آج کا دن
اسپیشل فیچر
آشوٹزکیمپ کا خاتمہ
27 جنوری 1945ء کو سوویت یونین کی ریڈ آرمی نے پولینڈ میں واقع نازی حراستی کیمپ آشوٹز کو آزاد کروایا۔ یہ کیمپ دوسری عالمی جنگ کے دوران نازی جرمنی کے نسل کش پروگرام کی سب سے خوفناک علامت سمجھا جاتا ہے۔ اندازوں کے مطابق یہاں تقریباً 11 لاکھ افراد کو قتل کیا گیا، جن میں یہودیوں کے علاوہ پولش، روما (Gypsies)، سوویت جنگی قیدی اور دیگر اقلیتیں بھی اس ظلم کا نشانہ بنیں۔جب سوویت فوجی کیمپ میں داخل ہوئے تو انہوں نے ہزاروں کمزور، بھوکے اور بیمار قیدیوں کو زندہ پایا ۔ آشوٹز کی آزادی نے دنیا کو نازی مظالم کی اصل شدت سے آگاہ کیا۔
برقی بلب کا پیٹنٹ
27 جنوری 1880ء کو مشہور امریکی موجد تھامس ایڈیسن کو برقی بلب کا پیٹنٹ دیا گیا۔ اگرچہ ایڈیسن سے پہلے بھی کئی سائنسدان روشنی پیدا کرنے کے تجربات کر چکے تھے مگر ایڈیسن کا کمال یہ تھا کہ انہوں نے بلب کو عملی، سستا اور طویل عرصے تک جلنے کے قابل بنایا، جس سے یہ عام لوگوں کے استعمال میں آ سکا۔ایڈیسن کے بلب نے انسانی زندگی میں انقلابی تبدیلی پیدا کی۔ برقی بلب کی ایجاد کے بعد شہروں میں رات کے وقت سرگرمیاں بڑھیں، صنعتوں کو فروغ ملا اور تعلیمی و سماجی زندگی میں نئی وسعت پیدا ہوئی اوریہ ایجاد جدید برقی نظام کی بنیاد بنی۔
اپولو 1 کا حادثہ
27 جنوری 1967ء کو امریکی خلائی پروگرام کو شدید دھچکا لگا جب اپولو 1 مشن کے دوران ایک زمینی آزمائش میں آگ لگنے سے تین خلابازہلاک ہو گئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کیپسول لانچ پیڈ پر موجود تھا اور اندر آکسیجن بھری ہوئی تھی جس نے آگ کو انتہائی تیزی سے پھیلنے میں مدد دی۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ڈیزائن کی خامیاں، حفاظتی انتظامات کی کمی اور ناقص مواد اس حادثے کی بنیادی وجوہات تھیں۔ اس کے بعد ناسا نے خلائی جہازوں کے ڈیزائن، حفاظتی پروٹوکول اور آزمائشی طریقہ کار میں بڑی اصلاحات کیں، بالآخر 1969 میں انسان پہلی بار چاند پر قدم رکھنے میں کامیاب ہوا۔
موزارٹ کی پیدائش
27 جنوری 1756ء کو دنیا کا عظیم موسیقار وولف گینگ امیڈیئس موزارٹ آسٹریا کے شہر سالزبرگ میں پیدا ہوا۔ موزارٹ بچپن ہی سے غیر معمولی موسیقی صلاحیتوں کا مالک تھا۔پانچ سال کی عمر میں وہ موسیقی ترتیب دینے لگا اور یورپ بھر میں شاہی درباروں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔موزارٹ نے اپنی مختصر زندگی (35 سال) میں 600 سے زائد موسیقی کے شاہکار تخلیق کیے جن میں سمفنیز، اوپرا، سوناتاز اور مذہبی موسیقی شامل ہے۔ موزارٹ کی مشہور تخلیقات میں The Magic Flute،Don Giovanni اور Requiem شامل ہیں جو آج بھی دنیا بھر میں شوق سے سنی اور پیش کی جاتی ہیں۔
پیرس امن معاہدہ
27 جنوری 1973ء کو پیرس امن معاہدے پر دستخط کیے گئے جس کا مقصد ویتنام جنگ کا خاتمہ تھا۔ یہ جنگ تقریباً دو دہائیوں تک جاری رہی اور اس میں لاکھوں افراد ہلاک ہوئے۔ معاہدے کے تحت امریکہ نے ویتنام سے اپنی فوجیں واپس بلانے پر رضامندی ظاہر کی جبکہ جنگی قیدیوں کی رہائی اور جنگ بندی کا اعلان کیا گیا۔ ویتنام جنگ نے امریکی معاشرے میں شدید اختلافات کو جنم دیا تھا اور عوامی دباؤ کے باعث حکومت کو جنگ ختم کرنے کی راہ اختیار کرنا پڑی۔ اگرچہ پیرس معاہدے کے بعد بھی ویتنام میں کچھ عرصہ لڑائی جاری رہی۔