوں کا جب بھی ذکر ہوتا ہے تو ذہن میں سب سے پہلا نام دیوارِ چین کا آتا ہے۔ یہ چین کی ہزاروں سالہ تاریخ، دفاعی حکمتِ عملی اور انسانی عزم و ہمت کی وہ داستان ہے جو زمین کے سینے پر ہزاروں میل تک پھیلی ہوئی ہے۔دیوارِ چین کی تعمیر کا آغاز کسی ایک بادشاہ یا دور میں نہیں ہوا۔ اس کی بنیاد ساتویں صدی قبل مسیح میں رکھی گئی تھی جب چین مختلف چھوٹی ریاستوں میں بٹا ہوا تھا۔ ان ریاستوں نے اپنے دفاع کیلئے چھوٹی چھوٹی دیواریں تعمیر کر رکھی تھیں۔ تاریخ کا اہم موڑ تب آیا جب چن شی ہوانگ (Qin Shi Huang) نے 221 قبل مسیح میں چین کو متحد کیا اور اسے سلطنت کی شکل دی۔ اس نے بکھری ہوئی دیواروں کو جوڑنے اور عظیم فصیل بنانے کا حکم دیا تاکہ شمال سے آنے والے منگول اور دیگر خانہ بدوش حملہ آوروں کا راستہ روکا جا سکے۔دیوار کی موجودہ شکل جو ہم آج دیکھتے ہیں، وہ زیادہ تر منگ خاندان (Ming Dynasty) (1368-1644) کی مرہونِ منت ہے۔ چن خاندان نے ابتدائی مٹی اور لکڑی کی دیواریں بنائیں۔ ہان خاندان نے دیوار کو مزید وسعت دی تاکہ شاہراہِ ریشم کی حفاظت کی جا سکے۔ منگ خاندان کے دور میں دیوار کو پتھروں، اینٹوں اور چونے سے پختہ کیا گیا اور جابجا واچ ٹاورز (Watchtowers) تعمیر کیے گئے۔اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ دیوارِ چین سیدھی لکیر ہے جبکہ حقیقت میں یہ مختلف شاخوں، پہاڑی سلسلوں اور قدرتی رکاوٹوں کا مجموعہ ہے۔ 2012ء میں چینی محکمہ آثارِ قدیمہ کے جامع سروے کے مطابق دیوارِ چین کی کل لمبائی 21,196 کلومیٹر (13,171 میل) ہے۔ یہ فاصلہ زمین کے کل محیط کے آدھے سے بھی زیادہ ہے۔اس دیوار کی تعمیر میں اس دور کے بہترین انجینئرنگ کے نمونے ملتے ہیں۔ اس دور میں مٹیالے ڈھانچے سے اینٹوں تک جب پتھر میسر نہیں تھے، وہاں مٹی کو دبا کر دیوار بنائی گئی اور جہاں پہاڑ تھے وہاں وہیں کے پتھر تراش کر لگائے گئے۔ اس کے علاوہ دلچسپ تاریخی حقیقت یہ ہے کہ اینٹوں کو جوڑنے کیلئے جو مسالہ استعمال ہوا، اس میں چپچپے چاولوں کا آٹا ملایا گیا تھا۔ اسی وجہ سے یہ دیوار آج سینکڑوں سال بعد بھی مضبوط کھڑی ہے۔ دیوار کی اوسط بلندی 6 سے 8 میٹر ہے، جبکہ اس کی چوڑائی اتنی ہے کہ اس پر 5 گھڑ سوار یا 10 پیادہ سپاہی ایک ساتھ چل سکتے ہیں۔ دیوارِ چین مکمل کمیونیکیشن سسٹم تھا۔ دیوار پر ہزاروں واچ ٹاورز بنے ہوئے تھے جہاں سپاہی پہرہ دیتے تھے۔دشمن کے حملے کی صورت میں دن کے وقت دھوئیں اور رات کے وقت آگ کے ذریعے ایک ٹاور سے دوسرے ٹاور تک پیغام پہنچایا جاتا تھا۔ یوں چند گھنٹوں میں دارالحکومت تک خبر پہنچ جاتی تھی۔اس دیوار کی تعمیر کے پیچھے لاکھوں انسانوں کا خون اور پسینہ شامل ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اس کی تعمیر میں تقریباً 10 لاکھ مزدوروں نے حصہ لیا، جن میں قیدی، سپاہی اور عام کسان شامل تھے۔ سخت موسم، بھوک اور تھکن کی وجہ سے لاکھوں افراد لقمہ اجل بن گئے۔ قدیم لوک داستان کے مطابق، بہت سے مزدوروں کو دیوار کے اندر ہی دفن کر دیا گیا تھا، اسی لیے اسے دنیا کا طویل ترین قبرستان بھی کہا جاتا ہے۔سائنس اور معلومات کے اس دور میں بھی کچھ غلط فہمیاں عام ہیں۔ کیا یہ خلا سے نظر آتی ہے؟ ناسا کے مطابق، انسانی آنکھ سے دیوارِ چین کو خلا یا چاند سے دیکھنا ناممکن ہے کیونکہ اس کا رنگ زمین سے ملتا جلتا ہے۔ البتہ لو ارتھ آربٹ سے کیمرے کی مدد سے اسے دیکھا جا سکتا ہے۔ کیا یہ مسلسل دیوار ہے؟ جی نہیں، یہ ٹکڑوں میں بٹی ہوئی ہے، کہیں پہاڑ دفاع کا کام دیتے ہیں اور کہیں خندقیں کھودی گئی ہیں۔دیوارِ چین دنیا کا سب سے بڑا سیاحتی مرکز ہے۔ بیجنگ کے قریب بدالنگ کا حصہ سب سے زیادہ مشہور ہے جہاں ہر سال لاکھوں سیاح آتے ہیں۔ تاہم، قدرتی کٹاؤ، موسمی تبدیلیوں اور انسانی مداخلت کی وجہ سے دیوار کا تقریباً 30فیصد حصہ غائب ہو چکا ہے یا کھنڈرات میں بدل چکا ہے۔ چینی حکومت اب اس کے تحفظ کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کر رہی ہے۔دیوارِ چین انسانی عزم کی وہ مثال ہے جو ہمیں بتاتی ہے کہ جب انسان کچھ کر گزرنے کا ارادہ کر لے تو پہاڑوں کی چوٹیوں پر بھی راستے بنا لیتا ہے۔ یہ دیوار ہمیں چین کے شاندار ماضی، ان کی دفاعی صلاحیتوں اور محنت کی عظمت کی یاد دلاتی ہے۔ یہ پوری انسانیت کا ایسا اثاثہ ہے جسے آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔ دیوارِ چین کو یونیسکو (UNESCO) نے 1987 میں عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

کتا وفادار جانور !

کتا وفادار جانور !

علم الحیوانات کے پروفیسروں سے پوچھا، سلوتریوں سے دریافت کیا، خود سرکھپاتے رہے لیکن کبھی سمجھ میں نہ آیا کہ آخر کتوں کافائدہ کیا ہے؟ گائے کو لیجئے، دودھ دیتی ہے، بکری کو لیجئے، دودھ دیتی ہے اور مینگنیاں بھی۔ یہ کتے کیا کرتے ہیں؟ کہنے لگے کہ، ''کتا وفادار جانور ہے‘‘۔ اب جناب وفاداری اگر اسی کا نام ہے کہ شام کے سات بجے سے جو بھونکنا شروع کیا تو لگاتار بغیر دم لئے صبح کے چھ بجے تک بھونکتے چلے گئے، تو ہم لنڈورے ہی بھلے۔کل ہی کی بات ہے کہ رات کے کوئی گیارہ بجے ایک کتے کی طبیعت جو ذرا گدگدائی تو انہوں نے باہر سڑک پر آکر ''طرح‘‘ کا ایک مصرع دے دیا۔ ایک آدھ منٹ کے بعد سامنے کے بنگلے میں ایک کتے نے مطلع عرض کر دیا۔ اب جناب ایک کہنہ مشق استاد کو جو غصہ آیا ایک حلوائی کے چولہے میں سے باہر لپکے اور بھنا کے پوری غزل مقطع تک کہہ گئے۔ اس پر شمال مشرق کی طرف سے ایک قدر شناس کتے نے زوروں کی داد دی۔ اب تو حضرت وہ مشاعرہ گرم ہواکہ کچھ نہ پوچھیے۔کمبخت بعض تو دو غزلے، سہ غزلے لکھ لائے تھے۔ کئی ایک نے فی البدیہہ قصیدے کے قصیدے پڑھ ڈالے۔ وہ ہنگامہ گرم ہوا کہ ٹھنڈا ہونے میں نہ آتا تھا۔ ہم نے کھڑکی میں سے ہزاروں دفعہ ''آرڈر آرڈر‘‘ پکارا لیکن کبھی ایسے موقعوں پر پردھان کی بھی کوئی نہیں سنتا۔ اب ان سے کوئی پوچھئے کہ میاں تمہیں کوئی ایسا ہی ضروری مشاعرہ کرنا تھا تو دریا کے کنارے کھلی ہوا میں جاکر طبع آزمائی کرتے یہ گھروں کے درمیان آکر سوتوں کو ستانا کونسی شرافت ہے؟اورپھر ہم دیسی لوگوں کے کتے بھی کچھ عجیب بدتمیز واقع ہوئے ہیں۔ اکثر تو ان میں ایسے قوم پرست ہیں کہ پتلون کوٹ کو دیکھ کر بھونکنے لگ جاتے ہیں۔ خیر یہ تو ایک حد تک قابل تعریف بھی ہے۔ اس کا ذکر ہی جانے دیجیے۔ اس کے علاوہ ایک اور بات ہے یعنی ہمیں بارہا ڈالیاں لے کر صاحب لوگوں کے بنگلوں پر جانے کا اتفاق ہوا، خدا کی قسم ان کے کتوں میں وہ شائستگی دیکھی ہے کہ عش عش کرتے لوٹ آئے ہیں۔جوں ہی ہم بنگلے کے اندر داخل ہوئے، کتے نے برآمدے میں کھڑے کھڑے ہی ایک ہلکی سی ''بخ‘‘ کردی اور پھر منہ بند کرکے کھڑا ہو گیا۔ ہم آگے بڑھے تو اس نے بھی چار قدم آگے بڑھ کر ایک نازک اور پاکیزہ آواز میں پھر ''بخ‘‘ کردی۔ چوکیداری کی چوکیداری موسیقی کی موسیقی۔ ہمارے کتے ہیں کہ نہ راگ نہ سر، نہ سر نہ پیر۔ تان پہ تان لگائے جاتے ہیں۔ بیتالے کہیں کے۔ نہ موقع دیکھتے ہیں، نہ وقت پہچانتے ہیں۔ بس گلے بازی کئے جاتے ہیں۔ گھمنڈ اس بات پر ہے کہ تان سین اسی ملک میں تو پیدا ہوا تھا۔اس میں شک نہیں کہ ہمارے تعلقات کتوں سے ذرا کشیدہ ہی رہے ہیں لیکن ہم سے قسم لے لیجئے جو ایسے موقع پر ہم نے کبھی ستیا گرہ سے منہ موڑا ہو۔ شاید آپ اس کو تعلّی سمجھیں لیکن خدا شاہد ہے کہ آج تک کبھی کسی کتے پر ہاتھ اٹھ ہی نہ سکا۔ اکثر دوستوں نے صلاح دی کہ رات کے وقت لاٹھی، چھڑی ضرور ہاتھ میں رکھنی چاہیے کہ دافع بلیات ہے، لیکن ہم کسی سے خواہ مخواہ عداوت پیدا نہیں کرنا چاہتے۔کتے کے بھونکتے ہی ہماری طبعی شرافت ہم پر اس درجہ غلبہ پا جاتی ہے کہ آپ ہمیں اگر اس وقت دیکھیں تو یقیناً یہی سمجھیں گے کہ ہم بزدل ہیں۔ شاید آپ اس وقت یہ بھی اندازہ لگا لیں کہ ہمارا گلا خشک ہوا جاتا ہے۔ یہ البتہ ٹھیک ہے۔ ایسے موقع پر کبھی گانے کی کوشش کروں تو کھرج کے سروں کے سوا اور کچھ نہیں نکلتا۔ اگر آپ نے بھی ہم جیسی طبیعت پائی ہو تو آپ دیکھیں گے کہ ایسے موقع پر آیت الکرسی آپ کے ذہن سے اتر جائے گی۔ اس کی جگہ آپ شاید دعائے قنوت پڑھنے لگ جائیں۔بعض اوقات ایسا اتفاق بھی ہوا ہے کہ رات کے دو بجے چھڑی گھماتے تھیٹر سے واپس آ رہے ہیں اور ناٹک کے کسی نہ کسی گیت کی طرز ذہن میں بٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں، چونکہ گیت کے الفاظ یاد نہیں اور نومشقی کا عالم بھی ہے اس لئے سیٹی پر اکتفا کی ہے کہ بے سرے بھی ہوگئے، تو کوئی یہی سمجھے گا انگریزی موسیقی ہے۔ اتنے میں ایک موڑ پر سے جو مڑے تو سامنے ایک بکری بندھی تھی۔ ذرا تصور ملاحظہ ہو۔آنکھوں نے اسے بھی کتا دیکھا۔ ایک تو کتا اور پھر بکری کی جسامت کا۔ گویا بہت ہی کتا۔ بس ہاتھ پاؤں پھول گئے۔ چھڑی کی گردش دھیمی ہوتے ہوتے ایک نہایت ہی نامعقول زاویے پر ہوا میں کہیں ٹھہر گئی۔ سیٹی کی موسیقی بھی تھرتھرا کر خاموش ہوگئی لیکن کیا مجال جو ہماری تھوتھنی کی مخروطی شکل میں ذرا بھی فرق آیا ہو۔گویا ایک بے آواز لے ابھی تک نکل رہی تھی۔طب کا مسئلہ ہے کہ ایسے موقعوں پر اگر سردی کے موسم میں بھی پسینہ آجائے تو کوئی مضائقہ نہیں، بعد میں پھر سوکھ جاتا ہے۔

حکایت سعدیؒ:وائے حسرتا!

حکایت سعدیؒ:وائے حسرتا!

بقول شیخ سعدی ایک شب ایام جوانی میں کچھ دوست باہم مل کر خوش گپیوں میں مصروف تھے کہ ہمارا ایک ہمدم بوڑھا بھی آ گیا۔ ایک نوجوان نے بڑے میاں کو خاموش پا کر کہا کہ آپ کس سوچ میں غلطاں ہیں، ہنسی ٹھٹھول سے اپنے دل کا بوجھ ہلکا کریں۔بوڑھے نے ایک سرد آہ بھر کر کہا کہ برخوردار! صبا کے جھونکوں سے جھومنا ان درختوں کو ہی زیبا دیتا ہے جن کی شاخیں پتوں سے لدی ہوئی ہوں، بوڑھا درخت جنبش کرے تو ٹوٹ جاتا ہے۔ شب جوانی کی سحر ہونے پر ہوس کو سر کے نہاں خانوں سے نکال دینا ہی بہتر ہے۔ میری جوانی دیوانی فضول کاموں میں ختم ہوگئی۔ فضول خواہشات نے مجھے دین سے غافل رکھا۔ وائے افسوس کسی استاد نے اپنے شاگرد سے کہا تھا:''وائے حسرتا! وقت ختم ہو گیا اور کام ابھی باقی ہے‘‘۔حاصل کلام :بڑھاپے میں کم از کم انسان کو لہو و لعب سے اجتناب کرنا چاہیے۔ زندگی کا انجام بہرحال موت ہے۔ اس فانی زندگی کے مقابلے میں غیر فانی زندگی کے لیے اچھے اعمال کرنا ضروری ہیں۔

آج تم یاد بے حساب آئے!  لالہ سدھیر پہلے پاکستانی سپر سٹار (1997-1922ء)

آج تم یاد بے حساب آئے! لالہ سدھیر پہلے پاکستانی سپر سٹار (1997-1922ء)

٭...سدھیر ، پاکستان کی فلمی تاریخ کے پہلے سپر سٹار اور ابتدائی دور کے سب سے کامیاب اور مقبول ترین فلمی ہیرو تھے۔٭... 25جنوری 1922ء کولاہور کے ایک مذہبی گھرانے میں پیدا ہوئے،اصل نام شاہ زمان خان تھا۔٭... 1946ء میں لاہور کی فلمی دنیا سے ہوتے ہوئے بمبئی تک جا پہنچے۔تقسیم کے بعد واپس اپنے شہر لاہور کا رخ کیا۔٭... 1947ء میں ہدایت کار نذیر بیدی نے ان کا فلمی نام سدھیر رکھا۔٭...ان کی پہلی فلم ''فرض‘‘ تقسیم سے قبل لاہور میں بنی تھی۔٭... قیام پاکستان کے بعد تیسری ریلیز شدہ فلم ''ہچکولے‘‘ (1949ء) کے ہیرو بھی وہ تھے۔٭... انھیں بریک تھرو 1952 ء میں ریلیز ہونے والی ملکہ ترنم نورجہاں کی مشہور زمانہ نغماتی فلم ''دوپٹہ‘‘ سے ملا ۔٭...پاکستان کی فلمی تاریخ میں پچاس کا پہلا عشرہ سدھیر کے نام تھا جس میں کل پانچ گولڈن جوبلی منانے والی اردو فلموں میں سے چار کے ہیرو تھے۔ ٭...سب سے زیادہ گیارہ سلورجوبلی فلمیں بھی ان ہی کے کریڈٹ پر تھیں۔ ایسی فلموں میں پاکستان کی پہلی گولڈن جوبلی اردو فلم ''سسی‘‘ اور پہلی ایکشن فلم ''باغی‘‘ جیسی یادگار فلمیں بھی تھیں۔٭... ان کی بلاک بسٹر فلموں ''دلا بھٹی‘‘ (1956ء) اور ''یکے والی‘‘ (1957ء) نے بزنس کے نئے ریکارڈز قائم کیے تھے۔٭...کرتار سنگھ (1959) جیسی تاریخی فلم بھی سدھیر کے کریڈٹ پر ہے۔ ٭...سدھیر، اپنے ابتدائی دور میں ایک آل راؤنڈ اداکار تھے۔ سماجی اور نغماتی فلموں کے ساتھ رومانوی اور لوک داستانوں پر مبنی فلموں میں بھی کاسٹ کیا گیا ،ایکشن اور تاریخی فلموں کا ہیرو ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔٭...سدھیر نے 200 سے زائد فلموں میں اپنے وقت کی معروف اداکاراؤں کے مقابل مرکزی کردار نبھایا ۔٭...1980ء میں اپنی ذاتی فلم ''دشمن کی تلاش‘‘ کے بعد فلمی دنیا سے ریٹائرمنٹ لے کر گمنامی اختیار کر لی۔ ٭...27رمضان المبارک 20جنوری 1997ء کو ظہر کی نماز کے دوران روزہ کی حالت میں وہ جونہی سجدہ میں گئے تو ملک الموت نے اِن کی روح قبض کر لی اور وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔سماجی و نغماتی فلمیںگمنام (1954ء)، طوفان (1955ء)، چھوٹی بیگم، ماہی منڈا (1956ء) داتا ، آنکھ کا نشہ، یکے والی (1957ء)، جان بہار، جٹی (1958ء) جھومر (1959ء) لوک داستانوں پر مبنی فلمیںسسی (1954ء)، سوہنی (1955ء)، دلابھٹی، مرزا صاحباں (1956ء)نوراں (1957ء)، انارکلی (1958ء)، گل بکاؤلی (1961ء)تاریخی و ایکشن فلمیںحاتم (1957ء)کرتار سنگھ (1959ء) غالب (1961ء)باغی (1956ء)آخری نشان (1958ء) عجب خان (1961ء) فرنگی (1964ء)

عالمی خلائی توازن خطرے میں؟چین کا بڑا سیٹلائٹ منصوبہ

عالمی خلائی توازن خطرے میں؟چین کا بڑا سیٹلائٹ منصوبہ

دو لاکھ سیٹلائٹس چھوڑنے کی درخواست،عالمی خلائی برادری میں تشویشچین کی جانب سے خلا میں دو لاکھ سیٹلائٹس چھوڑنے کی درخواست نے عالمی خلائی برادری میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ ماہرین اس اقدام کو ایک ممکنہ ''میگا کانسٹیلیشن‘‘ (mega constellation)کی تیاری قرار دے رہے ہیں، جو نہ صرف خلائی ٹیکنالوجی میں ایک بڑی پیش رفت ہو سکتی ہے بلکہ زمین کے گرد مدار، خلائی ملبے، سائنسی مشاہدات اور عالمی سلامتی سے متعلق نئے سوالات بھی کھڑے کر رہی ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب دنیا پہلے ہی نجی اور سرکاری خلائی منصوبوں کے باعث مدار کی گنجائش اور نظم و ضبط کے مسائل سے دوچار ہے۔29 دسمبر کو ایک نئے قائم ہونے والے ادارے، انسٹی ٹیوٹ آف ریڈیو اسپیکٹرم یوٹیلائزیشن اینڈ ٹیکنالوجیکل اِنویشن نے دو سیٹلائٹ نیٹ ورکس کیلئے درخواستیں جمع کرائیں۔ان وسیع سیٹلائٹ مجموعوں کو ''سی ٹی سی 1‘‘ اور ''سی ٹی سی 2‘‘کا نام دیا گیا ہے، جن میں سے ہر ایک میں 96,714 سیٹلائٹس شامل ہوں گے، جو 3,660 مختلف مداروں میں پھیلے ہوں گے۔اگر یہ منصوبہ مکمل ہو گیا تو چین کی یہ نئی میگا کانسٹیلیشن، اسپیس ایکس کے 49ہزار اسٹار لنک سیٹلائٹس مدار میں بھیجنے کے جرات مندانہ منصوبے کو بہت پیچھے چھوڑ دے گی۔''سی ٹی سی 1‘‘ اور ''سی ٹی سی 2‘‘ مل کر مدار میں بھیجے جانے والے سیٹلائٹس کا اب تک کا سب سے بڑا مجموعہ ہوں گے اور عملی طور پر کم بلندی والے زمینی مدار کے ایک بڑے حصے تک دیگر حریفوں کی رسائی محدود کر دیں گے۔ چینی حکام کی جانب سے سیٹلائٹس کے مجوزہ استعمال پر خاموشی برقرار ہے، جس کے باعث ماہرین نے خدشات ظاہر کیے ہیں کہ یہ نیٹ ورک سلامتی یا دفاعی خطرہ بن سکتا ہے۔''چائنا اِن سپیس‘‘ کی رپورٹ کے مطابق، نانجنگ یونیورسٹی آف ایروناٹکس کا کہنا ہے کہ یہ سیٹلائٹس درج ذیل امور پر توجہ مرکوز کریں گے۔(1)کم بلندی والے برقی مقناطیسی خلائی تحفظ، (2)مربوط دفاعی سلامتی نظام،(3) فضائی حدود کے برقی مقناطیسی خلائی تحفظ کا جائزہ ، (4) کم بلندی والے فضائی علاقے کی نگرانی و حفاظتی خدمات۔یہ تفصیل اس جانب اشارہ کرتی ہے کہ یہ سیٹلائٹ نیٹ ورکس ممکنہ طور پر سپیس ایکس کے اسٹار شیلڈ سیٹلائٹس جیسا کردار ادا کریں گے، جنہیں امریکی فوج محفوظ نگرانی اور مواصلات کیلئے استعمال کرتی ہے۔یہ درخواستیں انٹرنیشنل ٹیلی کمیونی کیشن یونین (آئی ٹی یو) میں جمع کرائی گئی ہیں، جو اقوامِ متحدہ کا ایک ادارہ ہے اور خلا میں ریڈیو اسپیکٹرم کے استعمال کی منظوری دیتا ہے۔درخواستیں جمع ہونے کے بعد دیگر سیٹلائٹ آپریٹرز کو آئی ٹی یو کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ اسی مدار میں بھیجے جانے والے نئے سیٹلائٹس اس مجوزہ سیٹلائٹ نیٹ ورک کی سرگرمیوں میں مداخلت نہیں کریں گے۔ ان سیٹلائٹس کے کئی غیر جارحانہ اور مفید استعمال بھی ہو سکتے ہیں، جن میں شدید موسمی حالات کی نگرانی، ہوائی جہازوں کیلئے نیوی گیشن کی سہولت اور اسٹارلنک طرز کی مواصلاتی خدمات کی فراہمی شامل ہے۔تاہم یہ درخواستیں ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب چین اور امریکا کے خلائی عزائم کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔دونوں ممالک نہ صرف چاند پر مستقل موجودگی قائم کرنے کی دوڑ میں شامل ہیں بلکہ کم بلندی والے زمینی مدار (لو ارتھ آربٹ) میں برتری حاصل کرنے کیلئے بھی ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔فوجی سیٹلائٹس نام نہاد ''کِل میش‘‘ کا حصہ ہوتے ہیں، جو ایک خودکار نیٹ ورک ہے اور اس میں سینسرز، سیٹلائٹس، مواصلاتی نظام اور ہتھیار آپس میں جڑے ہوتے ہیں۔یوکرین کی جنگ میں سیٹلائٹ مواصلات اور دشمن کے سیٹلائٹس کو جام کرنے کی صلاحیت نے تنازع کی نوعیت اور سمت پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔مزید یہ کہ حالیہ عرصے میں تجزیہ کاروں نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے کہ چینی سیٹلائٹس کا رویہ بتدریج زیادہ غیر متوقع اور خطرناک ہوتا جا رہا ہے۔ چین بظاہر ایسے متعدد 'فاسٹ موورز‘ (تیز رفتار سیٹلائٹس) کی آزمائش کر رہا ہے جو جیو اسٹیشنری مدار (GEO) کے گرد حرکت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، گرتے ہوئے سیٹلائٹس کو دوبارہ مدار میں لے جا سکتے ہیں یا ممکنہ طور پر امریکی خلائی اثاثوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔گزشتہ برس چیٹم ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، امریکی اسپیس فورس میں انٹیلی جنس کے نائب سربراہ چیف ماسٹر سارجنٹ رون لیرچ نے کہاتھا کہ چینی جسے تجرباتی مواصلاتی سیٹلائٹس کہتے ہیں، ان میں سے کئی GEO میں موجود ہیں لیکن یہ GEO سیٹلائٹس مسلسل سرک رہے ہیں یا GEO بیلٹ کے اندر بار بار حرکت کر رہے ہیں، جو ایسے سیٹلائٹ کیلئے بالکل غیر معمولی رویہ ہے جس کا مقصد محض سیٹلائٹ کمیونی کیشن فراہم کرنا ہے۔مسٹر لیرچ نے مزید کہا کہ ہم (امریکی اسپیس فورس) اس وقت شدید خطرات دیکھ رہے ہیں، خاص طور پر بے مثال اضافے اور غیر منظم مقابلے کی وجہ سے۔دوسری جانب چین واضح کر چکا ہے کہ وہ خلا کو امریکا کے ساتھ مقابلے کیلئے ایک جائز محاذ سمجھتا ہے۔ 2021ء ہی میں صدر شی جن پنگ نے کہا تھا کہ خلا ملک کیلئے ایک اہم اسٹریٹجک اثاثہ ہے جسے بہتر طور پر منظم اور استعمال کیا جانا چاہیے اور اس سے بھی بڑھ کر اس کا تحفظ ضروری ہے۔ اس وقت چین کے تقریباً 1,000 سیٹلائٹس مدار میں موجود ہیں، جو 2010ء میں موجود تقریباً 40 سیٹلائٹس کے مقابلے میں ایک نمایاں اضافہ ہے۔اگرچہ یہ دونوں نئی میگا کانسٹیلیشنز چین کی بڑھتی ہوئی فوجی خلائی موجودگی کا حصہ بن سکتی ہیں، تاہم زیادہ سنگین خدشہ یہ ہے کہ یہ منصوبے خلا میں ایک ممکنہ ''لینڈ گریب‘‘ (مداری علاقوں پر قبضے) کی حکمتِ عملی کا حصہ ہوں۔چین کی سیٹلائٹ تیار کرنے کی صلاحیت2021ء میں، روانڈا نے 27 مداروں میں 3لاکھ 27ہزار سیٹلائٹس کی کانسٹیلیشن کے لیے درخواست جمع کروائی تھی، جسے وہ حقیقت میں مکمل کرنے کے قابل نہیں تھا۔اسی طرح، یہ بظاہر انتہائی غیر ممکن لگتا ہے کہ چین ''سی ٹی سی 1‘‘ اور ''سی ٹی سی 2‘‘کو مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو، اگرچہ وہ چاہے۔چین کا موجودہ کمرشل سیکٹر سالانہ تقریباً 300 سیٹلائٹس تیار کر سکتا ہے، اور اس میں توسیع کے منصوبے کے تحت یہ تعداد 600 تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ ریاستی شعبہ مزید کئی سو سیٹلائٹس تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تاہم، چین کو دو لاکھ سیٹلائٹس مدار میں بھیجنے کیلئے ہر ہفتے 500 سیٹلائٹس لانچ کرنے ہوں گے، ہر ہفتے سات سال تک۔ جیو اسٹیشنری مدارکا وسیع حصہ متعددممالک کیلئے بندآئی ٹی یو میں اپنے دعوے کے ذریعے، انسٹی ٹیوٹ آف ریڈیو اسپیکٹرم یوٹیلائزیشن اینڈ ٹیکنالوجیکل اِنویشن نے عملی طور پر جیو اسٹیشنری مدار (GEO) کے ایک وسیع حصے کو دیگر ملکوں کیلئے بند کر دیا ہے۔آئی ٹی یو کے قواعد کے مطابق، انہیں درخواست جمع کروانے کے سات سال کے اندر کم از کم ایک سیٹلائٹ مدار میں بھیجنا ہوگا، اور باقی تمام سیٹلائٹس بھیجنے کیلئے مزید سات سال کی مہلت ہوگی۔ چین کیلئے یہ ممکن ہے کہ اس کانسٹیلیشن کو بنانے کے جواز موجود ہوں، لیکن کچھ بھی ایسا نہیں ہے جو چین کو یہ اجازت دے کہ وہ 'ڈمی‘ درخواست جمع کر کے کسی خلائی علاقے کو بعد میں استعمال کیلئے محفوظ کر لے۔