آج کا دن
اسپیشل فیچر
ہوائی میں ہولناک آتشزدگی
8اگست 2023ء کو امریکی ریاست ہوائی کے جزیرے ماؤئی میں لگنے والی ہولناک جنگلاتی آگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ آگ کے نتیجے میں 17 ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ جل کر خاکستر ہوگیا، جبکہ 101 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ان آتشزدگیوں نے ہزاروں مکانات، کاروباری مراکز اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا، جس کے باعث یہ سانحہ ہوائی کی جدید تاریخ کی مہلک ترین قدرتی آفات میں شمار کیا جاتا ہے۔
امریکی صدر مستعفی
1974ء میں آج کے روزامریکی صدر رچرڈ نکسن نے قوم سے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے اپنے تاریخی خطاب میں اعلان کیا کہ وہ اگلے روز دوپہر سے امریکی صدرکے عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں۔ یہ فیصلہ واٹرگیٹ اسکینڈل کے باعث شدید سیاسی دباؤ اور مواخذے کے خطرے کے پیشِ نظر کیا گیا۔ رچرڈ نکسن امریکی تاریخ کے پہلے اور اب تک کے واحد صدر ہیں جنہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا۔ ان کے استعفے کے بعد نائب صدر جیرالڈ فورڈ نے صدر کا منصب سنبھالا۔
گوام میں ہولناک زلزلہ
8اگست 1993ء کو بحرالکاہل میں واقع امریکی جزیرے گوام میں 7.8 شدت کا زلزلہ آیا۔ جس کے نتیجے میں عمارتوں، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا، جس سے تقریباً 25 کروڑ امریکی ڈالر کا مالی خسارہ ہوا۔ اس قدرتی آفت کے باعث 71 افراد زخمی ہوئے، تاہم بروقت امدادی کارروائیوں کی بدولت بڑے پیمانے پر جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔
خلائی شٹل اینڈیورکی روانگی
2007ء میں آج کے روز امریکی خلائی ادارے ناسا کے خلائی شٹل پروگرام کے تحت ''ایس ٹی ایس118‘‘مشن کے دوران خلائی شٹل اینڈیور (Endeavour) کو کامیابی کے ساتھ خلا میں روانہ کیا گیا۔ اس مشن کا مقصد بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک عملہ، سائنسی آلات اور ضروری سامان پہنچانا تھا۔ اس مشن کے دوران خلا بازوں نے متعدد خلائی چہل قدمیاں (Spacewalks) بھی انجام دیں۔
برطانیہ :ٹرین ڈکیتی
8اگست1963ء کو برطانیہ میں تاریخ کی مشہور ترین وارداتوں میں سے ایک '' گریٹ ٹرین رابری‘‘ اس وقت پیش آئی جب 15 رکنی مسلح گروہ نے گلاسگو سے لندن جانے والی رائل میل ٹرین کو روک کر اس میں موجود 26 لاکھ پاؤنڈ لوٹ لیے۔ یہ اس زمانے کی سب سے بڑی ڈکیتی سمجھی جاتی تھی۔ بعد ازاں پولیس نے طویل تحقیقات کے بعد بیشتر ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ یہ واقعہ برطانوی جرائم کی تاریخ کا ایک یادگار باب بن گیا۔
اینگلو افغان معاہدہ
1919ء میں آج کے روز برطانیہ اور افغانستان کے درمیان اینگلو۔افغان معاہدہ پر دستخط کیے گئے، جس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان پرامن تعلقات قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس معاہدے میں ڈیورنڈ لائن کو دونوں ممالک کے درمیان باہمی سرحد کے طور پر تسلیم کیا گیا۔ معاہدے کے تحت برطانیہ افغان حکومت کو مالی امداد فراہم کرنے کی اپنی سابقہ ذمہ داری سے بھی آزاد ہو گیا۔ یہ معاہدہ تیسری اینگلوافغان جنگ کے خاتمے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا۔