آج کا دن
اسپیشل فیچر
چلی کا تباہ کن زلزلہ
24جنوری1930ء کوجنوبی وسطی چلی میں تباہ کن زلزلہ آیا ۔اس زلزلے کی شدت 8.3ریکارڈ کی گئی۔اس تباہ کن زلزلے میں مرنے والوں کی تعداد 28 ہزار سے زائد تھی۔اسے چلی کا مہلک ترین زلزلہ بھی سمجھا جاتا ہے۔جس میں تقریباً3500گھر زمین بوس ہو گئے۔باقی بچ جانے والا شہر آفٹر شاکس سے تباہ ہو گیا۔چلی کا کتھیڈرل شہر کی اہم ترین عمارت سمجھی جاتی تھی وہ بھی اس زلزلے کے نتیجے میں تباہ ہو گئی۔
اقوام متحدہ اٹامک انرجی کمیشن کا قیام
''اقوام متحدہ اٹامک انرجی کمیشن‘‘ (UNAEC) کی بنیاد 24 جنوری 1946ء کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی پہلی قرار داد کے ذریعے رکھی گئی تاکہ ایٹمی توانائی کی دریافت سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹا جا سکے۔اس کمیشن کے قیام کا مقصد اٹامک انرجی کے متعلق مخصوص تجاویز پیش کرنا، تمام اقوام کے درمیان پر امن مقاصد کیلئے بنیادی سائنسی معلومات کے تبادلے کو بڑھانا ، جوہری توانائی پرکنٹرول اور اس کے پر امن استعمال کو یقینی بناناتھا۔
جاپان کے پہلے قمری مشن کی روانگی
24جنوری 1990ء کوجاپان نے اپنا پہلا قمری مشن ''ہتن‘‘ (Hiten) لانچ کیا۔ یہ 1976ء میں سوویت یونین کے ''لونا 24‘‘ کے بعد پہلا روبوٹک قمری مشن تھاجبکہ یہ سوویت یونین یا امریکا کے علاوہ کسی اور ملک کی جانب سے بھیجا جانے والا پہلا قمری مشن بھی تھا۔ یہ مشن بنیادی طور پر زمین اور چاند کے درمیان سفر، کشش ثقل اور مداروں کے مطالعے کیلئے بھیجا گیاتھا۔ ہتن نے چاند کے گرد کامیاب پروازیں کیں اور ایک چھوٹا آلہ چاند کی سطح پر اتارا ۔
اتوچا قتل عام
اتوچا کا قتل عام24جنوری1977ء کو میڈرڈ کے وسط میں دائیں بازو کے انتہا پسند وں کا ایک حملہ تھا۔ جس میں کمیونسٹ پارٹی آف سپین اور مزدوروں کی فیڈریشن کے پانچ مزدور کارکنوں کو قتل کر دیا گیا۔ یہ عمل ڈکٹیٹر فرانسسکو فرانکو کی موت کے بعد ہوا۔24 جنوری کی شام کو تین افراد سینٹرل میڈرڈ میں اتوچا اسٹریٹ پر کارکنوں کیلئے قانونی معاونت کے دفتر میں داخل ہوئے اور وہاں موجود تمام افراد پر فائرنگ شروع کر دی۔
میکنٹوش کمپیوٹر کی فروخت کا آغاز
1984ء میں آج کے روز ایپل کمپیوٹر نے امریکا میں میکنٹوش (Macintosh) کمپیوٹر کو فروخت کیلئے پیش کیا۔یہ پہلا کمپیوٹر تھا جس میں گرافیکل یوزر انٹرفیس اور ماؤس کا استعمال عام صارف کیلئے متعارف کرایا گیا۔ اس سے قبل کمپیوٹر صرف ماہرین تک محدود تھے۔ اس کمپیوٹر نے ڈیزائن، پبلشنگ اور تخلیقی شعبوں میں نئی راہیں کھولیں۔ میکنٹوش کی آمد نے مستقبل کے کمپیوٹرز، آپریٹنگ سسٹمز اور صارف دوست ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھ دی۔