دنیا بدل دینے والے ریکارڈ ساز بچے
اسپیشل فیچر
12 اگست کو عالمی یومِ نوجوانان منایا جاتا ہے۔ یہ دن نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور بالخصوص ان نوجوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے مخصوص ہے جو تبدیلی کی قیادت کر رہے ہیں اور ایک بہتر مستقبل کی تشکیل میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔گنیز ورلڈ ریکارڈز ایسے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی کامیابیوں کو سراہنے میں خوشی محسوس کرتے ہیں جو یہ ثابت کرتے ہیں کہ عظمت اور کامیابی کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔ یہاں ایسے ہی چند حوصلہ افزا اور متاثر کن مثالیں پیش کی جا رہی ہیں۔
انسانی کیلکولیٹر
بھارتی ریاست مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے 15 سالہ آریان شکلا نے اپنی غیر معمولی ریاضی کی صلاحیتوں سے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ انہوں نے ذہنی حساب کتاب میں کئی عالمی ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں۔ آریان اتنی تیزی سے ذہنی حساب کر سکتے ہیں کہ شاید کیلکولیٹر میں اعداد ٹائپ کرنے میں بھی اس سے زیادہ وقت لگ جائے۔
آریان کے نام 50 پانچ ہندسوں والے نمبروں کو ذہنی طور پر جمع کرنے کا تیز ترین عالمی ریکارڈ ہے، جس کیلئے انہوں نے محض 25.19 سیکنڈ کا وقت لیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے 100 چار ہندسوں والے نمبروں کو ذہنی طور پر جمع کرنے کا تیز ترین ریکارڈ بھی قائم کیا، جس کیلئے صرف 30.9 سیکنڈ درکار ہوئے۔آریان گلوبل مینٹل کیلکولیٹرز ایسوسی ایشن (GMCA) کے بانی بورڈ اراکین میں شامل ہیں۔
ٹائم میگزین کی کم عمر ترین شخصیت
امریکی ریاست کولوراڈو سے تعلق رکھنے والی گیتانجلی راؤ نے صرف 10 سال کی عمر میں ایک ایسا چھوٹا سا آلہ تیار کرنا شروع کیا جس کا نام ''ٹیتھس‘‘ (Tethys) رکھا گیا۔ یہ آلہ پانی میں سیسے کی موجودگی کا پتا لگا سکتا ہے، جو انسانی صحت کیلئے نقصان دہ ہے۔گیتانجلی کی ایک اور قابلِ ذکر ایجاد ''کائنڈلی‘‘ (Kindly) ہے، جو ایک کمپیوٹر ٹیکنالوجی ہے اور سائبربُلنگ یعنی انٹرنیٹ پر دوسروں کو ہراساں کرنے یا دھمکانے کے واقعات کی روک تھام میں مدد دیتی ہے۔ کم عمری میں متعدد نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے پر گیتانجلی راؤ نے ٹائم میگزین کی ''کڈ آف دی ایئر‘‘ بننے والی پہلی شخصیت کا اعزاز حاصل کیا۔
کم عمر فیشن ڈیزائنر
18 نومبر 2023ء کو امریکی ریاست کولوراڈو کے شہر ڈینور سے تعلق رکھنے والے میکس الیگزینڈر نے صرف 7 سال اور 266 دن کی عمر میں دنیا کے کم عمر ترین رَن وے شو ڈیزائنر کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ انہیں ڈینور فیشن ویک میں اپنے ملبوسات پیش کرنے کا موقع ملا۔
کم عمر ترین ایم بی ای اعزاز یافتہ بچی
برطانیہ کے علاقے ڈورسیٹ سے تعلق رکھنے والی کارمیلا چِلری واٹسن نے صرف 11 سال اور 78 دن کی عمر میں MBE کا اعزاز حاصل کرکے تاریخ رقم کی۔ وہ برطانوی سلطنت کے انتہائی ممتاز ترین اعزاز(Member of the Most Excellent Order of the British Empire)حاصل کرنے والی کم عمر ترین شخصیت بن گئیں۔ یہ ایک باوقار شاہی اعزاز ہے جو بادشاہ کی جانب سے دنیا کیلئے غیر معمولی خدمات انجام دینے والوں کو دیا جاتا ہے۔کارمیلا نے '' LMNA congenital muscular dystrophy‘‘ نامی پٹھوں کو کمزور کرنے والی بیماری کی تشخیص ہوئی۔ اس کے باوجود انہوں نے مختلف فلاحی سرگرمیوں اور فنڈ ریزنگ منصوبوں کے ذریعے اب تک 36 ہزار پاؤنڈ سے زائد رقم خیراتی اداروں کیلئے جمع کی ہے۔