آج کا دن
اسپیشل فیچر
اناطولیہ میں زلزلہ
شمالی اناطولیہ میں 17 اگست 1668 ء کوخوفناک زلزلے نے تباہی مچائی جس کی شدت 7.8 سے 8.0 تک ریکارڈ کی گئی۔ تقریباً8ہزار افراد ہلاک ہوئے۔ یہ اس وقت تک ترکی میں ریکارڈ کئے جانے والا سب سے طاقتور زلزلہ تھا۔شمالی اناطولیہ دو ٹیکٹونک پلیٹوں کے درمیان واقع ہے،یہی وجہ ہے کہ یہاں اکثر زلزلوں کے جھٹکے محسوس کئے جاتے ہیں۔
انڈونیشیا کی آزادی کا اعلان
دوسری جنگ عظیم کے اختتام پر 15 اگست 1945ء کو جاپان نے غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کا اعلان کیا۔ جاپانی قبضے کے خاتمے اور ڈچ نوآبادیاتی حکومت کی عدم موجودگی نے ایک سیاسی خلا پیدا کیا جسے انڈونیشی قوم پرست قیادت نے آزادی کے اعلان کیلئے تاریخی موقع سمجھا۔ سوئیکارنو اور محمد حتّا نے ایک سادہ سی تقریب میں انڈونیشیا کی آزادی کا اعلان کیا۔
آپریشن ہائیڈرا
17اگست1943ء کی رات کو رائل ائیر فورس کی جانب سے جرمن سائنسی تحقیقی مرکز پر حملہ کیا گیا ۔ اس حملے کو ''آپریشن ہائیڈرا‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، جس میں جرمنی کے دوراکٹ سائنسدان ہلاک ہوئے جو ایک خصوصی راکٹ پروگرام پر کام کر رہے تھے۔ان دونوں کی ہلاکت کی وجہ سے راکٹ پروگرام میں دو سال کی تاخیر ہوئی۔
ریگنز برگ مشن
دوسری عالمی جنگ کے دوران 17 اگست 1943ء کو امریکی فوج کی جانب سے ایک بھرپور فصائی حملہ کیا گیا۔اس مشن کو ''ڈبل سٹرائیک مشن ‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔یہ امریکی مشن ان چند حملوں میں سے ایک تھا جس میں مشن پر جانے والی افواج نے پہلی کارروائی پوری کرنے کے بعد واپس آنے سے قبل دوسرے ہدف کو بھی نشانہ بنایا۔
سٹریتھ فیلڈ قتل عام
17اگست1991ء کو سڈنی ، آسٹریلیا ، فیلڈ سٹریتھ میں ایک شاپنگ مال میں فائرنگ کا ہنگامہ خیز واقع پیش آیا۔ فائرنگ فرینکم نامی شخص کی جانب سے کی گئی جس نے پولیس کے موقع پر پہنچنے سے قبل خودکشی کر لی۔اس واقعہ میں8افراد ہلاک جبکہ 6زخمی ہوئے۔ فرینکم کے گھر سے پر تشدد لٹریچر اور فلموں کی کاپیاں بھی ملیں۔
مائیکل فیلپس کا تاریخی ریکارڈ
2008ء میں ہونے والی بیجنگ اولمپکس میں امریکی تیراک مائیکل فیلپس نے 17 اگست کو آٹھ سونے کے تمغے جیت کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا، جو آج تک اولمپک تاریخ کا یادگار لمحہ سمجھا جاتا ہے۔اس سے قبل 1972ء کے میونخ اولمپکس میں مارک اسپِٹز نے تیراکی میں سب سے زیادہ سات طلائی تمغے جیتنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا جو 36 برس تک ناقابلِ شکست رہا۔
لیونسکی سکینڈل
1998ء میں آج کے روز امریکی صدر بل کلنٹن نے ریکارڈ شدہ بیان میں وائٹ ہاؤس کی انٹرن مونیکا لیونسکی کے ساتھ جسمانی تعلق کا اعتراف کیا۔ انہوں نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ انہوں نے اس تعلق کے بارے میں لوگوں کو گمراہ کیا تھا۔یہ اسکینڈل امریکی سیاست میں ایک بڑا تنازع بن گیا اور صدر کلنٹن کے خلاف مواخذے کی کارروائی کی بنیاد بنا۔