ال نینو:بدلتا مون سون اور سیلابی خطرات
اسپیشل فیچر
مون سون کی حالیہ بارشوں نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے خطرات ایک بار پھر نمایاں کر دیئے ہیں۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارش کے بعد نشیبی علاقے زیرآب آئے، نالے بپھر گئے اور گھروں میں پانی داخل ہوا۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارش، شہری سیلاب اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ رہا، جبکہ سندھ کے کئی شہروں میں بھی اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔ پاکستان اب قابلِ پیش گوئی مون سون کے بجائے موسم کی شدت اور بے یقینی کا سامنا کررہا ہے۔ کہیں مختصر وقت میں شدید بارشیں ہوتی ہیں، کہیں طویل خشک وقفے آتے ہیں۔ یہی بدلتا موسمی رجحان پاکستان کیلئے اصل چیلنج ہے۔
ال نینو کو صرف خشک سالی کی علامت سمجھنا درست نہیں۔ یہ عالمی موسمی نظام میں خلل ڈالنے والا اہم عنصر ہے۔ عالمی موسمیاتی تنظیم کے مطابق 2026 ء میں استوائی بحرالکاہل کے پانی غیر معمولی طور پر گرم ہونے سے '' ال نینو‘‘ کے امکانات بڑھے، جس کے نتیجے میں عالمی درجہ حرارت اور شدید موسمی واقعات میں اضافے کا خدشہ پیدا ہوا۔ پاکستان کیلئے یہ صورتحال اس لیے اہم ہے کہ مون سون ملک کے آبی، زرعی اور معاشی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔
مون سون بارشیں دریائوں، ڈیموں، زیر زمین پانی اور زرعی زمینوں کو پانی فراہم کرتی ہیں۔ اگر مون سون کے دن کم ہوجائیں لیکن بارش چند گھنٹوں میں انتہائی شدت سے برسنے لگے تو مجموعی بارش کم ہونے کے باوجود تباہی کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ رواں مون سون میں راولپنڈی اور اسلام آباد اس خطرے کی واضح مثال بن کر سامنے آئے۔17 اگست کو شدید بارش کے باعث جڑواں شہروں کے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوا، سڑکیں زیرآب آئیں اور برساتی نالوں میں طغیانی سے شہری زندگی متاثر ہوئی۔ پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی شدید بارشوں کے باعث شہری سیلاب کا خطرہ رہا۔ لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد سمیت مختلف شہروں کے نشیبی علاقوں کو خطرات سے آگاہ کیا گیا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔ سندھ بھی بدلتے موسمی نظام سے محفوظ نہیں۔ رواں مون سون میں حیدرآباد، سکھر، شہید بینظیرآباد، میرپورخاص، عمرکوٹ اور بدین سمیت مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ پیدا ہوا۔ اس صورتحال نے واضح کردیا کہ موسمیاتی خطرات اب کسی ایک صوبے یا علاقے تک محدود نہیں رہے۔
بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان بیک وقت سیلاب اور خشک سالی دونوں خطرات سے نمٹنے کیلئے تیار ہے؟ بعض علاقوں میں پانی کی قلت، خشک سالی اور گرمی فصلوں کو متاثر کرسکتی ہے، جبکہ دوسرے علاقوں میں شدید بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ تباہی مچا سکتی ہے۔ موسمیاتی تبدیلی نے دونوں خطرات کو بیک وقت ممکن بنا دیا ہے۔ سب سے زیادہ دبائو زراعت پر پڑتا ہے۔ کسان کیلئے بارش کا وقت اس کی مقدار جتنا ہی اہم ہے۔ بارش دیر سے ہو تو بوائی متاثر ہوتی ہے، زیادہ شدت سے ہو تو کھڑی فصلیں تباہ ہوجاتی ہیں جبکہ شدید گرمی پیداوار کم کرسکتی ہے۔ خشک وقفہ طویل ہونے کی صورت میں زیرِ زمین پانی پر انحصار بڑھتا ہے، جس سے اخراجات اور پانی کی کمی میں اضافہ ہوتا ہے۔ پاکستان پہلے ہی موسمیاتی آفات کی بھاری قیمت ادا کرچکا ہے۔ پاکستان اکنامک سروے2025-26ء کے مطابق 2025 ء کے سیلاب سے 822 ارب روپے کے نقصانات ہوئے، ایک ہزار 39 سے زائد افراد جاں بحق، 40 لاکھ سے زیادہ بے گھر اور تقریباً65لاکھ متاثر ہوئے جبکہ زرعی شعبے کو 430 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔
اس پس منظر میں پاکستان کو پیشگی تیاری پر مبنی موسمیاتی حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئیوں کو کسانوں، شہریوں اور مقامی انتظامیہ تک بروقت پہنچانا ضروری ہے۔پانی کے بہتر انتظام پر بھی فوری توجہ درکار ہے۔ بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے، زیر زمین پانی ری چارج کرنے، چھوٹے ذخائر بنانے اور سیلابی پانی کو محفوظ مقامات تک منتقل کرنے کے منصوبے ضلعی سطح پر بنائے جائیں۔ بڑے شہروں میں برساتی پانی کی نکاسی بہتر بنانے کے ساتھ قدرتی نالوں پر تجاوزات کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔ زراعت کو موسمیاتی تبدیلی کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔ کسانوں کو خشک سالی اور گرمی برداشت کرنے والے بیج، جدید آبپاشی، فصلوں کی انشورنس اور موسمیاتی مشاورت فراہم کی جائے۔ انہیں فصل کے انتخاب کے ساتھ بوائی کے مناسب وقت، پانی کی ضرورت اور متوقع موسمی خطرات سے بھی آگاہ کیا جائے۔
شدید گرمی، بارش، سیلاب اور بیماریوں کو الگ الگ نہیں بلکہ ایک مربوط موسمیاتی چیلنج کے طور پر دیکھنا ہوگا۔ محکمہ موسمیات، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز، آبپاشی، زراعت، بلدیاتی اداروں اور محکمہ صحت کے درمیان بہتر رابطہ وقت کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں اداروں کی کمی نہیں، اصل ضرورت بروقت معلومات، مشترکہ منصوبہ بندی اور فوری کارروائی کی ہے۔
''ال نینو‘‘ کا آغاز بحرالکاہل میں ہوتا ہے، لیکن اس کے اثرات پاکستان کے کھیتوں، شہروں اور گھروں تک پہنچ سکتے ہیں۔ پنجاب، سندھ اور خصوصاً راولپنڈی اسلام آباد میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال نے واضح کردیا ہے کہ پاکستان کا اصل مسئلہ صرف کم یا زیادہ بارش نہیں بلکہ بارشوں کی بڑھتی ہوئی غیر یقینی اور شدت ہے۔ موسمیاتی پالیسی کو اب ہنگامی ردعمل سے آگے بڑھانا ہوگا۔ پاکستان کو ایسے مستقبل کیلئے تیار ہونا ہوگا جہاں شدید بارش، اچانک سیلاب، طویل خشک وقفے اور بڑھتی ہوئی گرمی ایک ہی موسم میں مختلف علاقوں کو متاثر کرسکتی ہے۔ ''ال نینو‘‘ محض بحرالکاہل کا موسمی واقعہ نہیں، پاکستان کیلئے بدلتے موسم کے ساتھ بدلتی پالیسی کی واضح وارننگ ہے۔