چیٹ بوٹس سے تعلیمی معاونت کیا کریں ،کیا نہ کریں
اسپیشل فیچر
مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) دنیا بھر میں تیزی سے ترقی کرنے والی ٹیکنالوجی بن چکی ہے۔ ChatGPT، Claude، Copilot اور دیگر AI چیٹ بوٹس نے معلومات حاصل کرنے، تحقیق کرنے اور تعلیمی مسائل حل کرنے کے انداز کو بدل دیا ہے۔ آج کے طلبہ ان ٹولز کو نہ صرف معلومات کے حصول بلکہ مشکل مضامین سمجھنے، ریاضی کے سوالات حل کرنے اور نئے آئیڈیاز کے لیے بھی استعمال کر رہے ہیں۔ تاہم اس ٹیکنالوجی نے جہاں سیکھنے کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں وہیں تنقیدی سوچ اور طلبہ کے ذہنی ارتقا سے متعلق کئی سوالات بھی جنم دیے ہیں۔
پیو ریسرچ سینٹر کی تحقیق کیا بتاتی ہے؟
امریکہ کے معروف تحقیقی اداریپیو ریسرچ سنٹر نے 2025ء کے دوران 13 سے 17 سال کی عمر کے 1458 امریکی نوجوانوں پر ایک سروے کیا جس کے مطابق 54 فیصد سے زائد امریکی نوجوان تعلیمی کام میں AI چیٹ بوٹس سے مدد لیتے ہیں جبکہ 57 فیصد انہیں معلومات کے لیے استعمال کرتے ہیں۔تحقیق سے معلوم ہوا کہ تقریباً ہر پانچ میں سے ایک ایسا طالب علم موجود ہے جو اپنے زیادہ تر یا تمام تعلیمی کام میں AI کی مدد لیتا ہے۔ اس کے برعکس بڑی تعداد ایسے طلبہ کی بھی ہے جو AI کو صرف رہنمائی، وضاحت یا مشکل موضوعات سمجھنے کے لیے استعمال کرتی ہے نہ کہ مکمل اسائنمنٹ تیار کرنے کے لیے۔
تعلیم میں AI کے فوائد
تحقیق کے مطابق نوجوان AI کو سب سے زیادہ ریاضی، سائنس اور تحقیقی مضامین میں استعمال کرتے ہیں۔ AI طلبہ کو مرحلہ وار طریقے سے سوال حل کرنا سکھاتا ہے، مشکل تصورات آسان زبان میں بیان کرتا ہے اور مختلف انداز سے وضاحت کرتا ہے اس وجہ سے بہت سے طلبہ کا کہنا ہے کہ انہیں صرف جواب ہی نہیں ملتا بلکہ مسئلہ سمجھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔تحقیق میں شامل ایک ہائی سکول کے طالب علم نے بتایا کہ وہ اور اس کے دوست AI سے ریاضی اور کیمسٹری کے مشکل سوالات سمجھتے ہیں۔ اس کے مطابق AI انہیں مسائل حل کرنے کے نئے طریقے سکھاتا ہے، لیکن وہ اس بات پر زور دیتا ہے کہ AI کو پورا کام کرنے کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے بلکہ صرف رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔اسی طرح تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ AI طلبہ کو نئے موضوعات پر تحقیق کرنے، خیالات پیدا کرنے، معلومات کا خلاصہ بنانے اور مختلف ذرائع سے مواد اکٹھا کرنے میں مدد دیتا ہے جس سے ان کی تعلیمی کارکردگی بہتر ہو سکتی ہے، اگر اسے ذمہ داری سے استعمال کیا جائے۔
چیلنجز اور خدشات
اگرچہ AI کے فوائد واضح ہیں لیکن تحقیق نے کئی اہم خدشات بھی اجاگر کیے ہیں۔ تقریباً 59 فیصد نوجوانوں کا خیال ہے کہ ان کے سکولوں میں طلبہ AI کے ذریعے نقل یا غیر دیانت دارانہ طریقے سے کام کرتے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تعلیمی اداروں کے لیے AI کے استعمال سے متعلق واضح اصول و ضوابط بنانا ناگزیر ہو گیا ہے۔تحقیق میں شامل ایک طالبہ نے بتایا کہ اس نے اپنی کلاس میں ایک طالب علم کو اپنی ذاتی رائے دینے کے بجائے AI سے یہ پوچھتے دیکھا کہ کسی اشتہار کے بارے میں اس کی رائے کیا ہونی چاہیے۔ اس کے مطابق اس طرح طلبہ اپنی تخلیقی اور تنقیدی سوچ کو استعمال کرنے کے بجائے AI پر مکمل انحصار کرنے لگتے ہیں جو تعلیمی مقاصد کے خلاف ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر طلبہ ہر سوال کا جواب AI سے حاصل کریں گے تو ان کی مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت، آزادانہ سوچ اور تخلیقی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔ اس لیے AI کو استاد یا ذاتی محنت کا متبادل نہیں۔
مستقبل کی تعلیم اور AI
تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا کہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد AI کے مستقبل کے بارے میں پرامید ہے۔ ان کا خیال ہے کہ مصنوعی ذہانت نئی ایجادات، تحقیق اور سیکھنے کے عمل کو مزید مؤثر بنائے گی۔ تاہم کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ تعلیمی ادارے، اساتذہ، والدین اور طلبہ AI کے استعمال کے لیے مناسب رہنمائی اور اخلاقی اصول اختیار کریں۔سکولوں کو چاہیے کہ وہ طلبہ کو AI کے ذمہ دارانہ استعمال کی تربیت دیں، ایسے امتحانی نظام متعارف کرائیں جو صرف یادداشت کے بجائے تجزیاتی اور تنقیدی صلاحیتوں کو جانچیں اور طلبہ کو یہ سکھائیں کہ AI سے حاصل ہونے والی معلومات کی تصدیق کیسے کی جائے۔مصنوعی ذہانت کے چیٹ بوٹس تعلیم کے شعبے میں ایک اہم انقلاب ثابت ہو رہے ہیں۔ وہ طلبہ کے لیے ایک مؤثر معاون استاد، تحقیقاتی ساتھی اور سیکھنے کا ذریعہ بن سکتے ہیں بشرطیکہ ان کا استعمال ذمہ داری اور اعتدال کے ساتھ کیا جائے۔ پیو ریسرچ سینٹر کی تحقیق واضح کرتی ہے کہ نوجوان AI کو تیزی سے اپنا رہے ہیں لیکن ساتھ ہی یہ بھی ضروری ہے کہ تعلیمی ادارے ایسی پالیسیاں وضع کریں جو AI کے فوائد سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے طلبہ کی تخلیقی صلاحیت، تنقیدی سوچ اور علمی دیانت کو محفوظ رکھ سکیں۔ مستقبل کی کامیاب تعلیم وہی ہوگی جس میں انسانی ذہانت اور مصنوعی ذہانت ایک دوسرے کی تکمیل کریں، نہ کہ ایک دوسرے کا متبادل بن جائیں۔ اسی طرح مصنوعی ذہانت مؤثر معاون کے طورپر کردار ادا کر سکے گی۔