فون کا استعمال کم کرنے کیلئے ہدف مقرر کریں
اسپیشل فیچر
سمارٹ فون ہماری زندگی کا تقریباً ہر شعبہ اپنے اندر سمو چکا ہے۔ رابطے، خبریں، تعلیم، بینکنگ، خریداری، تفریح اور سوشل میڈیا،سب کچھ چند انگلیوں کی حرکت پر دستیاب ہے۔ مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب ضرورت اور عادت کے درمیان فرق ختم ہونے لگتا ہے۔ انسان بار بار فون اٹھاتا ہے، سکرین دیکھتا ہے اور کئی مرتبہ اسے احساس بھی نہیں ہوتا کہ دن کا کتنا قیمتی وقت اس چھوٹی سی سکرین کے سامنے گزر گیا۔ایک حالیہ تحقیق نے فون کے ضرورت سے زیادہ استعمال کو کم کرنے کے لیے ایک نہایت سادہ مگر دلچسپ طریقہ پیش کیا ہے: لوگوں کو یہ اختیار دیا جائے کہ وہ خود فیصلہ کریں کہ انہیں اپنے فون کا استعمال کتنا کم کرنا ہے۔ تحقیق کے مطابق اپنا ہدف خود مقرر کرنے والے افراد دوسروں کی طرف سے مقرر کردہ ہدف حاصل کرنے والوں کے مقابلے میں زیادہ کامیاب رہے۔
روزانہ کئی گھنٹے فون کے ساتھ
سمارٹ فون کا استعمال اب محض ایک تکنیکی عادت نہیں رہا بلکہ روزمرہ زندگی کا مستقل حصہ بن چکا ہے۔ ایک اوسط صارف دن میں تقریباً چھ گھنٹے فون پر گزارتا ہے اور ہر گھنٹے میں تقریباً دو مرتبہ فون کھولتا ہے۔ اگرچہ ہر فرد کا استعمال مختلف ہوتا ہے لیکن یہ اعداد اس بات کا اندازہ ضرور دیتے ہیں کہ موبائل فون ہماری روزمرہ زندگی میں کس قدرسرایت کر چکا ہے۔مسئلہ صرف وقت کے ضیاع کا نہیں، مسلسل فون استعمال کرنے کی عادت ہماری توجہ، کام کرنے کی صلاحیت اور بعض صورتوں میں ذہنی سکون کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔ اسی لیے دنیا بھر میں محققین ایسے طریقے تلاش کر رہے ہیں جن کے ذریعے لوگوں کو اپنے سکرین ٹائم کو منظم کرنے میں مدد مل سکے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کیلئے شاید کسی مہنگی ایپ، پیچیدہ ٹیکنالوجی یا سخت پابندی کی ضرورت نہیں۔ انسان کو صرف یہ اختیار دینا کافی ہو سکتا ہے کہ وہ اپنے لیے ایک ایسا ہدف منتخب کرے جسے وہ حقیقتاً حاصل کرنا چاہتا ہے۔ سپین کے مختلف اداروں سے وابستہ تحقیقی ٹیم نے 149 رضاکاروں پر 35 دن کا ایک تجربہ کیا۔شرکا کو تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔پہلے گروپ کے 55 افراد کو اختیار دیا گیا کہ وہ خود فیصلہ کریں کہ وہ اپنے فون کے استعمال میں 10، 20 یا 30 فیصد کمی کرنا چاہتے ہیں۔ دوسرے گروپ میں 62 افراد کو محققین کی جانب سے 14 فیصد کمی کا ہدف دیا گیا۔ تیسرے گروپ میں شامل 32 افراد کو کوئی مخصوص ہدف نہیں دیا گیا البتہ ان کے فون استعمال کی نگرانی جاری رہی۔نتائج میں سب سے نمایاں فرق ان افراد میں دیکھا گیا جنہوں نے اپنا ہدف خود مقرر کیا تھا۔ ان لوگوں نے اوسطاً روزانہ 49 منٹ فون کا استعمال کم کیا جبکہ محققین کی طرف سے مقرر کردہ ہدف والے گروپ میں کمی تقریباً 23 منٹ روزانہ رہی۔ یعنی خود ہدف مقرر کرنے والے گروپ میں کمی تقریباً دو گنا زیادہ تھی۔
اختیار ملنے سے عزم مضبوط ہوتا ہے
اس تحقیق کا سب سے اہم سوال یہ ہے کہ آخر اپنا ہدف خود مقرر کرنے سے اتنا فرق کیوں پڑتا ہے؟محققین کے خیال میں اس کی ایک ممکنہ وجہ ذمہ داری اور اختیار کا احساس ہے۔ جب کوئی دوسرا شخص ہمارے لیے ہدف مقرر کرتا ہے تو وہ ہدف بسا اوقات غیر حقیقی، مشکل یا ہماری ذاتی ترجیحات سے مختلف محسوس ہو سکتا ہے لیکن جب انسان خود فیصلہ کرتا ہے کہ اسے 10، 20 یا 30 فیصد کمی کرنی ہے تو وہ اپنے حالات اور عادات کو سامنے رکھ کر فیصلہ کرتا ہے۔یہ اصول صرف فون کے استعمال تک محدود نہیں، ورزش، وزن کم کرنے، مطالعہ، بچت یا کسی نئی عادت کے معاملے میں بھی انسان اس وقت زیادہ سنجیدہ ہو سکتا ہے جب اسے اپنے مقصد کے انتخاب میں کچھ آزادی حاصل ہو۔یہ نتیجہ اس امکان کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ مستقل مزاجی کے ساتھ ایک مخصوص ہدف پر عمل کرنے سے نئی عادت پیدا ہو سکتی ہے۔
چھوٹا تجربہ بڑا سبق
اس تحقیق سے یہ سبق حاصل ہوتاہے کہ اگر آپ محسوس کرتے ہیں کہ فون آپ کا بہت زیادہ وقت لے رہا ہے تو فوراً یہ فیصلہ کرنے کے بجائے کہ اب میں فون بہت کم استعمال کروں گا پہلے اپنا موجودہ استعمال دیکھیں اور پھر خود قابلِ حصول ہدف مقرر کریں مثلاً اگر آپ روزانہ چار گھنٹے فون استعمال کرتے ہیں تو پہلے مرحلے میں 20 فیصد کمی کا ہدف تقریباً 48 منٹ بنتا ہے۔ یہ ہدف نہ صرف واضح ہے بلکہ آسانی سے حاصل بھی کیا جاسکتا ہے۔ فون سے دور رہنے کا بہترین طریقہ فون کو دشمن سمجھنا نہیں بلکہ اپنے استعمال پر اختیار حاصل کرنا ہے۔ اس تحقیق کا پیغام بھی یہی ہے کہ جب مقصد آپ کا اپنا ہو تو اسے حاصل کرنے کا عزم بھی زیادہ مضبوط ہو سکتا ہے۔