شیف نے تاریخ رقم کر دی
اسپیشل فیچر
ریکارڈ ساز نائجیرین بلڈا باسی کی متاثر کن داستان
دنیا میں کامیابی صرف وسائل کی مرہونِ منت نہیں ہوتی بلکہ عزم، محنت اور لگن بھی انسان کو بلندیوں تک پہنچا سکتی ہے۔ اس حقیقت کا ایک روشن نمونہ نائجیریا کی معروف شیف ہلڈا باسی ہیں، جنہوں نے اپنی غیر معمولی صلاحیت، مستقل مزاجی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے عالمی سطح پر شہرت حاصل کی۔ کھانا پکانے کے شعبے میں ان کی ریکارڈ ساز کارکردگی نے نہ صرف انہیں گنیز ورلڈ ریکارڈز میں جگہ دلائی بلکہ دنیا بھر کے نوجوانوں، خصوصاً خواتین کیلئے عزم و حوصلے کی علامت بنا دیا۔ ان کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ خواب بڑے ہوں اور ارادے مضبوط، تو ناممکن کو بھی ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کا اعزاز صرف شہرت یا داد و تحسین حاصل کرنے کا نام نہیں۔ اگرچہ یہ جاننا یقیناً خوشی کی بات ہے کہ آپ ایک ریکارڈ ہولڈر ہیں، لیکن اکثر ایسی کامیابیوں کے پس منظر میں بہت گہری کہانی چھپی ہوتی ہے۔ یہ کارنامے کسی فرد کے زندگی کے بارے میں رویے، خود اعتمادی، عزم، حوصلے اور بلند عزائم کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز کی ممتاز شخصیت ہلڈا باسی (Hilda Baci) کی زندگی بھی اسی حقیقت کی ایک روشن مثال ہے۔ ان کی کامیابی محض ایک ریکارڈ نہیں بلکہ مسلسل محنت، خود یقین اور بڑے خوابوں کی تعبیر کی داستان ہے۔
یہ باحوصلہ نائجیرین ریسٹورنٹ مالکہ اپنی ابتدائی تعلیم کے زمانے ہی سے کھانا پکانے کے شعبے سے وابستہ ہو گئی تھیں۔ وہ ابوجا میں اپنی والدہ کے ریسٹورنٹ میں مدد کیا کرتی تھیں۔ ہلڈا باسی یاد کرتے ہوئے کہتی ہیں: مجھے ہمیشہ بہت زیادہ انعامی رقم (ٹپس) ملتی تھی کیونکہ مجھے پورا مینو زبانی یاد تھا اور میں بہت حاضر جواب تھی۔
کالج میں انہوں نے سوشیالوجی کی تعلیم حاصل کی۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے مختلف شعبوں میں قسمت آزمائی کی، جن میں نائجیرین ٹی وی کے ایک پروگرام کی میزبانی اور اداکاری بھی شامل تھی۔ تاہم، کھانا پکانے کا شوق ان پر غالب رہا۔ 2020ء میں وہ باقاعدہ طور پر پیشہ ور شیف بن گئیں اور بعد ازاں اپنا ریسٹورنٹ ''ہلڈاز کچن‘‘ جو اب ''مائی فوڈ بائے ہلڈا‘‘کے نام سے معروف ہے قائم کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر کھانوں کی تراکیب اور مفید مشورے شیئر کرنا شروع کیے، جس کے نتیجے میں ان کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہوا اور دنیا بھر میں لاکھوں افراد ان کے مداح اور فالوورز بن گئے۔
جب گنیز ورلڈ ریکارڈز نے ہلڈا باسی سے پوچھا کہ بطور شیف ان کے کریئر نے انہیں سب سے اہم کیا اسباق سکھائے ہیں، تو انہوں نے کامیاب زندگی کیلئے تین لازوال اصول بیان کیے: استقلال صلاحیت پر سبقت لے جاتا ہے، مضبوط نظام محض سخت جدوجہد سے بہتر ہوتے ہیں، اور عاجزی انسان کو مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن رکھتی ہے۔
2023ء میں اس منفرد شیف اور انٹرنیٹ کی مقبول شخصیت نے طویل ترین مسلسل کھانا پکانے کی مہم ''کوکنگ مراتھن‘‘ کا چیلنج قبول کیا۔ نائجیریا کے شہر لاگوس کے علاقے لیکی میں ہزاروں افراد ان کی حوصلہ افزائی کیلئے موجود تھے۔ ہلڈا نے 11 مئی سے 15 مئی تک مسلسل 93 گھنٹے 11 منٹ تک کھانا پکا کر غیر معمولی استقامت اور برداشت کا مظاہرہ کیا۔ ان کی یہ حیرت انگیز کوشش صرف موقع پر موجود لوگوں تک محدود نہ رہی بلکہ اسے براہِ راست (لائیو) نشر بھی کیا گیا، جسے نائجیریا اور دنیا بھر میں بے شمار مداحوں نے دیکھا۔ ان کی پیش رفت جاننے کیلئے لوگوں کا جوش اس قدر بڑھ گیا کہ گنیز ورلڈ ریکارڈز کی ویب سائٹ پر غیر معمولی دباؤ پڑا اور وہ عارضی طور پر متاثر ہو گئی۔
اگرچہ بعد میں اس انتہائی مسابقتی ریکارڈ کو دو مرتبہ توڑا جا چکا ہے اور اس وقت یہ اعزاز ایویٹے کیوبیا(Evette Quoibia) کے پاس ہے، جنہوں نے 140 گھنٹے 11 منٹ تک مسلسل کھانا پکانے کا ریکارڈ قائم کیا، تاہم ہلڈا باسی نے اپنے عزم، محنت اور غیر معمولی جذبے کے ذریعے تاریخ میں اپنا نام ہمیشہ کیلئے ثبت کر دیا۔ہلڈا باسی کے تاریخی ''کُک اے تھون‘‘ نے نائجیریا میں ریکارڈ قائم کرنے کے ایک نئے رجحان کو جنم دیا۔ ان کی کامیابی کے صرف دو ماہ کے اندر گنیز ورلڈ ریکارڈز کو نائجیریا سے 1,500 سے زائد نئی درخواستیں موصول ہوئیں۔ اس طرح ہلڈا نہ صرف خود ایک ریکارڈ ہولڈر بنیں بلکہ انہوں نے ہزاروں لوگوں کو اپنے خوابوں کی تکمیل کیلئے آگے بڑھنے کی ترغیب بھی دی۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ برداشت اور استقامت پر مبنی کسی ریکارڈ کو قائم کرنے کی کوشش کرنے والوں کو وہ کیا مشورہ دینا چاہیں گی، تو انہوں نے کہاکہ تیاری ہی سب کچھ ہے،صرف جذبہ کافی نہیں ہوتا۔ وہ زور دے کر کہتی ہیں کہ کامیابی کیلئے جسمانی تربیت، ذہنی مضبوطی، ایک مؤثر معاون ٹیم، درست دستاویزات اور قواعد و ضوابط کی مکمل سمجھ بوجھ ضروری ہے۔ ان کے مطابق: قواعد کا بغور مطالعہ کریں اور پورے عمل کا احترام کریں۔ ہلڈا باسی کا یہ پیغام صرف ریکارڈ قائم کرنے والوں کیلئے نہیں بلکہ زندگی میں کسی بھی بڑے ہدف کے حصول کے خواہش مند افراد کیلئے ایک قیمتی سبق ہے کہ کامیابی محض خواہش سے نہیں بلکہ منصوبہ بندی، مسلسل محنت اور واضح مقصد سے حاصل ہوتی ہے۔