آج کا دن
اسپیشل فیچر
واشنگٹن پر حملہ
24 اگست 1814ء کوبرطانوی فوج نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن پر حملہ کیااوروائٹ ہائوس سمیت کئی اہم عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی۔امریکہ اور برطانیہ کے درمیان یہ جنگ 1812ء میں شروع ہوئی تھی۔برطانیہ نے اپنی بڑی فوجیں امریکہ کی طرف بھیجیں،امریکی افواج مزاحمت نہ کر سکیں اور صدر جیمز میڈیسن شہر چھوڑکرفرار ہو گئے۔یہ واقعہ امریکی تاریخ میں دشمن افواج کی طرف سے دارالحکومت پر براہِ راست قبضے کی واحد بڑی مثال ہے۔
نیدرلینڈز کا جدید آئین
1815ء میں آج کے روزنیدرلینڈز کے جدید آئین پر دستخط کیے گئے۔ یہ آئین ملک کے سیاسی اور حکومتی نظام کی تشکیل میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا۔ اس کے ذریعے ریاستی اداروں کے اختیارات، حکمرانی کے اصول اور شہریوں سے متعلق بنیادی معاملات کو منظم کیا گیا۔ نیدرلینڈز کی سیاسی تاریخ میں اس آئین کو خاص اہمیت حاصل ہے، کیونکہ اس نے ملک کے آئینی نظام کی بنیاد مضبوط کرنے اور مستقبل میں جمہوری طرزِ حکمرانی کی تشکیل کیلئے اہم کردار ادا کیا۔
یوکرین کی آزادی
24اگست1991ء کو یوکرین نے سوویت یونین سے آزادی کا اعلان کیا۔آزادی کا اعلان ایک ایکٹ کے ذریعے کیا گیاجس کے بعدیوکرین نے خود کو ایک آزاد ریاست کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا۔یہ ایکٹ 19 اگست کو سوویت یونین میں بغاوت کی کوشش کے بعد اپنایا گیا تھا۔ یوکرینی ایس ایس آر کی سپریم سوویت (پارلیمنٹ) نے ایک خصوصی اجلاس میں ایکٹ آف ڈیکلریشن کو بھاری اکثریت سے منظور کیا۔360میں سے ایکٹ کے حق میں 321 اور مخالفت میں 2 ووٹ کاسٹ ہوئے اور 6 غیر حاضررہے۔
سٹرلنگ ہال دھماکہ
24 اگست 1970ء کو یونیورسٹی آف وسکونسن کے سٹرلنگ ہال میں ایک بم دھماکہ ہوا ۔یونیورسٹی میں دھماکہ اس لئے کیا گیا کیونکہ یہاں کے شعبہ تحقیق کا ویت نام جنگ میں امریکی فوج کے ساتھ مسلسل رابطہ تھا۔دھماکے میں یونیورسٹی کے فزکس کے ایک محقق پروفیسر کی موت ہو ئی جبکہ تین افراد شدید زخمی ہوئے۔حملہ آور یونیورسٹی کے شعبہ تحقیق برائے جنگی اسلحہ کو نشانہ بنانا چاہتے تھے ۔ دھماکے کی وجہ سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔
قرطبہ معاہدہ
قرطبہ معاہدے کے مطابق میکسیکو کی جنگ آزادی کے اختتام پر سپین سے میکسیکو کی آزادی کا اعلان کیا گیا۔ اس معاہدے پر 24 اگست 1821ء کو دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے میں 17 آرٹیکلز موجود ہیں۔ معاہدے پر بہت سے اعتراضات بھی اٹھائے گئے ۔ معاہدے میں موجود کچھ شرائط کو آج بھی تسلیم نہیں کیا جاتا۔
ہینن ائیر لائنز
چینی ایئر لائنز ہینن کی پرواز 8387 ایک اندرون ملک پرواز تھی ۔ 24 اگست 2010ء کی رات کو جہاز شدید دھند کی وجہ سے ہوائی اڈے کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔جہاز میں 99افراد سوار تھے جس میں سے 44افراد جان بحق جبکہ دیگر شدید زخمی ہوئے۔جون 2012ء میں جاری ہونے والی تحقیقاتی رپورٹ نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ پرواز کا عملہ دھندمیں آپریشنز کیلئے حفاظتی طریقہ کار کا مشاہدہ کرنے میں ناکام رہا اور اسی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔