’’سپیس ایکس‘‘نے چاند کو ’’داغدار‘‘ کر دیا
اسپیشل فیچر
راکٹ کی ٹکرسے 60 فٹ گہرا گڑھا، قبل اور بعد کی تصاویر جاری
چاند کو ہمیشہ سے انسانی تہذیب میں حسن، اسرار اور پاکیزگی کی علامت سمجھا جاتا رہا ہے، مگر خلائی تحقیق کے بڑھتے ہوئے دور میں اس کی سطح پر انسانی سرگرمیوں کے نشانات بھی تیزی سے نمایاں ہو رہے ہیں۔ حالیہ تصاویر میں چاند کی سطح پر ایک بڑا گڑھا سامنے آنے کے بعد ماہرین کی توجہ ایک بار پھر خلائی مشنز کے ماحولیاتی اثرات کی جانب مبذول ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسپیس ایکس کے ایک راکٹ کے چاند سے ٹکرانے کے نتیجے میں تقریباً 60 فٹ چوڑا گڑھا بن گیا، جس نے یہ اہم سوال اٹھا دیا ہے کہ انسان کی خلائی فتوحات کہیں چاند کے قدرتی حسن اور قدیم سطح کو مستقل طور پر متاثر تو نہیں کر رہیں۔ یہ واقعہ مستقبل کے چاند مشنز، خلائی ملبے اور دوسرے اجرامِ فلکی کے تحفظ کے حوالے سے نئی بحث کوجنم دے رہا ہے۔
ناسا نے چاند کی سطح پر اسپیس ایکس کے راکٹ کے ٹکرانے سے بننے والے ایک بہت بڑے گڑھے کی پہلی باضابطہ تصاویر جاری کر دی ہیں۔رواں ماہ کے آغاز میں اسپیس ایکس کا بے قابو فالکن 9 راکٹ کا دوسرا مرحلہ تقریباً 8,690 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چاند کی سطح سے جا ٹکرایا تھا۔سائنس دانوں کا خیال ہے کہ 4,500 کلوگرام وزنی اور 39 فٹ لمبے راکٹ نے چاند سے ٹکراتے وقت اتنی شدید توانائی خارج کی جو تقریباً 15 ہزار ڈائنامائٹ یا تین ٹن ٹی این ٹی کے برابر تھی۔
اب ناسا کے ایک سیٹلائٹ نے اس تصادم کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کی تصاویر حاصل کی ہیں، جن میں 60 فٹ چوڑا گڑھا واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ ناسا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ''ایکس‘‘ پر لکھا: ''نشاندہی ہو گئی: فالکن 9 کے ٹکرانے کی جگہ‘‘۔ناسا کے مطابق اس کے ''لونر ریکونیسنس آربیٹر‘‘ نے چاند کی سطح پر بننے والے اس نئے گڑھے کی تصاویر حاصل کی ہیں۔ناسا نے مزید بتایا کہ 5اگست 2026ء کو اسپیس ایکس کے ''فالکن 9‘‘ کے بالائی مرحلے کے چاند کی سطح سے ٹکرانے کے نتیجے میں یہ گڑھا وجود میں آیا۔
حیرت انگیز تصاویر میں نیا بننے والا گڑھا واضح طور پر دکھائی دے رہا ہے، جس کے کنارے نسبتاً سیاہ نظر آتے ہیں، جبکہ اس کے مرکز سے مختلف سمتوں میں سیاہ دھاریاں پھیلی ہوئی ہیں۔ یہ دھاریاں اس مٹی اور چٹانی ذرات کی نشاندہی کرتی ہیں جو راکٹ کے ٹکرانے کے نتیجے میں دور تک پھیل گئے۔
ناسا نے اپنے لونر ریکونیسنس آربیٹر کو استعمال کرتے ہوئے یہ تصاویر حاصل کیں۔ رواں ماہ کے آغاز میں مدار کے دوران جب خلائی جہاز اس مقام کے اوپر سے گزرا تو اس نے چاند کی سطح پر بننے والے گڑھے کی تصاویر کھینچیں۔اس دوران سیٹلائٹ چاند کی سطح سے تقریباً 97 کلومیٹر کی بلندی پر تھا اور ایک میل فی سیکنڈ کی رفتار سے سفر کر رہا تھا۔گڑھے کی چوڑائی معلوم کرنے کے علاوہ سائنس دانوں نے یہ بھی اندازہ لگایا کہ اس کی گہرائی 10 فٹ سے کم ہے۔
رواں ماہ کے آغاز میں جنوبی کوریا کے ایک قمری سیٹلائٹ نے بھی اس مقام کی تصاویر حاصل کی تھیں، جن میں چاند کی سطح پر سیاہ پڑ جانے والا گڑھا واضح طور پر دکھائی دیا۔کوریا ایرو اسپیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا خلائی جہاز ''دانوری‘‘ (Danuri) صبح 7 بج کر 34 منٹ پر (برطانوی وقت کے مطابق) اس مقام کے اوپر سے گزرا، جو اسپیس ایکس کے راکٹ کے چاند سے ٹکرانے کے کچھ ہی دیر بعد کا وقت تھا۔ اس سیٹلائٹ نے تصادم سے 30 منٹ قبل بھی اسی مقام کی تصاویر حاصل کی تھیں، جن میں چاند کی سطح کی قبل اور بعد کی حیرت انگیز صورتِ حال واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔
دریں اثنا، اسپین کے محققین کے ایک گروپ کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے راکٹ کے چاند سے ٹکرانے کے عین وقت کی واحد ویڈیو فوٹیج ریکارڈ کی ہے۔
تصادم کی روشنی زمین سے کیوں نہیں دکھائی دی؟
یہ تصادم چاند کے شمال مغربی کنارے پر واقع آئن اسٹائن گڑھے کے قریب پیش آیا۔ تصادم کے وقت چاند کا یہ حصہ سورج کی جانب رخ کیے ہوئے تھا۔نتیجتاً راکٹ کے چاند سے ٹکرانے کے وقت پیدا ہونے والی ابتدائی چمک یا شعلہ زمین سے دکھائی نہیں دے سکا۔
''فالکن 9 راکٹ کا مقصد چاند سے ٹکرانا نہیں تھا‘‘
اسپیس ایکس کا فالکن 9 راکٹ گزشتہ سال جنوری میں لانچ کیا گیا تھا۔راکٹ اپنے ساتھ دو نجی قمری لینڈرز، فائر فلائی ایرو اسپیس کا ''بلیو گھوسٹ‘‘ اور آئی اسپیس کا ''ریزِلینس‘‘ لے کر چاند کے مدار کی جانب روانہ ہوا تھا۔
فالکن 9 کا بنیادی بوسٹر دوبارہ استعمال کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ راکٹ کے بالائی حصوں کو خلا میں پہنچانے کے بعد یہ بوسٹر محفوظ طریقے سے دوبارہ زمین پر واپس آ جاتا ہے۔تاہم یہ حصے کئی برس تک خلا میں گردش کرنے کے بعد اکثر زمین کی فضا میں داخل ہوتے ہی جل کر تباہ ہو جاتے ہیں۔
اگرچہ اس راکٹ کا چاند سے ٹکرانا کبھی بھی مقصد نہیں تھا، تاہم چاند کی کششِ ثقل اور غیر متوقع شمسی موسمی حالات کے امتزاج نے بالآخر فالکن 9 کے راکٹ کا رخ تبدیل کر دیا اور وہ چاند سے ٹکرانے کے راستے پر آ گیا۔ ابتدائی طور پر آزاد ماہرین فلکیات نے راکٹ کے چاند کی جانب بڑھتے ہوئے خطرناک راستے کی نشاندہی کی۔ بعدازاں ناسا کے سینٹر فار نیئر ارتھ آبجیکٹ اسٹڈیز نے بھی اس صورتحال کی تصدیق کی۔
سوشل میڈیا پر صارفین کے تبصرے
''ایکس‘‘ پر شیئر کی گئی اس نئی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک شخص نے طنزیہ انداز میں لکھا: ''اسپیس ایکس چاند پر گرافٹی بنا رہا ہے۔‘‘ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا: ''ایکس نے مقام کی نشاندہی کر دی‘‘۔
ایک اور شخص نے لکھا: ''کیا چاند پر بننے والا یہ نیا گڑھا واقعی بری بات نہیں؟ ہم نے زمین کے ساتھ پہلے ہی اچھا سلوک نہیں کیا، اب چاند سے بھی ٹکرانا شروع کر دیا ہے‘‘