امریکہ کی ناپسندیدہ ریاستیں
اسپیشل فیچر
امریکہ جیسے وسیع اور متنوع ملک میں ہر ریاست اپنی الگ شناخت، ثقافت اور طرزِ زندگی رکھتی ہے، مگر حالیہ سروے نے ایک دلچسپ اور کسی حد تک چونکا دینے والی حقیقت کو سامنے لایا ہے۔ اس تحقیق میں ان ریاستوں کی نشاندہی کی گئی ہے جنہیں عوامی رائے میں سب سے زیادہ ناپسند کیا جاتا ہے۔ یہ فہرست نہ صرف سماجی رویوں اور علاقائی تعصبات کی عکاسی کرتی ہے بلکہ اس بات پر بھی روشنی ڈالتی ہے کہ مختلف وجوہات جیسے معیشت، طرزِ حکمرانی، جرائم کی شرح یا عوامی رویے کس طرح کسی ریاست کی مجموعی شہرت کو متاثر کرتے ہیں۔ اس انکشاف نے ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے کہ آخر کن عوامل کی بنیاد پر کسی خطے کو پسند یا ناپسند کیا جاتا ہے اور اس کے اثرات وہاں کے باسیوں پر کیسے پڑتے ہیں۔
''ورلڈ پاپولیشن ریویو‘‘ نے اس بات کا تعین کرنے کیلئے تین اہم عوامل کا تجزیہ کیا کہ کونسی ریاستیں سب سے زیادہ منفی جذبات پیدا کرتی ہیں، کتنے رہائشیوں نے اپنی ریاست کو بدترین قرار دیا، آبادی میں کمی کی شرح، اور دوسری ریاستوں کی جانب سے انہیں سب سے زیادہ ناپسندیدہ پڑوسی کے طور پر نامزد کیے جانے کی تعداد۔کچھ معاملات میں یہ ناپسندیدگی بڑھتی ہوئی مہنگائی، روزگار کے محدود مواقع یا بدلتے ہوئے طرزِ زندگی پر لوگوں کی ناراضی کی عکاسی کرتی ہے۔جبکہ دیگر صورتوں میں طویل عرصے سے جاری علاقائی رقابتیں، خاص طور پر کھیلوں اور علاقائی شناخت کے حوالے سے، عوامی رائے پر غیر معمولی اثر ڈالتی ہیں۔
آبادی میں اضافے اور کمی کا تجزیہ کرتے ہوئے محققین نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ لوگ بہتر مواقع کی تلاش میں کن ریاستوں کو چھوڑ رہے ہیں۔اس تجزیے میں یہ اصول اپنایا گیا کہ جس ریاست میں آبادی میں زیادہ کمی ہو، اسے درجہ بندی میں زیادہ منفی تصور کیا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے محققین نے ''امریکن کمیونٹی سروے ‘‘ کے اعداد و شمار استعمال کیے اور دو حالیہ سالوں کے ڈیٹا کا موازنہ کیا۔
آخر میں تحقیق میں اس بات کو بھی شامل کیا گیا کہ باقی ملک ان ریاستوں کو کس نظر سے دیکھتا ہے۔ محققین کے مطابق بیرونی رائے کسی بھی ریاست کی ساکھ بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، کیونکہ پڑوسی علاقوں کی منفی رائے اکثر پرانی رقابتوں، تعصبات یا علاقائی شکایات کی عکاسی کرتی ہے۔ان تینوں عوامل رہائشیوں کی عدم اطمینان، آبادی میں تبدیلی، اور ملک گیر رائے کو یکجا کر کے ایک حتمی کمپوزٹ اسکور بنایا گیا۔
امریکی عوام نے اس بات پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے کہ وہ کن ریاستوں کو ناپسند کرتے ہیں۔ ایک درجہ بندی کے مطابق Illinois کو ملک کی سب سے زیادہ ناپسند کی جانے والی ریاست قرار دیا گیا ہے، جہاں 25 فیصد مقامی رہائشیوں نے خود اپنی ریاست کو رہائش کیلئے بدترین جگہ قرار دیا۔یہ شدید عدم اطمینان اس حقیقت کے ساتھ جڑا ہے کہ ریاست کی آبادی میں مسلسل کمی دیکھی گئی ہے، جس کے مطابق حالیہ برسوں میں Illinois کی آبادی میں تقریباً 0.54 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
دوسرے نمبر پر نیو جرسی رہی، جو طویل عرصے سے ایک کم خوشگوار قومی شہرت کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔اس ریاست کو اکثر تیز رفتار ڈرائیونگ کے حوالے سے اسٹیریو ٹائپس اور فلموں و ٹی وی میں طنزیہ حوالوں کا سامنا رہا ہے۔''گارڈن اسٹیٹ‘‘ کہلانے والی یہ ریاست اپنے پڑوسی ریاستوں کی تنقید کی زد میں بھی رہی، جہاں پانچ ریاستوں نے اسے سب سے زیادہ ناپسندیدہ پڑوسی قرار دیا۔
تیسرے نمبر پر نیو یارک رہی، جہاں 12 فیصد رہائشیوں نے اسے رہائش کیلئے بدترین ریاست قرار دیا، جو ایک حیران کن حقیقت ہے کیونکہ یہ ریاست دنیا کے مشہور ترین مقامات میں شمار ہوتی ہے۔
یہاں علاقائی رقابتیں بھی کردار ادا کرتی دکھائی دیتی ہیں، کیونکہ رپورٹ کے مطابق میسا چوسٹس (Massachusetts) کے رہائشیوں نے نیو یارک کو اپنا سب سے ناپسندیدہ پڑوسی قرار دیا، جس کی وجہ ممکنہ طور پر کھیلوں کی پرانی رقابتیں اور علاقائی کشیدگیاں ہو سکتی ہیں۔
فہرست میں آگے بڑھتے ہوئے ویسٹ ورجینیا چوتھے نمبر پر رہی، جس کی بڑی وجہ اس کی کم ہوتی ہوئی آبادی اور بہتر مواقع کی تلاش میں مسلسل لوگوں کا انخلا بتایا گیا ہے۔
کیلیفورنیا (California )حیران کن طور پر پانچویں نمبر پر رہی، حالانکہ اسے اکثر ایک پرکشش اور بااثر ریاست کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔ اس تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ نو دیگر ریاستوں نے اسے اپنا سب سے ناپسندیدہ پڑوسی قرار دیا، جو اس مطالعے میں سب سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے بعد میساچوسٹس بھی اس فہرست میں شامل رہی، جہاں اندرونی سطح پر عدم اطمینان اور بیرونی رقابتوں نے اسے ناپسندیدہ ریاستوں کے اعلیٰ درجے میں پہنچا دیا۔
مشی گن (Michigan) بھی اس فہرست کا حصہ بنی، جہاں تقریباً ہر دس میں سے ایک رہائشی نے اپنی ہی ریاست کے بارے میں منفی رائے کا اظہار کیا۔ محققین کے مطابق یہ رویہ معاشی دباؤ اور صنعتی تبدیلیوں سے جڑا ہو سکتا ہے۔
کونیکٹیکٹ(Connecticut )ایک غیر معمولی کیس کے طور پر سامنے آئی، کیونکہ کسی دوسری ریاست نے اسے سب سے زیادہ ناپسندیدہ نہیں کہا، لیکن خود اس کے تقریباً 17 فیصد رہائشیوں نے وہاں رہنے کو ناپسندیدہ قرار دیا، جو اندرونی تنقید کی شدت کو ظاہر کرتا ہے۔
کینٹکی(Kentucky )اس فہرست میں دسویں نمبر پر رہی، جہاں پڑوسی ریاستوں تنیسی (Tennessee) اور انڈیانا (Indiana) نے اسے اپنا کم پسندیدہ قرار دیا، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ حتیٰ کہ برانڈ اور ثقافت کے حوالے سے مشہور ریاستیں بھی علاقائی رقابتوں سے محفوظ نہیں۔
محققین نے واضح کیا کہ ''سب سے زیادہ ناپسندیدہ‘‘ کا لیبل لازماً یہ معنی نہیں رکھتا کہ ان ریاستوں میں کشش یا خوبی نہیں۔ بلکہ یہ درجہ بندی آبادی میں تبدیلیوں، معاشی چیلنجز اور ثقافتی تصورات کی عکاسی کرتی ہے، جو یہ طے کرتے ہیں کہ لوگ اپنی رہائش گاہوں کو کس نظر سے دیکھتے ہیں۔