استنبول
اسپیشل فیچر
استنبول اپنے ملک کا دارالحکومت تو نہیں لیکن ترکی میں اس شہر کی اہمیت جسم میں ایک دل کی طرح ہے۔ جس طرح کسی جسم میں دل کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا،اسی طرح استنبول شہر نے اپنی اہمیت اور حیثیت کا لوہا منوایا ہے۔ 2010ء میں اس شہر کو یورپ کے کلچر کا دارالخلافہ قرار دیا گیا۔ استنبول ایک ایسا شہر ہے جس کی نظیر روئے زمین پر کہیں نظر نہیں آتی۔ یہاں ہر طرف مظاہر قدرت اپنے جوبن پر نظر آتے ہیں۔ حّد نگاہ تک پھیلے ہوئے پہاڑی سلسلے ہوں یا بحرمر مر اور آبنائے باسفورس کا بنا ہوا ہالا، سب نے اس شہر کے گلے میں اپنے بازو دراز کر رکھے ہیں۔
یہ ایک ایسا بے مثال شہر ہے جہاں مشرق و مغرب باہم بغلگیر ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔ استنبول کے ایک طرف یورپ ہے تو دوسری طرف ایشیا، مشرقی طرف بحرئہ اسود ہے تو مغربی سمت بحر ئہ مر مر اور درمیان میں ایک ملکہ کا روپ دھارے آبنائے باسفورس محو رقص ہے۔ غرضیکہ استنبول شہر کے اطراف فطرت اپنی پوری حشر سامانیوں کے ساتھ گلہائے رنگ بکھیرے اپنے عروج پر نظر آتی ہے۔
استنبول نہ صرف یورپ اور ایشیاکا گیٹ وے ہے بلکہ اسی مقام پر آبنائے باسفورس پورے مشرقی یورپ کے درجن بھر ممالک کیلئے ایک اہم رول ادا کر رہی ہے۔ یہ حقیقت اس بات سے عیاں ہوتی ہے کہ آبنائے باسفورس سے 48ہزار سے زائد جہاز سالانہ گرزتے ہیں۔اس حقیقت سے اس بات کااندازہ لگانا مشکل نہیں کہ مشرقی یورپ بشمول روس کی معیشت کا انحصار کس قدر آبنائے باسفورس پر ہے۔ گویا کہ آبنائے باسفورس ان بیسیوں ممالک کی ترقی میں ایک شہ رگ کی حیثیت رکھتی ہے۔ کیونکہ آبنائے باسفورس استنبول کے درمیان سے گزرتی ہوئی یورپ اور ایشیاکے درمیان ایک حّد فاصل کا کردار ادا کرتی ہے۔ ان مشرقی یورپ کے ممالک کے کھلے سمندروں میں جانے کا بحر اسود کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں۔ اس لیے ان کے بحری جہازوں کی گزر گاہ سے ترکی کو کروڑوں ڈالر کی آمدنی حاصل ہو رہی ہے اور آبنائے باسفورس کے تالے کی چابی کی ملکیت کا اعزاز الگ ہے۔
استنبول کا شہر دو حصوں میں منقسم ہے۔ ایک یورپی حصہ اور دوسرا ایشیائی۔ ایشائی حصے کو شاخ زریں (Golden Horn )مزید دو حصوں میں تقسیم کرتی ہے۔ شہر کا قدیمی حصہ اسی علاقے میں واقع ہے۔ جہاں پر استنبول کی 65فیصد آبادی رہائش پذیر ہے۔ جبکہ ترکی کی 18فیصد آبادی صرف استنبول شہر میں آباد ہے۔ کیونکہ استنبول کا شہر یورپی ایشیائی حصوں اور سمندر میں گھرا ہوا ہے۔ اس لیے استنبول شہر کو''اے کلچرل سٹی آف سی، سن اینڈ سینڈ‘‘ کہا جاتا ہے۔ گویا کہ یہ شہر بحرو بر کا جا مع ہے۔ اگر گھنی آبادی اور پہاڑوں سے جب کبھی جی بھر جائے تو آبنائے باسفورس کے ساحل پر آکر لطف اندوز ہوا جا سکتا ہے۔ بحیرۂ مرمر اور گولڈن ہارن ہی آبنائے باسفورس کا مقام آغاز ہے جو بحیرۂ مرمر اور بحیرۂ اسود کو آپس میں ملاتی ہے۔ استنبول کی زیادہ تر آبادی ایشیائی حصہ میں مقیم ہے اور یورپی حصہ میں کاروباری مراکز اور دفاتر قائم ہیں۔ تاریخی نوادرات ایشیائی حصہ میں موجود ہیں۔ روزانہ تقریباً20لاکھ افراد کاروبار اور ملازمت کی غرض سے ایشیائی حصہ سے یورپی حصے کی طرف جاتے ہیں اور شام کو واپس ایشیاآ جاتے ہیں۔ آبنائے باسفورس پر بنے ہوئے معلق پلوں کے علاوہ سیکڑوں کی تعداد میں کشتیاں اور فیری باسفورس کے دونوں اطراف لوگوں کو بہترین ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کرتی ہیں۔
استنبول شہر کی کڑیاں گزشتہ اڑھائی ہزار سالوں تک پھیلی ہوئی ہیں۔ اس شہر نے یہاں تاریخ کو بنتے بھی دیکھا اور بگڑتے بھی۔ اس شہر پر دنیا کی عظیم طاقتوں اور تہذیبوں کا غلبہ رہا۔ جن کے آثار تاریخ کے اوراق کی صورت میں آج بھی شہر میں بکھرے ہوئے ہیں۔ اس شہر پر 300 ق م باز نطینوں کا کنٹرول رہا۔ بازنطینی حکمرانوں نے اس شہر کو باز نطیم کا نام دے کر اسے اپنا پائیہ تخت بنایا۔ ان کی حکومت کئی صدیوں تک رہی۔ اس کے بعد اہل روما ایک عقاب کی طرح اس شہر پر جھپٹے اور انھوں نے ایک ہزار سال تک حکمرانی کے مزے لوٹے۔
شہنشاہ کنسٹنٹائین (Constintine) نے اس شہر کا نام قسطنطنیہ رکھ دیا اور اسے روم کی طرح سات پہاڑوں پر نئے سرے سے تعمیر کیا اور اس شہر کو مشرقی روم کا دارالخلافہ بنایا۔ ایا صوفیہ جیسے مشہور زمانہ گرجاگھر کی تعمیر ہوئی جسے اس وقت کے معماروں نے دنیاکا ایک عجوبہ قرار دیا۔ اسے خلافت عثمانیہ کے دور میں مسجد میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔ اس طرح یہ مسلما ن اور عیسائیوں، دونوں کی مشترکہ میراث ہے۔ اس میں بازنطینی طرز تعمیر کی جھلک نمایاں نظر آتی ہے۔ یہ پر شکوہ عمارت رومی سلطنت اور دبدبے کی مظہر ہے۔ جس میں عثمانی سلاطین کی مذہبی رواداری کی خوشبو آج بھی محسوس کی جا سکتی ہے۔ گو کہ ایا صوفیہ عثمانی دور سے ایک ہزار سال قبل تعمیر ہوئی تھی لیکن اُس کا نقشہ اور ڈیزائن مسجد سے ملتا جلتاہے۔ دور سے دیکھنے میں یہ مسجد ہی معلوم ہوتی ہے۔ اس لیے اس چرچ کو عثمانی سلاطین نے حقیقی معنوں میں مسجد میں تبدیل کر دیا اور چار میناروں کا اضافہ بھی کیا۔
عثمانی حکمرانوں نے اپنے دور میں استنبول میں ایسی یادگار عمارتیں تعمیر کیں جن کی چمک دمک آج بھی آنکھوں کو خیرہ کر دیتی ہے۔ ان میں سلطان احمد مسجد، سلیمانیہ مسجد، ینئی مسجد، توپ کاپی محل (میوزیم)، آج بھی اپنے حکمرانوں کی استنبول شہر سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہیں اور یہ سب عمارتیں اس دور میں تعمیر کی گئیں جب سولھویں، سترھویں صدی میں سلطنت عثمانیہ اپنے عروج پر تھی۔
استنبول دُنیا کی چار عظیم سلطنتوں کا دارالخلافہ رہا:
1۔ رومن سلطنت 330ء تا395ء تک
2۔بازنطین سلطنت 395ء سے1204ء اور 1261ء سے 1453ء تک
3 ۔ لاطینی سلطنت 1204ء سے 1261ء
4 ۔ عثمانی سلطنت 1453ء سے 1922ء تک