کھانے کے حیران کن عالمی ریکارڈز!
اسپیشل فیچر
انسانی تاریخ میں کھانے پینے کا شوق ہمیشہ سے ایک اہم حیثیت رکھتا آیا ہے، بعض افراد اس شوق کو اس حد تک لے جاتے ہیں کہ وہ دنیا بھر میں حیرت اور تجسس کا باعث بن جاتے ہیں۔ کہیں دیو ہیکل برگر تیار کیے جاتے ہیں تو کہیں چند لمحوں میں درجنوں ہاٹ ڈاگ کھا لینے کے حیران کن کارنامے انجام دیے جاتے ہیں۔ یہی غیر معمولی کارنامے بعدازاں عالمی ریکارڈز کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ اس مضمون میں ہم آپ کو کھانے کے پانچ حیران کن عالمی ریکارڈز سے روشناس کرائیں گے جو یقیناً آپ کو چونکا دیں گے۔
سب سے بڑا برگر
دنیا کا سب سے بڑا برگر 2017ء میں جرمنی کے شہر پلسٹنگ میں ایک عوامی تقریب کے دوران پیش کیا گیا۔ اسے 6افراد نے مل کر تیار کیا تھا۔ یہ جرمن دوستوں کا ایک گروپ تھا جو زیادہ سے زیادہ لوگوں کو کھانا کھلانے کے جذبے کے ساتھ اکٹھا ہوا تھا۔اس برگر میں سینکڑوں بیف پیٹیز شامل تھیں جن پر کیچپ اور مایونیز ڈالی گئی۔ اس میں بڑی مقدار میں پنیر اور ٹماٹر بھی شامل تھے۔ اس کے ساتھ دو دیو ہیکل بن رکھے گئے تھے جو اس کے مجموعی سائز کے مطابق تھے۔ اس کا وزن ایک اسمارٹ کار کے برابر یعنی 1,164.2 کلوگرام (2,566 پاؤنڈ 9 اونس) تھا اور یہ ایک برگر باآسانی ہزاروں افراد کھاسکتے تھے۔
سب سے بڑا کدو
پھر آتی ہے باری دنیا کے سب سے بڑے کدو کی، جس کا وزن حیران کن طور پر 1,246.9 کلوگرام (2,749 پاؤنڈ) تھا اور اس کا گھیراؤ 642.6 سینٹی میٹر (21 فٹ 1 انچ) تھا۔ اسے ٹراوس گینگر نے اْگایا جو ایک مقابلہ جاتی مالی ہیں اور زراعت خصوصاً کدو اگانے کے بے حد شوقین ہیں۔ٹراوس کا تعلق امریکہ کی ریاست مینیسوٹا کے علاقے انوکا سے ہے، جسے اکثر دنیا کا ''ہالووین دارالحکومت‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اس ریکارڈ سے پہلے بھی وہ ایک ہزار کلوگرام سے زائد وزن کے کئی کدو اُگا چکے تھے۔یہ نیا عالمی ریکارڈ انہوں نے 2023ء میں ''سیف وے ورلڈ چیمپئن شپ پمپکن وے آف‘‘ کے 50ویں سالانہ مقابلے میں قائم کیاتھا، جہاں ہر کدو کو مقامی جج حضرات بڑی احتیاط سے جانچتے ہیں، اور پھر ''گریٹ پمپکن کامن ویلتھ ‘‘ (جی پی سی) کے ذریعے اس کی باضابطہ تصدیق کی جاتی ہے۔
سب سے بڑاکیلوں کا گچھا
بعض اوقات کچھ پھل جو باقاعدہ گچھوں کی صورت میں اُگائے جاتے ہیں، وہ بھی عالمی ریکارڈ قائم کرتے ہیں۔ سب سے بڑا کیلے کا گچھا کینری ، اسپین میں اُگایاگیا۔ اس کا مجموعی وزن 130 کلوگرام (286 پاؤنڈ 9 اونس) تھا اور اس میں 473 کیلے شامل تھے، جو اسے غیر معمولی طور پر بڑا اور گچھا بناتے ہیں۔اتنی بڑی تعداد میں کیلے اُگانا ایک زرعی منصوبے کا حصہ تھا، جو 160 ہیکٹر پر محیط تھا۔ اس منصوبے کا مقصد بنجر زمین کو زرخیز بنا کر اسے استوائی پھلوں کی کاشت کیلئے موزوں بنانا تھا، اور اس میں ایک بڑا حصہ خاص طور پر کیلے کی پیداوار کیلئے مختص کیا گیا تھا۔
سب سے بڑا کیک
اور یقیناً، میٹھی چیزوں کا ذکر نہ ہو تو بات ادھوری رہتی ہے۔ اٹلی کے شہر میلان میں ''نیشنل ایسوسی ایشن کیک ڈیزائنرز‘‘ سے تعلق رکھنے والے کیک آرٹسٹس کی ایک ٹیم نے دنیا کا سب سے بڑا کیک تیار کر کے سب کو حیران کر دیا۔ اس کی لمبائی 16.46 میٹر (54 فٹ)، چوڑائی 13.94 میٹر (45 فٹ 7 انچ) اور اونچائی 0.54 میٹر (1 فٹ 9.25 انچ) تھی،یعنی یہ ایک اپارٹمنٹ کے فلور جتنا بڑا تھا۔یہ کیک محض ایک میٹھا پکوان نہیں بلکہ ایک حقیقی خوردنی کینوس تھا، جسے اٹلی کے نقشے کی شکل میں ڈیزائن کیا گیا تھا۔ اس پر اٹلی کی مشہور علامتی عمارتوں کے چھوٹے ماڈلز بھی بنائے گئے تھے، جیسے ''لینگ ٹاور آف پیسا، ایلپس، اور کلوژیم۔اس عظیم الشان کیک کو ''Hobby Show‘‘ کے دوران باضابطہ طور پر پیش کیا گیا، جہاں آنے والے ہر فرد کو اس کا ذائقہ چکھنے کا موقع بھی دیا گیا۔