آج کا دن
اسپیشل فیچر
ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ
13جولائی 2024ء کو امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ ہوا۔ ٹرمپ ریاست پنسلوانیا کے شہر بٹلر میں انتخابی جلسے سے خطاب کر رہے تھے کہ اسی دوران ایک مسلح شخص نے ان پر فائرنگ کر دی۔ قاتلانہ حملے میں گولی ان کے دائیں کان کو چھوتی ہوئی گزر گئی، جس سے وہ زخمی ہوگئے۔ حملے کے نتیجے میں جلسے میں موجود ایک شخص ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے، جبکہ حملہ آور کو موقع پر ہی سکیورٹی اہلکاروں نے ہلاک کر دیا۔
برطانوی وزیر اعظم کیمرون مستعفی
برطانیہ کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے 13جولائی 2016ء کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے یہ فیصلہ یونائیٹڈ کنگڈم یورپیئن یونین ممبرشپ ریفرنڈم میں یورپی یونین سے علیحدگی (بریگزٹ) کے حق میں آنے والے نتائج کے بعد کیا، کیونکہ وہ یورپی یونین میں برطانیہ کی رکنیت برقرار رکھنے کے حامی تھے۔ ان کے استعفے کے بعد تھریسا مے نے برطانیہ کی نئی وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا ۔
مصنوعی ذہانت
13جولائی 1956ء مصنوعی ذہانت پر ڈارٹ ماؤتھ ریسرچ پراجیکٹ کا آغاز ہوا۔ یہ موسم گرما کی ایک ورکشاپ تھی جسے مصنوعی ذہانت کا بانی بھی سمجھا جاتا ہے۔ اس ایونٹ سے دنیا میں مصنوعی ذہانت پر بحث کا آغاز ہوا تھا۔یہ ورکشاپ تقریباً چھ سے آٹھ ہفتوں تک جاری رہی۔ یہ بنیادی طور پر ایک سیشن تھا جس میں مصنوعی ذہانت کی صلاحیت پر بات کی گئی تھی۔ ایونٹ کو گیارہ ریاضی دانوں اور سائنسدانوں نے ڈیزائن کیا تھا۔
جرمنی فٹ بال کا چیمپئن بنا
13جولائی2014ء کو کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2014 کے فائنل میں جرمنینے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ارجنٹائن کو اضافی وقت میں 0-1 سے شکست دے کر چوتھی مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ فائنل کا واحد اور فیصلہ کن گول جرمنی کے کھلاڑی میریو گوٹز نے میچ کے 113ویں منٹ میں کیا۔ جرمنی نے یورپ سے باہر پہلی بار ورلڈ کپ جیت کر نئی تاریخ رقم کی۔
اوگاڈن کی جنگ
13جولائی1977ء میں ایتھوپیا اور صومالیہ کے درمیان جنگ کا آغاز ہوا ، اس جنگ کو اوگاڈن کی لڑائی بھی کہتے ہیں۔ یہ1977ء سے 1978ء تک ایتھوپیا کے علاقے اوگاڈن میں لڑی جانے والی لڑائی تھی۔اس لڑائی نے جنگ کی صورتحال اس وقت اختیار کی جب صومالیہ نے اوگاڈن پر باقاعدہ حملہ کیا۔ اسی وجہ سے اسے اس وقت کی بڑی طاقت سوویت یونین کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے سپر پاور نے صومالیہ کی حمایت ختم کردی اور اس کی بجائے ایتھوپیا کی حمایت کرنے کا اعلان کیا۔
برلن معاہدہ
برلن معاہدہ بنیادی طور پر آسٹریا، ہنگری، فرانس، جرمنی، برطانیہ، آئرلینڈ، اٹلی، روس اور سلطنت عثمانیہ کے درمیان مشرق میں معاملات کے حل کیلئے کیا گیا معاہدہ تھا۔ اس معاہدے پر 13 جولائی 1878ء کو دستخط کیے گئے۔ 1877ء تا 1878ء کی روس اورترک جنگ میں سلطنت عثمانیہ کے خلاف روسی فتح کے بعد بڑی طاقتوں نے بلقان کے علاقے کے نقشے کی تشکیل نو کی اور اس کے ساتھ ہی عثمانیوں نے یورپ میں اپنی بڑی ملکیت کھو دی۔
راؤنڈوے کی لڑائی
راؤنڈ وے ڈاؤن کی جنگ 13 جولائی 1643ء کو پہلی انگریزی خانہ جنگی کے دوران ولٹ شائر میں ڈیوائز کے قریب لڑی گئی۔ آکسفورڈ سے ساری رات سفر کرنے کے بعد تعداد میں بہت زیادہ اور تھک جانے کے باوجود، لارڈ ولموٹ کے ماتحت ایک رائلسٹ کیولری فورس نے سر ولیم والر کے ماتحت مغرب کی پارلیمنٹرین آرمی پر زبردست فتح حاصل کی۔اس جنگ کو ان کی سب سے فیصلہ کن فتح کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ رائلسٹوں نے جنوبی مغربی انگلینڈ کا کنٹرول حاصل کر لیا جو 1645ء کے آخر تک ان کے پاس رہا۔