ارتھ ڈے:زمین سے رشتہ،بقا کا عہد
اسپیشل فیچر
دنیا بھر میں ہر سال 22 اپریل کو ارتھ ڈے (Earth Day) منایا جاتا ہے۔ یہ دن انسانوں اور زمین کے درمیان تعلق کو اجاگر کرنے، ماحولیات کے تحفظ کے شعور کو فروغ دینے اور قدرتی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کی یاد دہانی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ موجودہ دور میں جب ماحولیاتی آلودگی، موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی وسائل کی تیزی سے کمی جیسے مسائل سنگین شکل اختیار کر چکے ہیں، ارتھ ڈے کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔
ارتھ ڈے کی تاریخ
ارتھ ڈے کا آغاز 1970ء میں امریکہ سے ہوا جب ماحولیاتی کارکن اور سینیٹر گیلارڈ نیلسن ( Gaylord Nelson) نے صنعتی آلودگی اور ماحولیاتی تباہی کے خلاف عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے ایک مہم شروع کی۔ اس مہم نے جلد ہی عالمی سطح پر توجہ حاصل کی اور وقت کے ساتھ یہ دن ایک بین الاقوامی تحریک بن گیا۔ آج دنیا کے 190 سے زائد ممالک میں اربوں افراد اس دن کو مناتے ہیں اور ماحول کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ارتھ ڈے منانے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ انسانوں کو ان کی ذمہ داری کا احساس دلایا جائے کہ وہ زمین کو محفوظ اور صاف ستھرا رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ہم جس سیارے پر رہتے ہیں وہی ہماری بقا کا واحد ذریعہ ہے۔ اگر اس کی فضا آلودہ ہو جائے، پانی زہریلا ہو جائے اور زمین بنجر ہو جائے تو انسانی زندگی کا تصور بھی ممکن نہیں رہے گا۔ اس لیے ارتھ ڈے ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ ہم اپنی روزمرہ زندگی میں چھوٹے چھوٹے اقدامات کے ذریعے ماحول کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
ماحولیاتی مسائل اور چیلنجز
ماحولیاتی آلودگی آج کے دور کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ فیکٹریوں سے نکلنے والا دھواں، گاڑیوں کا دھواں، پلاسٹک کا بے دریغ استعمال اور جنگلات کی کٹائی زمین کے ماحول کو تباہ کر رہے ہیں۔ اس کے نتیجے میں گلوبل وارمنگ، گلیشیئرز کا پگھلنا، سمندری سطح میں اضافہ اور غیر متوقع موسمی تبدیلیاں سامنے آ رہی ہیں۔ پاکستان ان مسائل سے شدید متاثر ہ ممالک میں سر فہرست ہے۔ یہاں فضائی آلودگی، پانی کی قلت اور درجہ حرارت میں اضافہ جیسے مسائل روز بروز بڑھ رہے ہیں۔
ارتھ ڈے کے مقاصد
ارتھ ڈے کے اہم مقاصد میں ماحولیات کے تحفظ کے لیے آگاہی پیدا کرنا، درخت لگانے کی حوصلہ افزائی کرنا، پانی اور توانائی کے ضیاع کو روکنا اور قدرتی وسائل کے دانشمندانہ استعمال کو فروغ دینا شامل ہیں۔ اس دن تعلیمی اداروں، سرکاری و نجی تنظیموں اور سماجی کارکنوں کی جانب سے مختلف تقریبات، سیمینارز، واکس اور مہمات کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ لوگوں میں شعور پیدا کیا جا سکے۔اس حوالے سے تعلیم و آگاہی کے لیے نہایت اہم ہے۔ اگر نئی نسل کو شروع سے ہی ماحول دوست عادات سکھائی جائیں، جیسا کہ پانی کا ضیاع نہ کرنا، درخت لگانا، کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانا اور پلاسٹک کے استعمال سے گریز کرنا، تو مستقبل میں صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ میڈیا بھی اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، کیونکہ یہ عوام تک معلومات پہنچانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
ارتھ ڈے ہمیں یہ بھی سکھاتا ہے کہ ترقی اور ماحولیات کے درمیان توازن قائم کرنا ضروری ہے۔ صنعتی ترقی اگر ماحول کو نقصان پہنچائے تو وہ دیرپا نہیں ہوتی۔ ہمیں ایسے ترقیاتی ماڈلز اپنانے ہوں گے جو ماحول دوست ہوں جیسا کہ قابل تجدید توانائی کا استعمال، شمسی اور ہوا سے بجلی پیدا کرنا، اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کو فروغ دینا۔انفرادی سطح پر بھی ہم بہت کچھ کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پربجلی کے غیر ضروری استعمال سے اجتناب، پانی کو ضائع نہ کرنا، پلاسٹک بیگز کی جگہ کپڑے کے تھیلے استعمال کرنا اور زیادہ سے زیادہ درخت لگانا۔ یہ چھوٹے اقدامات مل کر ایک بڑی تبدیلی لا سکتے ہیں۔ یاد رکھنا چاہیے کہ زمین صرف ہماری نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کی بھی امانت ہے۔
ارتھ ڈے محض ایک دن منانے کا نام نہیں بلکہ ایک مسلسل جدوجہد کا تقاضا کرتا ہے۔ ہمیں سال کے ہر دن کو ارتھ ڈے سمجھ کر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی ہوں گی۔ اگر ہم نے آج زمین کا خیال نہ رکھا تو کل شاید بہت دیر ہو جائے۔ اس لیے آئیے ہم سب مل کر یہ عہد کریں کہ ہم اپنی زمین کو محفوظ، سرسبز اور خوبصورت بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے، تاکہ آنے والی نسلیں بھی ایک صحت مند اور خوشحال دنیا میں سانس لے سکیں۔