آج کا دن
اسپیشل فیچر
نامعلوم سپاہی کا مقبرہ
11 نومبر 1921ء کو امریکی صدر وارن جی ہارڈنگ نے واشنگٹن ڈی سی میں واقع آرلنگٹن نیشنل قبرستان میں نامعلوم امریکی سپاہی کے مقبرے کی رسمِ افتتاح انجام دی۔ یہ سپاہی پہلی عالمی جنگ میں شہید ہوا تھا مگر اس کی شناخت معلوم نہ ہو سکی تھی۔ اس مقبرے کا مقصد اُن تمام گمنام فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا جنہوں نے ملک کے لیے جانیں قربان کیں لیکن جنہیں پہچانا نہ جا سکا۔ یہ روایت بعد میں کئی دیگر ممالک نے بھی اپنائی جیسے برطانیہ، فرانس اور کینیڈا۔ آج بھی ہر سال 11 نومبر کو اس مقام پر فوجی تقریب منعقد کی جاتی ہے ۔
پہلی عالمی جنگ کا اختتام
11 نومبر 1918ء کو صبح پانچ بجے جرمنی اور اتحادی طاقتوں کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا جس نے پہلی عالمی جنگ کا اختتام ہوا۔ اس معاہدہ پر فرانس کے کامپیاں جنگل میں ایک ریلوے ڈبے میں دستخط کئے گئے۔ چھ گھنٹے بعد یعنی صبح 11 بجے تمام محاذوں پر جنگی کارروائیاں باضابطہ طور پر بند کر دی گئیں۔ یہ لمحہ تاریخ میں گیارہویں مہینے کے گیارہویں دن کے گیارہویں گھنٹے کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔پہلی عالمی جنگ کے دوران تقریباً ایک کروڑ فوجی اور لاکھوں شہری ہلاک ہوئے۔ بعد ازاں، کئی ممالک نے 11 نومبر کو یادگار کے طور پر منانا شروع کیا ۔ امریکہ میں اسے Veterans Dayاور برطانیہ و کامن ویلتھ ممالک میں Remembrance Day کہا جاتا ہے۔
بحیرہ ترانتو کی جنگ
11 نومبر 1940ء کی رات برطانوی بحریہ نے اٹلی کے شہرTaranto کی بندرگاہ میں اطالوی بحری بیڑے پر تاریخی فضائی حملہ کیا۔ ایئرکرافٹ کیرئیرHMS Illustrious سے اڑنے والے تارپیڈو طیاروں نے رات کے اندھیرے میں اطالوی جنگی جہازوں کو نشانہ بنایا۔ یہ دنیا کی تاریخ کا پہلا مکمل فضائی بحری حملہ تھا جس نے یہ ثابت کیا کہ ہوائی جہاز سمندری جنگوں میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس واقعے نے نہ صرف بحیرہ روم میں اتحادی افواج کو برتری دلائی بلکہ جاپان کے بحری حکمتِ عملی سازوں کو بھی متاثر کیا جنہوں نے بعد میں 1941 میں پرل ہاربر پر اسی طرز کا حملہ کیا۔
روڈییشیا کا یکطرفہ اعلانِ آزادی
11 نومبر 1965ء کو افریقی علاقے سدرن روڈییشیا ، جو آج کا زمبابوے ہے، کے وزیرِ اعظم ایان سمتھ نے برطانیہ سے یکطرفہ طور پر آزادی کا اعلان کیا۔ برطانیہ نے اسے غیر قانونی قرار دیا ۔ روڈییشیا میں اُس وقت سفید فام اقلیت حکومت کر رہی تھی جو افریقی اکثریت کو اقتدار سے دور رکھنا چاہتی تھی۔ یہ اعلان دراصل اس نسلی برتری کے نظام کو بچانے کی کوشش تھی۔ اس کے بعد افریقی قوم پرست تحریکیں مزید مضبوط ہوئیں، جنہوں نے آزادی کی طویل جدوجہد کے بعد 1980ء میں زمبابوے کے قیام کی راہ ہموار کی۔
یاسر عرفات کا انتقال
11 نومبر 2004ء کو فلسطینی سیاست اور مشرق وسطیٰ کی تاریخ کا ایک اہم باب اس وقت اختتام پذیر ہوا جب فلسطینی رہنما یاسر عرفات پیرس کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئے۔ 1960ء کی دہائی میں وہ الفتح کے ذریعے فلسطینی تحریک میں نمایاں ہوئے اور 1969ء میں فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کے چیئرمین بن گئے۔1993ء میں اسرائیل اور فلسطین کے درمیان اوسلو معاہدے کے بعد مشرق وسطیٰ میں امن کی کوششوں نے ایک نئی سمت اختیار کی۔ اس عمل میں یاسر عرفات نے اسرائیلی رہنماؤں شمعون پیریز اور اسحاق رابین کے ساتھ اہم کردار ادا کیا۔ 1994ء میں ان تینوں رہنماؤں کو مشترکہ طور پر نوبیل امن انعام دیا گیا۔ 11 نومبر 2004ء کو ان کی وفات نے فلسطینی سیاست میں ایک بڑا خلا پیدا کیا۔