آج کا دن
اسپیشل فیچر
میکسیکو زلزلہ
19ستمبر1985ء کو میکسیکو شہر میں شدید زلزلہ آیا جس کی شدت8.0ریکارڈ کی گئی۔زلزلے نے گریٹر میکسیکو شہر کے علاقے کو شدید نقصان پہنچایا، تقریباً5ہزار افراد لقمہ اجمل بنے۔ بعدازاں دو بڑے آفٹر شاکس بھی محسوس کئے گئے۔دونوں آفٹر شاکس کی شدت بھی 7.0 اور 7.5 ریکارڈ کی گئی ۔ اس واقعے میں تین سے چار بلین امریکی ڈالر کے درمیان نقصان ہوا، 412 عمارتیں گر گئیں اور ہزاروں افراد کا جانی و مالی نقصان ہوا۔
پیرس کا محاصرہ
1870ء میں فرانکوپروشیائی جنگ کے دوران 19ستمبر کو پیرس کا محاصرہ شروع ہوا۔ فرانسیسی دارالحکومت پیرس نے دشمن کی افواج کے شدید دباؤ اور مسلسل حملوں کے باوجود تقریباً چار ماہ تک مزاحمت جاری رکھی۔ شہر کے باشندوں اور دفاعی دستوں نے مشکل حالات میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا، تاہم طویل محاصرے، خوراک اور دیگر ضروری اشیا کی قلت نے حالات انتہائی دشوار بنا دیے۔ بالآخر چار ماہ سے زائد عرصے تک مزاحمت کے بعد پیرس کو دشمن کے سامنے ہتھیار ڈالنا پڑے۔
یو ٹی اے پرواز 772 کا سانحہ
19ستمبر 1989ء کو فرانسیسی فضائی کمپنی یو ٹی اے کی پرواز 772 نائجر کے صحرائے تنورو کے اوپر محوِ پرواز تھی کہ اچانک ایک بم دھماکے کے نتیجے میں طیارہ فضا میں تباہ ہوگیا۔ طیارے میں سوار تمام 170 مسافر اور عملے کے ارکان جاں بحق ہوگئے۔ یہ واقعہ ہوا بازی کی تاریخ کے المناک ترین سانحات میں شمار ہوتا ہے۔ حادثے کے بعد تحقیقات میں بم دھماکے کو طیارے کی تباہی کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا۔
ماسکو معاہدہ
19 ستمبر 1944ء کو فن لینڈ اور سوویت یونین کے درمیان ماسکو جنگ بندی معاہدے پر دستخط ہوئے، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان جاری جنگ کا باضابطہ خاتمہ ہوگیا۔ یہ معاہدہ دوسری جنگ عظیم کے دوران فن لینڈ اور سوویت یونین کے مابین ہونے والی جنگ کے اختتام کا باعث بنا۔ معاہدے کے تحت فن لینڈ نے سوویت یونین کے ساتھ جنگ بندی قبول کی اور اپنے فوجی اقدامات روک دیے۔ یوں ایک طویل اور تباہ کن تنازع اختتام پذیر ہوا اور خطے میں امن کی نئی صورتِ حال پیدا ہوئی۔
آتش فشاں کا خوفناک دھماکا
جزیرے لا پالما پر واقع کومبرے ویئیخا آتش فشاں 19 ستمبر 2021ء کو پھٹ پڑا۔ اس کے نتیجے میں لاوا، راکھ اور آتش فشانی مواد بڑی مقدار میں خارج ہوا، جس سے علاقے میں شدید تباہی پھیلی اور ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا۔ آتش فشاں تقریباً تین ماہ تک سرگرم رہا اور بالآخر 13 دسمبر 2021ء کو اس کا اخراج رک گیا۔ یہ لا پالما کی تاریخ کے اہم ترین آتش فشانی واقعات میں شمار ہوتا ہے۔
تھائی لینڈبغاوت
19 ستمبر 2006ء کو تھائی لینڈ کی فوج نے حکومت کے خلاف اچانک بغاوت کرتے ہوئے اقتدار سنبھال لیا۔ فوج نے ملک کا آئین منسوخ کردیا اور مارشل لا نافذ کردیا۔ اس کارروائی کے دوران وزیراعظم تھاکسن شیناواترا بیرونِ ملک تھے۔ فوج نے حکومت کا تختہ الٹ کر سیاسی نظام کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔ یہ واقعہ تھائی لینڈ کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم موڑ ثابت ہوا اور ملک میں جمہوری نظام کو شدید دھچکا پہنچا۔