ایئر فرائیر کے پوشیدہ نقصانات
اسپیشل فیچر
کچھ غذائیں ایسی ہیں جنہیں ایئر فرائیر میں پکانا خطرناک ہو سکتا ہے
ایئر فرائیر آج کے دور کا ایک مقبول کچن اپلائنس بن چکا ہے، جس نے کم تیل میں تلی ہوئی اشیاء بنانے کو نہایت آسان اور صحت بخش بنا دیا ہے۔ گھروں میں لوگ تیزی سے اس جدید مشین کو اپنا رہے ہیں، تاہم ہر کھانے کی چیز اس میں پکانا مناسب نہیں ہوتا۔ ماہرین خوراک کے مطابق کچھ ایسی غذائیں بھی ہیں جو ایئر فرائیر میں پکانے سے نہ صرف ذائقہ اور ساخت خراب ہو جاتی ہے بلکہ صحت کیلئے بھی نقصاندہ ثابت ہو سکتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین بارہا اس بات پر زور دیتے ہیں کہ ایئر فرائیر کے درست اور محفوظ استعمال کیلئے اس میں پکنے والی اور نہ پکنے والی غذاؤں کا واضح علم ہونا ضروری ہے۔
آپ ایئر فرائیر میں تقریباً ہر چیز پکا سکتے ہیں۔ لیکن اگرچہ یہ زیادہ تر کھانوں کیلئے اچھا کام کرتا ہے، ماہرین کے مطابق کچھ ایسی غذائیں بھی ہیں جنہیں آپ کو اس میں ہرگز نہیں ڈالنا چاہیے۔ محقق جیمی ڈارو کے مطابق کچھ غذائیں ضرورت سے زیادہ گندگی پیدا کرتی ہیں اور بعض اوقات حفاظتی خطرہ بھی بن سکتی ہیں۔
پاپ کارن
اس فہرست میں سب سے اوپر پاپ کارن (popcorn) آتا ہے۔ اگر آپ فلم نائٹ کی تیاری کر رہے ہیں تو آپ شاید کچھ مکئی کے دانے ایئر فرائیر میں ڈالنے کا سوچیں۔ تاہم مسٹر ڈارو مشورہ دیتے ہیں کہ اس کیلئے مائیکروویو استعمال کیا جائے، ورنہ آپ کو کافی دیر انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایئر فرائیر میں پاپ کارن پکانا اکثر کامیاب نہیں ہوتا کیونکہ زیادہ تر ایئر فرائیر اتنا زیادہ درجہ حرارت حاصل نہیں کر پاتے کہ دانے پھٹ سکیں۔ مائیکروویو اس کام کو کہیں بہتر طریقے سے کرتا ہے۔ یہاں وہ مزید بتاتے ہیں کہ اور کون سی غذائیں ہیں جنہیں آپ کو اپنے ایئر فرائر میں ہرگز نہیں پکانا چاہیے۔
پاستا اور پاستہ ساس
یہ بات حیران کن نہیں کہ آپ ایئر فرائر میں کچا پاستا نہیں پکا سکتے، کیونکہ اسے پکانے کیئے اُبلتے ہوئے پانی میں ڈالنا ضروری ہوتا ہے۔اور اگرچہ پاستا کی چٹنی (Pasta Sauces) پکانا ناممکن نہیں ہے، لیکن یہ کافی گندا اور پیچیدہ عمل ہوتا ہے، اس لیے شاید یہ جھنجھٹ کے قابل نہیں۔ ڈارو کے مطابق آپ ایئر فرائر میں پہلے سے پکی ہوئی پاستا اور سوس کو دوبارہ گرم (reheat) کر سکتے ہیں، لیکن اس کام کیلئے مائیکروویو زیادہ مؤثر اور بہتر طریقہ ہے۔
ٹوسٹ (Toast)
پاستا سوس کی طرح، ایئر فرائر میں ٹوسٹ بنانا ناممکن نہیں ہے، تاہم نتائج ''ٹوسٹر کے مقابلے میں ممکنہ طور پر مایوس کن‘‘ ہو سکتے ہیں۔ڈاروکے مطابق ایئر فرائیر روٹی کو خشک کر سکتا ہے اور بریڈ کے ٹکڑے (crumbs) پکانے کے دوران ہوا کے دباؤ کی وجہ سے باسکٹ کے نیچے پھنس سکتے ہیں۔آپ کو اسے درمیان میں پلٹنا بھی پڑے گا۔ یہ سب محنت اس کے قابل نہیں ہوتی۔
چاول (Rice)
پاستا کی طرح، چاول کو شروع سے پکانے کیلئے پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ڈارو کہتے ہیں کہ ایئر فرائر ابالنے (boiling) اور بھاپ دینے (steaming) کیلئے بنیادی آلہ نہیں ہے۔ اس کیلئے بہتر ہے کہ آپ سلو کُکر یا چولہے پر برتن استعمال کریں۔
دیگر غذائیں
اس سے پہلے ماہرین نے ایسی غذاؤں کی فہرست بھی دی ہے جو ایئر فرائیر میں بہترین نتائج دیتی ہیں۔ بلاگر لیانا گرین، جنہوں نے ایئر فرائیر پر متعدد گائیڈز لکھی ہیں، نے بتایا کہ ایئر فرائیر میں ''ہارڈ بوائلڈ‘‘ انڈے (Hard boiled eggs) بھی بہترین طریقے سے بنائے جا سکتے ہیں۔اگرچہ ایئر فرائیر میں اُبلے ہوئے انڈے بنانا غیر معمولی لگتا ہے، لیکن یہ مستقل درجہ حرارت فراہم کرتا ہے جس سے انڈے ہر بار بہتر طریقے سے پک جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ کو پانی اُبالنے کی بھی ضرورت نہیں رہتی۔ گرین کے مطابق ایئر فرائر کو 150 ڈگری سینٹی گریڈ پر 8 منٹ تک چلانے سے زردی نرم رہتی ہے، جبکہ 12 منٹ تک پکانے سے سخت کیا جا سکتا ہے۔
ایک اور غیر متوقع غذائی آئٹم راویولی (ravioli) ہے، جو اگرچہ پاستا کی ایک قسم ہے، لیکن ایئر فرائیر میں یہ کرسپ ہو جاتا ہے۔ ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ راویولی کو پہلے پھینٹے ہوئے انڈے اور بریڈ کرمز میں کوٹ کریں، پھر اسے ایئر فرائیر میں 175 ڈگری سینٹی گریڈ پر تقریباً 10 منٹ تک پکائیں اور درمیان میں ایک بار پلٹ دیں۔اگرچہ زیادہ تر تازہ پنیر (Fresh Cheeses) ایئر فرائر میں جلد جل جاتے ہیں، لیکن ہالوومی (halloumi) اس میں محفوظ طریقے سے پکایا جا سکتا ہے کیونکہ اس کا پگھلنے کا درجہ حرارت زیادہ ہوتا ہے۔ گرین کے مطابق ایئر فرائیر کی زیادہ حرارت ہالوومی کی بیرونی تہہ کو بہترین طریقے سے کرسپ کر دیتی ہے جبکہ اندر سے یہ نرم رہتا ہے۔مزیدار میڈیٹیرینین ذائقہ حاصل کرنے کیلئے اس پر تھوڑا سا شہد ڈال دیں۔ میں اسے 200 ڈگری سینٹی گریڈ پر 8 سے 10 منٹ تک ایئر فرائی کرتی ہوں۔
ایئر فرائیر کے استعمال میں ہونے والی عام غلطیاں
برطانوی کمپنی ''وچ‘‘کی انرجی ایڈیٹر ایملی سیمور کہتی ہیں کہ ایئر فرائیر عموماً استعمال میں آسان ہوتے ہیں، لیکن بہت سے لوگ اسے استعمال کرتے ہوئے کچھ غلطیاں کرتے ہیں۔ اگر آپ مشین کو زیادہ بھر دیں یا اسے صحیح طریقے سے صاف نہ کریں تو اس کے نتیجے میں چکن اور چپس اچھی طرح نہیں پکتے یا پورا کچن دھوئیں سے بھر سکتا ہے۔